Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

امریکہ: چین کے لیو جیاکن نے سالانہ پریٹزکر آرکیٹیکچرانعام حاصل کیا

Updated: March 05, 2025, 1:55 PM IST | Washington

واشنگٹن میں سالانہ پریٹزکر آرکیٹیکچرانعام کا اعلان ہوا ، جو چین کے لیو جیاکن کو دیا گیا۔ یہ اعزاز انہیں عام شہریوں کی زندگی کو بہتر بنانے والے فن تعمیر کیلئے دیا گیا۔

Winners of the annual Pritzker Architecture Prize. Photo X
سالانہ پریٹزکر آرکیٹیکچرانعام کے فاتح لیو جیاکن ۔ تصویرایکس

واشنگٹن میں سالانہ پریٹزکر آرکیٹیکچرانعام کا اعلان ہوا ، جو چین کے لیو جیاکن کو دیا گیا۔ یہ اعزاز انہیں عام شہریوں کی زندگی کو بہتر بنانے والے فن تعمیر کیلئے دیا گیا۔لیو،جو چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان کے شہر چینگدو میں مقیم ہیں، کہتے ہیں کہ ان کے فن تعمیر کا مقصد ’’ایک خوبصورت، منصفانہ اور باوقار رہائشی ماحول بنانا ہے‘‘، اور وہ تجارتی ضروریات کو عوامی انسانی ضروریات کے ساتھ متوازن کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: سربیا: پارلیمنٹ میں ہنگامہ، ممبران نے دھوئیں کے دستی بم پھینکے

پریٹزکر تنظیم ارکان نے ایک بیان میں کہا کہ لیو ثقافتی، تاریخی، جذباتی اور سماجی پہلوؤں کو ہم آہنگ کرکے فن تعمیر کے ذریعے کمیونٹی کو مضبوط بناتے ہیں، ہمدردی کو ابھارتے ہیں اور انسانی روح کو بلند کرتے ہیں۔‘‘بیان میں کہا گیا کہ لیو گنجان آباد شہروں میں عوامی جگہیں بنانے کیلئے مشہور ہیں جہاں عوامی جگہیں کم ہیں، اور وہ گنجان اور کھلی جگہ کے درمیان مثبت تعلق قائم کرتے ہیں۔تنظیم کاروں نے ان کے چینگدو میں واقع ’’ویسٹ ویلیج‘‘ کا حوالہ دیا، جو۲۰۱۵ء میں بنایا گیا ایک پانچ منزلہ منصوبہ ہے جو ایک بلاک پر محیط ہے۔ اس میں سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کیلئے راستے بنائے گئے ہیں، جس کے اندر ثقافتی، کھیل، تفریحی، دفتری اور کاروباری سرگرمیوں کا ایک متحرک شہر موجود ہے، جبکہ عوام کو ارد گرد کے قدرتی اور تعمیر شدہ ماحول مہیا کرایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سعودی عرب : تبوک میں اسمارٹ اور ماحول دوست مسجد کا افتتاح

اتوار کو چینگدو میں اپنے دفتر میں ایک انٹرویو کے دوران، لیو نے کہا کہ وہ ان آرکیٹیکٹس میں سے نہیں ہیں جوروائتی انداز کو پسند کرتے ہیں۔ بلکہ، انہوں نے کہا کہ وہ طریقہ کار اور حکمت عملی پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا، ’’آج کل شہروں کی تیز رفتار ترقی بنیادی طور پر سرمایہ کی وجہ سے ہو رہی ہے۔ سرمایہ کا فائدہ کمانا فطری بات ہے۔ لیکن عوام کو وہ جگہ دینی چاہیے جس کے وہ مستحق ہیں۔ صرف اسی طرح ایک شہر کی ترقی مثبت اور صحت مند ہو سکتی ہے، نہ کہ مکمل طور پر انتہائی گنجان بستی، جہاں لوگ درازوں اور ڈبوں میں رہتے ہیں.
لیو پریٹزکر آرکیٹیکچر پرائز کے۵۴؍ ویں فاتح ہیں، جو۱۹۷۹ء میں مرحوم کاروباری شخصیت جے اے پریٹزکر اور ان کی اہلیہ سنڈی نے قائم کیا تھا۔ فاتحین کو ایک لاکھ ڈالرکی رقم  اور ایک کانسے کا تمغہ دیا جاتا ہے۔ جب لیو سے اعزاز کا ان کی زندگی پراثر انداز ہونے  کے تعلق سے پوچھا گیا تو لیو نے کہا کہ ’’ میں نے اس کے بارے میں سوچا ہے۔ لیکن میں معمول برقرار رکھنا چاہتا ہوں۔ میں ہر چیز کے بارے میں پریشان نہیں ہونا چاہتا۔ یقیناً، اس کے اپنے فوائد ہیں۔ مجھے یقیناً اپنی تشہیر زیادہ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ لیکن کیا یہ مجھے کام میں بہتر بنا دے گا؟ ضروری نہیں۔ ضرورت سے زیادہ توقعات دباؤ کا باعث بن سکتی ہیں۔ مجھے امید ہے کہ میں معمول اور آزادی کے ساتھ پرسکون رہ سکوں گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK