لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہوتی جا رہی ہے۔ حکام نے احتیاط کے طور پر شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔ اداکارہ اور رقاصہ نورا فتحی نے لاس اینجلس میں لگی جنگل کی آگ کے درمیان اپنے دردناک تجربے کو ساجھا کرتے ہوئےا نکشاف کیا کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ انخلاء پر مجبور ہوئیں۔
لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ کی ہولناکی بیان کرتی یہ تصویر۔ تصویر: پی ٹی آئی
لاس اینجلس کے جنگلوں میں لگی آگ کا دائرہ وسیع تر ہوتا جا رہا ہے۔ حکام نے شہریوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اداکارہ اور رقاصہ نورا فتحی جو لاس اینجلس میں تھیں، اپنے تجربات کو انسٹاگرام پر ساجھا کیا۔انہوں نے اس خوفناک منظر کو غیر معمولی قرار دیا۔ انہوں نےلکھاکہ ’’ میں لاس اینجلس میں ہوں، جنگل کی آگ غیر معمولی ہے، میں نے کبھی ایسا منظر نہیں دیکھا، ہمیں ابھی پانچ منٹ پہلے انخلاء کا حکم ملا ہے۔ اس لیے میں نے جلدی سے اپنا سارا سامان باندھ لیا اور میں یہاں سے نکل رہی ہوں۔میری آج فلائٹ ہے اور مجھے واقعی امید ہے کہ میں اسے پکڑ سکوں گی۔شاید یہ منسوخ نہیں ہوگی، کیونکہ یہ بہت ہی خوفناک ہے۔‘‘ نورا کا یہ پیغام جنگل کی آگ سے ہونے والی تباہی کے درمیان آیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: تبت زلزلہ: ۳؍ہزار عمارتیں تباہ، ۳۰؍ہزار افراد متاثر
اس سے قبل، پریانکا چوپڑا نے قدرتی آفت سے متاثر ہونے والوں کیلئے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے پوسٹ کیا کہ ’’میری ہمدردی اس آگ سے متاثرہونے والوں کےساتھ ہے۔امید کرتی ہوں سب محفوظ ہوں گے۔‘‘ ساتھ ہی ایک ویڈیو بھی ساجھا کیا جو اس آگ کی ہولناکی کوبیان کر رہا ہے۔ پیسیفک پیلیسیڈس کے جنگلات میں لگی آگ نے لاس اینجلس کو تباہ کردیا ہے، جس نے لاتعداد رہائشیوں کو، بشمول جیمی لی کرٹس، مینڈی مور، اور پیرس ہلٹن جیسی مشہور شخصیات کو اپنے گھروں سے انخلاء پر مجبور کر دیا۔اس آگ میں کم از کم ۵؍ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں ۔ اس کے علاوہ تقریباً ۱۵۰۰؍ عمارتیں خاکستر ہو چکی ہیں۔اور ایک لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔آگ بجھانے کا عملہ اس تیزی سے پھیل رہی آگ پر قابو پانے کی جدو جہد میں مصروف ہے۔سمندر سے چلنے والی طوفانی ہواؤں کے سبب کیلیفورنیا کی کچھ مہنگی ترین عمارتوں کی جانب آگ کے شعلے تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
لاس اینجلس کاؤنٹی کے فائر چیف انتھونی مارون نے صورتحال کوتشویش ناک قرار دیا۔جمعرات کی صبح، ہالی ووڈ کی پہاڑیوں میں ایک تازہ آگ بھڑک اٹھی، جو مشہور مقامات جیسے کہ واک آف فیم اور گرومن کے چینی تھیٹر کے قریب ہے۔اس تاریخی ضلع کے کچھ علاقوں میں انخلاء کے احکامات جاری کئے گئے ہیں،تاہم آگ بجھانے والی ٹیمیں زمین اور فضا سے آگ بجھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔