Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

اترپردیش: نوراتری کے دوران مذہبی مقامات کے قریب گوشت کی فروخت ممنوع قرار

Updated: March 30, 2025, 8:00 PM IST | Lukhnow

اترپردیش حکومت نے نوراتری کے دوران مذہبی مقامات کے ۵۰۰؍ میٹر کے دائرے میں گوشت کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے، ساتھ ہی ریاست کی تمام گوشت کی دکانوں کو ۶؍ اپریل، رام نوامی کے دن بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

Yogi Adityanath: Photo: INN
یوگی آدتیہ ناتھ: تصویر: آئی این این

دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، اتر پردیش حکومت نے سنیچر کو ہندو تہوار نونراتری کے دوران مذہبی مقامات کے۵۰۰؍ میٹر کے دائرے میں گوشت کی فروخت پر پابندی لگا دی۔ یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت نے تمام گوشت کی دکانوں کو۶؍ اپریل، رام نوامی کے دن بند رکھنے کا بھی حکم دیا۔نو دن تک جاری رہنے والا تہوار نونراتری اتوار کو شروع ہوا اور۶؍ اپریل کو اختتام پذیر ہوگا۔دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق،ریاستی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کو اترپردیش میونسپل کارپوریشن ایکٹ، ۱۹۵۹ء اور فوڈ سیفٹی ایکٹس۲۰۰۶ء اور۲۰۱۱ء کے تحت سزا دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھئے: جموں کشمیر: پولیس نے یوم القدس کے موقع پر فلسطین حامی مظاہرین پر یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا

دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ضلعی سطح پر ضلعی مجسٹریٹ کی قیادت میں کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ اس حکم پر عملدرآمدکو یقینی بنایا جا سکے۔ ان کمیٹیوں میں پولیس، پولوشن کنٹرول بورڈ، مویشی پالنے کے محکمے، ٹرانسپورٹ محکمہ، لیبر محکمہ، صحت محکمہ اور فوڈ سیفٹی انتظامیہ کے اہلکار شامل ہیں۔ آدتیہ ناتھ نے شہری ترقی اور دیہی ترقی کے محکموں کو ہدایت کی کہ وہ نوراتری کے دوران مندروں کے ارد گرد صاف ماحول یقینی بنائیں۔ وزیر اعلی نے اس مقصدکیلئے اضافی صفائی کارکنوں کی تعیناتی کا بھی حکم دیا۔  اس کے علاوہ، انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ رام نوامی کے دن ریاست کے تمام اضلاع میں ہندو دیوتا رام کی مذہبی کتاب رام چرت مانس کا۲۴؍ گھنٹے پاٹھ کرنے کا اہتمام کیا جائے۔  
واضح رہے کہ ریاستی حکومت کی ہدایات سے پہلے ہی، وارانسی میونسپل کارپوریشن نے نوراتری کے دوران اپنی حدود میں آنے والی تمام گوشت، مچھلی اور مرغی کی دکانوں کو بند کرنے کا حکم دے دیا تھا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK