• Sat, 11 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

اتر پردیش: اعظم گڑھ میں سائبرٹھگی کے بین الاقوامی گروہ کا پردہ فاش،۱۱؍ گرفتار

Updated: November 28, 2024, 4:32 PM IST | Lukhnow

اعظم گڑھ پولیس نے ۱۱؍سائبرٹھگوں کو گرفتار کیا جنہوں نےعوام کو ۱۹۰؍ کروڑ روپے کا دھوکہ دیا۔۲؍ کروڑ روپے منجمد کئے، گینگ سے منسلک ٹھگی کے ۷۱؍ ،معاملات سامنے آئے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

اعظم گڑھ پولیس نے منگل کو سائبر فراڈ کرنے والوں کے ایک بین الاقوامی گروہ کا پردہ فاش کیا جس نے لوگوں کو ۱۹۰؍کروڑ روپے کا دھوکہ دیا۔ اعظم گڑھ کے رائے پور علاقے میں پولیس نے ایک گھر سے ۱۱؍افراد کو گرفتار کیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمین کے کل ۱۶۹؍بینک کھاتوں کے تقریباً ۲؍ کروڑ روپے منجمد کر دیے گئے،اور ۳۵؍ لاکھ روپے مالیت کا ساز وسامان،۳؍لاکھ ۴۰؍ ہزار روپے نقد،۵۱؍موبائل فون، ۶؍لیپ ٹاپ، ۶۱؍اے ٹی ایم کارڈ، ۵۶؍بینک پاس بک، ۱۹؍سم کارڈ، سات چیک بک، تین آدھار کارڈ، اور ایک جیو فائبر راؤٹر برآمد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: صرف ۹؍مہینوں میں سائبر فراڈ میں ۱۱؍ ہزار ۳۳۳؍ کروڑ روپے کا نقصان ہوا: آئی ۴؍ سی

پولیس سپرنٹنڈنٹ، اعظم گڑھ، ہیمراج مینا نے بتایا کہ سائبر فراڈ میں ملوث گینگ کے ۱۱؍ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کی شناخت رام سنگھ، سندیپ یادو، وشالدیپ، اجے کمار پال، آکاش یادو، پنکج کمار پشن، پردیپ کشتریہ، وکاس یادو، آنندی کمار یادو، مرزا عمر بیگ، اور امیت گپتا،کے طور پر کی گئی ہے۔ ملزمان میں سے ۶؍کا تعلق اتر پردیش، ۲؍کا بہار، ۲؍کا اڈیشہ اور۱؍کا مدھیہ پردیش سے ہے۔ ان کے خلاف ملک کی مختلف ریاستوں میں سائبر فراڈ(این سی آر پی شکایت) کے کل ۷۱؍ معاملے درج ہیں۔
پولیس کے مطابق سائبر کرائم پولیس اسٹیشن اعظم گڑھ کے آن لائن ایپ پر شکایت موصول ہوئیں، مزید یہ کہ پولیس کو علاقے میں اس گینگ کے ارکان کی موجودگی کی اطلاع ملی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ (شہر) شیلیندر لال، اے ایس پی اننت چندر شیکھر، سرکل آفیسر سٹی گورو شرما اور سائبر پولیس اسٹیشن اعظم گڑھ کے انچارج انسپکٹر ومل پرکاش رائے اور سوات ٹیم کے انچارج انسپکٹر نند کمار تیواری کی قیادت میں ایک پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور ملزمان کو گرفتارکرلیا۔دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ اعظم گڑھ میں دو یونٹ چلا رہے تھے۔جس میں کل ۱۳؍ ارکان شامل تھے۔ اپنے طریقہ کار کے تعلق سے انہوں نے بتایا کہ وہ مختلف واٹس ایپ گروپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے متاثرین سے تحریری گفتگو ( چیٹ ) کرتے،اور بعد میں ان سے ممنوعہ بیٹنگ ایپس کے ذریعے اپنی رقم دوگنا یا تین گنا کرنے کو کہتے،ان میں سے کچھ لوگ ان کے جال میں آجاتے۔  

یہ بھی پڑھئے: گزشتہ چند برسوں میں ۵۰۰؍ روپے کے جعلی نوٹوں میں ۳۱۷؍ فیصد اضافہ: مرکز

پولیس نے بتایا کہ وہ ان ایپس کے مختلف گیمز میں سٹے بازی میں دلچسپی رکھنے والے لوگوں کی لاگ ان آئی ڈی بنا کر سائبر فراڈ کرتے تھے اور ان کی تمام رقم جعلی اکاؤنٹس اور جعلی موبائلز کے ذریعے منتقل کرتے تھے اور اس کے بعد ان کی آئی ڈی بلاک کردیتے تھے۔ اس منظم گینگ میں ہندوستان اور دیگر ممالک جیسے سری لنکا، یو اے ای کے ارکان بھی مختلف واٹس ایپ گروپس سے جڑے تھے اور رقم کا تبادلہ کرتے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK