• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہم بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کو کسی قیمت پر بدلنے نہیں دیں گے: راہل گاندھی کی پونے میں ریلی

Updated: May 04, 2024, 9:08 AM IST | Agency | Pune

نریندر مودی اور آر ایس ایس مل کر اس ملک کے آئین کو ختم کرنے کی کوشش میں ہیں۔ اس آئین کی وجہ سے ملک میں کئی مثبت تبدیلیاں آئیں ہیں، جس دن آئین ختم ہو جائے گا آپ اس ملک کو پہچان نہیں سکیں گے۔

Rahul Gandhi showing the copy of the Constitution. Photo: PTI
راہل گاندھی آئین کا نسخہ دکھاتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

نریندر مودی اور آر ایس ایس مل کر اس ملک کے آئین کو ختم کرنے کی کوشش میں ہیں۔  اس آئین کی وجہ سے ملک میں کئی مثبت تبدیلیاں آئیں ہیں، جس دن آئین ختم ہو جائے گا  آپ اس ملک کو پہچان نہیں سکیں گے۔ جس آئین کو بابا صاحب امبیڈکر اور مہاتما گاندھی جیسے عظیم لوگوں نے مل کر تیار کیا ہے ، ہم اسے کبھی ختم ہونے نہیں دیں گے۔‘‘ یہ عزم ظاہر کیا ہے کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جو پونے میں  ایک انتخابی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ 
 راہل گاندھی نے اپنے اس الزام کو دہریا کہ ’’نریندر مودی نے ۲۲؍ افراد کے ۱۶؍ لاکھ کروڑ روپے  کے قرضے معاف کر دیئے۔ دوسری طرف حکومت  دلتوں اور غریبوں کو کوئی موقع دینا نہیں چاہتی۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ ملک میں ۹۰؍ فیصد لوگ منریگا اور دیگر اسکیموں کے تحت مزدوری کا کام کرتے ہیں ۔اسکے باوجود مودی ملک کا سارا پیسہ اپنے دوستوں کو پہنچا دیتے ہیں۔  ملک کے نظام کو صرف ۹۰؍ افسران مل کر چلا رہے ہیں۔ کسے کتنا پیسہ دیا  جائے گا یہ یہی لوگ مل کر طے کرتے ہیں۔ کس ریاست کو کتنا پیسہ دیا جائے گا ، اس کا فیصلہ بھی یہی لوگ مل کر طے کرتے ہیں۔‘‘ 
 کانگریس لیڈر نےکہا ’’ ملک کا میڈیا صرف نریندر مودی کی خبریں دکھاتا ہے۔ ‘‘انہوں نے ایک بار پھر ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کا معاملہ اٹھایا۔ راہل نے کہا ’’  جب ہماری حکومت  آئے گی تو ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کروائی جائے گی۔ ملک بھر میں کسانوں کے قرضوں کو معاف کیا جائے گا۔  ساتھ ہی اگنی ویر اسکیم کو بند کر دیا جائے گا۔ جی ایس ٹی کو بند کر دیا جائے گا۔ ‘‘ انہوں نے کہا  ’’ حال کے دنوں میں پیپر لیک ہونےکے کئی واقعات ہو چکے ہیں۔  ہماری حکومت میں پیپر لیک کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: بی جے پی کا آئین کی تمہید سے لفظ’ سیکولر ‘ہٹانے کا اعلان

نریندر مودی پر سخت حملہ
 اس موقع پر راہل گاندھی نے کرناٹک کے پرجول ریونا کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا ’’ ۴؍ سو خواتین کی عصمت دری کرنے والے پرجول انا کیلئے کرناٹک میں نریندر مودی ووٹ مانگ رہے۔ فی الحال وہ کبھی پاکستان کا معاملہ  اٹھاتے ہیں تو کبھی سمندر کے نیچے جاکر کرتب دکھاتے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ان دنوں وزیر اعظم مسلسل سینئر لیڈران کی توہین کر رہے ہیں۔  اس طرح کا رویہ ملک کے وزیر اعظم کو زیب نہیں دیتا۔ ‘‘ یاد رہے کہ راہل گاندھی ان دنوں اپنی ہر ریلی میں آئین ہند کی کاپی ساتھ رکھتے ہیں اور اسے دکھا کر عوام کے سامنے عزم ظاہر کرتے ہیں کہ ہم اس آئین کی حفاظت کرتے ہیں۔ پونے میں راہل گاندھی نے یہی کیا۔  جمعہ کو راہل گاندھی کی پونے کے  ایس ایس پی ایم ایس میدان پر  ریلی تھی۔ پونے میں ۴؍ پارلیمانی حلقے ہیں۔ بارامتی جہاں سے سپریہ سلے امیدوار ہیں ، شیرور جہاں سے امول کولہے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ماول جہاں  سے سنجوگ واگھورے میدان میں ہیں۔ چوتھی سیٹ پونے شہر کی ہے جہاں رویندر دھنگیکر امیدوار ہیں۔     پونے کی بارامتی سیٹ پر ۷؍ مئی کو الیکشن ہے جبکہ باقی سیٹوں پر ۱۳؍ مئی کو۔  راہل کی اس  ریلی میں بھاری بھیڑ اکٹھا ہوئی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK