• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

واشی : ۲۲؍سالہ غلمان سالم انصاری نے سی اے امتحان میں ملکی سطح پر تیسرا رینک حاصل کیا

Updated: July 15, 2024, 2:32 PM IST | Saadat Khan | Navi Mumbai

نوی ممبئی کے اسی علاقے کی ۲۴؍ سالہ حفصہ عبدالوہاب دلوی نے بھی سی اے فائنل ایئرکا امتحان پاس کیا۔ دونوں کے والدین بے حد خوش۔

Ghilman Saalim Ansari. Photo: INN
غلمان سالم انصاری۔ تصویر : آئی این این

چارٹررڈ اکائونٹنٹ ( سی اے ) کے امسال مئی میں منعقدہ فائنل امتحان کارزلٹ گزشتہ روز جاری کیا گیا جس میں ملکی سطح پر دہلی کے شیوم مشرا نے۵۰۰؍ مارکس حاصل کر کے اوّل اور دہلی کی ورشا ارورہ نے۴۸۰ ؍ مارکس کے ساتھ دوسرا رینک حاصل کیا ہے۔ ممبئی کی کرن راجندرا سنگھ منرل اور نوی ممبئی کے غلمان سالم انصاری کو ۴۷۷؍ مارکس ملنے کی وجہ سےدونوں کو تیسرا رینک ملاہے۔ 
 نوی ممبئی کے علاقے واشی کے سیکٹر نمبر ۱۶؍ میں رہائش پزیر ۲۲؍ سالہ غلمان سالم انصاری نے ڈگری کالج کی ۳؍ سال کی پڑھائی کے دوران سی اے کے ۲؍ لیول امتحان بھی کلیئر کرلئے تھے۔ فائنل ائیر میں انہوں نے قومی سطح پر تیسرا رینک حاصل کر کے بڑا کارنامہ انجام دیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: مالیگائوں کے پہلوان ماموں بھانجے فہیم شیخ اورتوصیف شیخ محکمہ پولیس میں منتخب ہوئے

 ۲۲؍سال کی عمر میں سی اے کی پڑھائی مکمل کرنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں غلمان نے کہا کہ ’’ میں نے اسکول کے زمانے ہی میں سی اے بننے کا فیصلہ کرلیا تھا۔ اسی وجہ سے ایچ ایس سی پاس ہونے کےفوراً بعد میں نے سی اے کی باقاعدہ پڑھائی شروع کر دی تھی جس کی وجہ سے مجھے میرا مقصد حاصل کرنے میں کامیابی ملی۔ ڈگری کالج میں کامرس کی ریگولر پڑھائی کے ساتھ میں نے سی اے کی پڑھائی شروع کردی تھی جس کیلئے اضافی وقت درکار ہونے سے میں کالج کے لیکچر اٹینڈ نہیں کرتا تھا لیکن کالج کی پڑھائی پر میری پوری توجہ تھی۔ اس لئے ڈگری کالج کاامتحان بھی پاس کرتا گیا اور سی اے کی پڑھائی بھی جاری رہی۔ گھر پر روزانہ ۱۲؍ گھنٹے پڑھائی کرتاتھا۔ اس دوران کالج کے ساتھ سی اے کی پڑھائی کرتا تھا۔ ایک مقصد تھا جس کی وجہ سے دونوں پڑھائی ایک ساتھ کرنے میں آسانی ہوئی۔ میری کامیابی، پڑھائی سے میری دلچسپی کانتیجہ ہے۔ دوران پڑھائی، موبائل فون اور سوشل میڈیا پر وقت ضرورصرف کرتا تھا لیکن صرف اپنی ضرورت کے مطابق، وقت ضائع نہیں کرتا تھا۔ ‘‘
  سی اے کی پڑھائی کے دوران غلمان نے سی اے کی ٹریننگ کا بھی سلسلہ شروع کر دیا تھا۔ واشی کے گوکھلے اسوسی یٹس میں ۳؍ سالہ ٹریننگ جاری ہے جس میں سے ۲؍ سال کی ٹریننگ مکمل ہوچکی ہے۔ 
غلمان کے والد قیصر انصاری گوونڈی کی ایک کمپنی میں بحیثیت کمپنی سیکریٹری اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، والدہ خاتون خانہ ہیں۔ اپنے بیٹے کی اس شاندارکامیابی سے دونوں بے حدخوش ہیں ۔ 
 اسی طرح واشی ہی کے سیکٹر ۱۱؍ میں رہائش پزیر۲۴؍ سالہ حفصہ عبدالوہاب دلوی نے بھی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ (سی اے ) کے فائنل ایئر میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے بائیکلہ کے گلوریا انگلش ہائی اسکول سے ۹۳؍ فیصد مارکس سے ایس ایس سی امتحان پاس کیاتھا۔ ایچ ایس سی اور بی کام فائنل ائیر کے امتحان میں حفصہ کو نوی ممبئی کے علاقے نیرول کے ایس آئی ای ایس کالج میں بالترتیب ۹۴؍فیصد اور ۹۶؍ فیصد سے کامیابی ملی تھی۔ بارہویں جماعت پاس ہونے کے بعد حفصہ عبدالوہاب دلوی نےسی اے کی پڑھائی شروع کردی تھی ۔ کافی محنت اور یکسوئی سے پڑھائی کے سبب انہیں کامیابی حاصل ہوئی جس سے ان کے والدین بہت خوش ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK