• Mon, 30 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یوکرین اور روس جنگ خطرناک مرحلے میں داخل، ماسکو پر بڑا حملہ، ایک خاتون ہلاک

Updated: September 11, 2024, 1:09 PM IST | Agency | Moscow/Kyiv

رات میں کئے گئے حملوں میں کئی مکان تباہ،۵۰؍ سے زائد پروازوں کے راستوں کو بدلنا پڑا، روس نے یوکرین کے مزید کئی دیہاتوں پر قبضہ کا دعویٰ کیا۔

A building after the attack in Moscow. Photo: INN
ماسکو میں حملے کےبعد ایک عمارت۔ تصویر : آئی این این

روس اور یوکرین جنگ خطرناک مرحلے میں داخل ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے۔ یوکرین نے ماسکو ریجن پر جس میں  روس کا دارالحکومت ماسکو شہر بھی واقع ہے، منگل کو ۱۰۰؍ سے زائد ڈرون حملے کئے جس میں   کم از کم ایک خاتون ہلاک ہو گئی۔ اس حملے کو یوکرین کا ماسکو پر اب تک کیا جانے والا سب سے بڑا ڈرون حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔ حملے میں  درجنوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ 
 روس کے مطابق اس حملے دوران کم از کم۲۰؍ ڈرونز کو مار گرایا گیا۔ روسی حکام نے مزید بتایا ہے کہ اس علاقے میں واقع ۴؍ ہوائی اڈے ۶؍گھنٹوں سے زیادہ وقت کیلئے بند رہے اور ۵۰؍ کے قریب پروازوں کا راستہ تبدیل کیاگیا۔ 
 ماسکو ریجن کے ضلع رامنسکوئے میں ایک اونچی عمارت کو نقصان پہنچا۔ مقامی افراد کے مطابق وہاں کئی گھروں میں آگ لگ گئی۔ ماسکو ریجن کے گورنر کے مطابق اس حملے میں رامنسکوئے میں ایک۴۶؍ سالہ خاتون ہلاک ہو گئیں ہیں اور ۳؍افراد زخمی ہوئے ہیں۔ کریملن کے ترجمان دمیتری پیسکوف نے اس حوالے سے میڈیا کو بتایاکہ یہ ڈرون حملہ اس بات کی یاد دہانی تھا کہ یوکرین کی سیاسی قیادت کی کیا فطرت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قیادت روس کے دشمنوں پر مشتمل ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے طلبہ سے راہل گاندھی کا خطاب، ریزرویشن سمیت متعدد اُمور پر گفتگو کی

پیسکوف نے کہاکہ’’رہائشی علاقوں پر دیررات کئے گئے حملوں کو کسی طور پر بھی فوجی کارروائیوں سے منسلک نہیں کیا جا سکتا۔ ‘‘ انہوں   نے مزید کہا کہ ’’ کیٖف میں موجود حکومت اپنی فطرت کا مظاہرہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ وہ ہمارے دشمن ہیں اور اس قسم کی کارروائیوں سے اپنی حفاظت کیلئےہمیں خصوصی فوجی آپریشن جاری رکھنا ہو گا۔ ‘‘
 ماسکو پرمنگل کے حملے کے حوالے سے یوکرین کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ اس بیچ روسی فوج کے مطابق منگل کو برائنسک کے علاقے میں بھی ایک یوکرینی حملے کے دوران۷۰؍ سے زائد ڈرون کو مار گرایا گیا۔ تاہم اس علاقے سے کسی ہلاکت کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ دوسری جانب یوکرین نے کہا ہے کہ روس نے بھی راتوں رات اس پر۴۶؍ ڈرون حملے کئے۔ اس بیچ روس نے ڈونٹیسک میں یوکرین کے مزید کئی دیہاتوں پر قبضہ کرلینے کا دعویٰ کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK