Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکی فضائیہ کا یمن میں تیل بندرگاہ پر خطرناک فضائی حملہ، ۷۴؍ جاں بحق

Updated: April 19, 2025, 1:07 PM IST | Agency | Sana`a

راس عیسیٰ بندرگاہ پر حوثی باغیوں کے اڈوں کو نشانہ بنایا گیا، کم از کم ۱۷۰؍ سے زائد زخمی، حوثی جنگجوؤں کا دعویٰ :’’اس حملے میں عام ملازمین مارے گئے ہیں۔‘‘

Scene of the US airstrike on the port of Ras Issa, Yemen. Photo: INN
یمن کی راس عیسیٰ بندرگاہ پرامریکی فضائی حملے کا منظر۔ تصویر: آئی این این

 امریکی فضائیہ نے یمن میں تیل بندرگاہ پر بڑا حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ۷۴؍افراد جاں بحق ہو گئے اور سیکڑوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکی فضائیہ نے جمعرات کی شب راس عیسیٰ کی تیل بردار بندرگاہ پر فضائی حملہ کیا جس میں کم از کم ۷۴؍افراد ہلاک اورکم ازکم ۱۷۰؍ سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ حوثی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق امریکی جارحیت کے نتیجے میں راس عیسیٰ بندرگاہ پر جو جاں بحق ہوئے ہیں وہ سبھی وہاں کے ملازمین تھے۔ ان کا حوثی تحریک سے کوئی لینا دینا نہیں تھا۔ اس طرح سے امریکہ عام شہریوں کی موت کا سبب بن رہا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:حماس کا جنگ کے خاتمے کا مطالبہ، عبوری جنگ بندی ٹھکرادی

امریکی سینٹرل کمانڈ کےایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ جمعرات کو امریکی افواج نے مغربی یمن میں واقع راس عیسیٰ میں تیل کی بندرگاہ پر حملہ کیا۔ حملے میں امریکی افواج نے حوثیوں کی ایندھن فراہمی منقطع کرنے کیلئے حملہ کیا۔ یہ حملہ حوثیوں کی ایندھن کی فراہمی اور مالی وسائل کو ختم کرنے کیلئے تھا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق اس کارروائی کا مقصد حوثیوں کو اقتصادی طور پر نشانہ بنانا ہے نہ کہ یمن کے عوام کو نقصان پہنچانا ہے۔ واضح رہے کہ یمن کے حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں پر روزانہ کی بنیاد پر امریکی فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ 
 اس سے قبل بھی امریکہ کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبے صنعا پر فضائی حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں ۵؍افراد شہید ہوگئے تھے۔ حوثی اکثریتی تنظیم کی طرف سے بتایا گیا ہےکہ امریکہ کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبے صنعا کے بنی مطر میں بھی ایک فیکٹری کو نشانہ بنایاہے۔ واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان ہونے والے تنازع اور اس میں یمن کے حوثیوں کے کردار کی وجہ سے امریکہ پہلے ہی اس ایران حمایت حافتہ تنظیم سے بوکھلایا ہوا ہے۔ اسی لئے وہ وقتاً فوقتاً یمن کے مختلف علاقوں میں حملہ کرتا رہتا ہے۔ اس کا دعویٰ ہے کہ تازہ حملے میں حوثیوں کی ایندھن فراہمی متاثر ہو گئی ہے۔ امکان ہے کہ حوثیوں کی جانب سے اس حملوں کا جواب دیا جائے اور امریکہ کے بجائے اس کے بغل بچہ اسرائیل یا اسکی تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے۔ اسی لئے امریکہ نے اسرائیل کو الرٹ کردیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK