• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بدعنوانی کے خلاف ہم جھکنے والے نہیں: وزیراعظم مودی

Updated: April 01, 2024, 10:10 AM IST | Agency | Meerut

میرٹھ میں ایک جلسے سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ’’۲۰۲۴ء کے انتخابات صرف حکومت بنانے کیلئے نہیں ہیں، بلکہ دو کیمپوں کے درمیان لڑائی ہے، ایک کیمپ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کا ہے جو کرپشن کے خاتمے کیلئے میدان میں ہے جبکہ دوسرا وہ ہے جو کرپٹ کو بچانے کیلئے میدان میں ہے۔‘‘

Prime Minister Modi can be seen attending a rally in Meerut, Chief Minister Yogi Adityanath can also be seen. Photo: PTI
وزیر اعظم مودی میرٹھ میں ریلی کےد وران ،وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر : پی ٹی آئی

 : وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو میرٹھ میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوان شخص کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور `مودی جھکنے والا نہیں ہے۔ مودی یہاں مودی پورم میں واقع سینٹرل پوٹیٹو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے گراؤنڈ میں منعقد ایک بہت بڑی ریلی سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ بدعنوانی کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں تو کچھ لوگ اپناآپا کھو چکے ہیں۔ اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا’’ مودی کا منتر ہے، بدعنوانوں کو ہتاؤ! وہ کہتے ہیں کرپٹ کو بچاؤ! ‘‘
 وزیر اعظم نے کہا کہ’’۲۰۲۴ء کے انتخابات صرف حکومت بنانے کیلئے نہیں ہیں، بلکہ دو کیمپوں کے درمیان لڑائی ہے۔ ایک کیمپ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کا ہے جو کرپشن کے خاتمے کے لیے میدان میں ہے جبکہ دوسرا وہ ہے جو کرپٹ کو بچانے کے لیے میدان میں ہے۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ یہ کرپٹ لوگ، ان بے ایمان لوگوں نے عوام کا پیسہ لوٹا ہے، مجھے ان کا پیسہ واپس لوٹانا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: کانگریس کو پھرانکم ٹیکس کا نوٹس، مزید ایک ہزار ۷۴۵؍ کروڑ کا مطالبہ

میرے لئے میرا ہندوستان میرا خاندان ہے
 وزیر اعظم نے کہا کہ کچھ لوگوں نے اکٹھے ہو کر ایک ’انڈیا اتحاد‘ بنایا ہے۔ مودی نے کہاکہ وہ سمجھتے ہیں کہ `مودی اس سے ڈر جائیں گے، لیکن میرے لیے یہ میرا ہندوستان، میرا خاندان ہے۔ یہ اقدامات ہمارے ملک کو کرپشن سے بچانے کیلئے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ وہ بدعنوانوں کے خلاف لڑتے رہیں گے اور یہی وجہ ہے کہ آج بڑے کرپٹ لوگ سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ سپریم کورٹ سے بھی انہیں ضمانت نہیں مل رہی اور انہیں عدالت کے چکر لگانے پڑ رہے ہیں۔ 
ملک اب بھی کانگریس کے کام کی قیمت چکا رہا ہے 
 وزیراعظم نے کہا کہ ملک اب بھی کانگریس کے کام کی قیمت چکا رہا ہے۔ ایسے لوگوں کو ملک کبھی معاف نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تین کروڑ خواتین کو لکھ پتی دیدی بنانے کا کام کیا جا رہا ہے۔ ’نمو ڈرون دیدی اسکیم‘ بھی گاؤں کی بہنوں کی تقدیر بدلنے والی ہے، اس میں خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو جدید ڈرون دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈرون ہماری کاشتکاری کا مستقبل بدلنے اور اسے آسان بنانے جا رہے ہیں۔ گاؤں کی بیٹیاں جب ڈرون پائلٹ بنیں گی تو ان کا وقار بڑھے گا، ان کی آمدنی بھی بڑھے گی اور کھیتی باڑی بھی آسان ہو جائے گی۔ 
۴؍ کروڑ غریبوں کو مستقل مکان دئیے گئے 
 خواتین کے تحفظ پر بحث کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پہلے لوک سبھا اور قانون ساز اسمبلی میں خواتین کے لیے ریزرویشن ناممکن نظر آتا تھا لیکن ’ناری شکتی ابھینندن ایکٹ ‘نے اسے ممکن بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار کروڑ غریبوں کو مستقل مکان دیے گئے اور یہ ہماری حکومت ہے جس نے۱۱؍ کروڑ سے زیادہ بیت الخلاء بنا کر خواتین کوتحفظ فراہم کیا ہے۔ ہماری حکومت نے ڈھائی کروڑ سے زیادہ گھروں کو بجلی کے کنکشن دے کر ان کی زندگیوں سے اندھیرے کو دور کیا ہے۔ ہم گزشتہ۱۰؍ سال سے ملک میں بہنوں کو سہولیات، تحفظ اور عزت فراہم کر رہے ہیں۔ 

’’انڈیا اتحاد کی ریلی `بدعنوانی اور خاندان بچاؤ ریلی ‘‘
بی جے پی نے دہلی کے رام لیلا میدان میں منعقد کی گئی انڈیا گروپ کی جمہوریت بچاؤ ریلی کو ’بدعنوانی اور خاندان بچاؤ ریلی‘ قرار دیا اور کہا کہ اس کام کا مقصد `مودی کو ہٹانا ہے۔ ایسا کرنے والی اپوزیشن کا عوامی مفاد اور ملکی ترقی سے کوئی تعلق نہیں۔ بی جے پی کے قومی ترجمان اور ایم پی ڈاکٹر سدھانشو ترویدی نے پارٹی کے مرکزی دفتر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ ’’ملک کی سیاست میں پہلی بار ایسی ریاست میں ریلی نکالی جا رہی ہے جہاں وزیر اعلیٰ حراست میں رہتے ہوئے حکومت چلا رہے ہوں اور اس کے ساتھ دینے والی جماعتیں بدعنوانی میں گہری ڈوبی ہوئی ہیں۔ ‘‘بی جے پی کے ترجمان نے کہا کہ جس رام لیلا گراؤنڈ میں ۱۲؍ سال پہلے’ `انڈیا اگینسٹ کرپشن‘ دکھائی دیتی تھی، آج اسی رام لیلا گراؤنڈ میں `ہر کوئی کرپشن کے ساتھ ` دکھائی دے رہا ہے۔ ڈاکٹر ترویدی نے انڈیا گروپ کی سیو ڈیموکریسی ریلی کو خاندان اور کرپشن بچاؤ ریلی سے تعبیر کیا اور کہا کہ عام آدمی پارٹی (آپ) جس نے کبھی بدعنوانی کے خلاف اپنی سیاست شروع کی تھی، آج خود بدعنوانی میں ڈوبی ہوئی ہے اور بدعنوانوں کے ساتھ اتحاد کر رہی ہے۔ انہیں عوامی مفاد اور ملک کی ترقی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ اپوزیشن کی ریلی پر طنز کرتے ہوئے ترجمان ڈاکٹر ترویدی نے کہاکہ جو پارٹیوں کو چور اور بے ایمان کہہ کر بدعنوانی کے خلاف اقتدار میں آئے، وہ آج ان کے ساتھی اور حلیف بن گئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK