Updated: February 15, 2025, 9:54 PM IST
| Berlin
جمعہ کو جرمن صدر فرانک والٹر اسٹین میئر نے ایکس اور ٹک ٹاک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم یورپیوں کا مطالبہ ہے کہ ٹیک کمپنیاں یورپی قانون کی پابندی کریں۔ ہم ان پلیٹ فارمز کو ہمارے جمہوری معاشروں کو تباہ کرنے یا ہمارے بچوں کو شدید نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
جرمن صدر فرانک والٹر اسٹین میئر۔ تصویر: ایکس
جرمن صدر فرانک والٹر اسٹین مائر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زور دیا ہے کہ وہ یورپی قوانین کی پاسداری کریں، اور خبردار کیا ہے کہ انہیں جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسٹین میئر نے جمعہ کو دو مقبول ترین پلیٹ فارمز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’یقیناً ہم یورپیوں کا مطالبہ ہے کہ ٹیک کمپنیاں، باقی سب کی طرح، یورپی قانون کی پابندی کریں، چاہے وہ ٹک ٹاک، ایکس یا دیگر ہوں۔ ہمیں پلیٹ فارمز کو ہمارے جمہوری معاشروں کو تباہ کرنے یا ہمارے بچوں کو شدید نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دینی چاہئے اور نہ ہی ہم دیں گے۔‘‘ یہ تبصرے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب آسٹریلیا سے ترکی تک متعدد ممالک نے سوشل میڈیا کیلئے کم از کم عمر کے تقاضوں کو ان نوجوانوں کی بہتر حفاظت کیلئے عائد کیا ہے، جن کے ذہنوں کو ڈجیٹل پلیٹ فارمز کے لالچ میں خاص طور پر متاثر کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: یروشلم کی جانب ہی نقل مکانی ہوگی: حماس کا انتباہ
جرمن صدر نے یہ بیان جمعہ کو میونخ سیکوریٹی کانفرنس میں دیا جس میں امریکی نائب صدر جے ڈی وانس، یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیئن اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی سمیت دنیا بھر کے لیڈروں اور اعلیٰ حکومتی وزراء نے شرکت کی۔ اسٹین میئر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یورپی ممالک ڈجیٹل ٹیکنالوجی میں اپنی پوزیشن کو مضبوط کرنے اور اپنی اے آئی صلاحیتوں اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے آنے والے برسوں میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کریں گے۔