امریکی کانگریس کے رکن ایمر غزہ جنگ کے دوران اسرائیل کی حمایت میں آواز اٹھاتے رہے ہیں اور باقاعدگی سے کہتے رہے ہیں کہ فلسطینی علاقے میں شہریوں کی ہلاکتوں کی بلند شرح کیلئے حماس ذمہ دار ہے، اسرائیل نہیں۔
EPAPER
Updated: April 24, 2025, 4:19 PM IST | Inquilab News Network | Tel Aviv
امریکی کانگریس کے رکن ایمر غزہ جنگ کے دوران اسرائیل کی حمایت میں آواز اٹھاتے رہے ہیں اور باقاعدگی سے کہتے رہے ہیں کہ فلسطینی علاقے میں شہریوں کی ہلاکتوں کی بلند شرح کیلئے حماس ذمہ دار ہے، اسرائیل نہیں۔
انتہائی دائیں بازو کے اسرائیلی وزیر ایتامار بین گویر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کے اعلیٰ ریپبلکن قانون ساز غزہ میں "خوراک اور امدادی مراکز" پر اسرائیلی بمباری کی حمایت کرتے ہیں۔ بدھ کو ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں گویر نے یہ دعویٰ کیا۔ اسرائیلی قومی سلامتی کے وزیر نے کہا کہ انہوں نے فلوریڈا، امریکہ میں "صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مار-اے-لاگو اسٹیٹ میں سینئر ریپبلکن پارٹی کے حکام" سے ملاقات کی تھی۔ امریکی صدر اپنے عوامی شیڈول کے مطابق اس تقریب میں موجود نہیں تھے۔
گویر نے ایکس پر ایک عبرانی پوسٹ میں لکھا، "انہوں نے غزہ میں کارروائی کے متعلق میرے واضح موقف کی حمایت کی کہ خوراک اور امدادی مراکز پر بمباری کرنی چاہئے تاکہ ہمارے یرغمالیوں کو بحفاظت واپس لانے کیلئے فوجی اور سیاسی دباؤ بنایا جا سکے"۔ بین گویر کی پوسٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کون سے ریپبلکن موجود تھے۔ تاہم، بین گویر کے دفتر نے اسرائیلی میڈیا کو بتایا کہ ریپبلکن کانگریس کے رکن ٹام ایمر، جو ایوان نمائندگان میں تیسرے سب سے اعلیٰ عہدیدار تسلیم کئے جاتے ہیں، وہاں موجود قانون سازوں میں شامل تھے۔
یہ بھی پڑھئے: ییل میں اسرائیلی وزیر بن گویر کے دورے سے قبل فلسطین حامی مظاہرین کا احتجاجی کیمپ
ٹائمز آف اسرائیل اور جیوش نیوز سنڈیکیٹ جیسے نیوز آؤٹ لیٹس نے بین گویر کے دفتر کے حوالے سے ایمر کی موجودگی کی اطلاع دی جس کی تصدیق تقریب کی ویڈیو سے بھی ہوگئی۔ واضح رہے کہ ایمر غزہ جنگ کے دوران اسرائیل کی حمایت میں امریکی کانگریس کی ایک اہم آواز رہے ہیں اور باقاعدگی سے کہتے رہے ہیں کہ فلسطینی علاقے میں شہریوں کی ہلاکتوں کی بلند شرح کیلئے حماس ذمہ دار ہے، اسرائیل نہیں۔ ایمر کے ترجمان نے مار-اے-لاگو کے دورے اور اس بات کے بارے میں کہ آیا کانگریس مین خوراک اور امدادی مقامات پر حملوں کے بارے میں بین گویر کے موقف کی حمایت کرتے ہیں، کے حوالے سے الجزیرہ کے تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
واضح رہے کہ بین گویر غزہ پر اسرائیلی کارروائیوں میں شدت لانے اور حملوں میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے غزہ کی دوبارہ آبادکاری کی حمایت کی ہے اور ٹرمپ کے فلسطینی علاقے کے رہائشیوں کو زبردستی بے دخل کرنے کے منصوبے کی پرجوش تائید کی ہے۔ انہوں نے جنوری میں عارضی جنگ بندی کے معاہدے کی مخالفت میں اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو کی حکومت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔