• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مغربی کنارہ: ہلاکت خیز دراندازی کے بعد اسرائیلی فوج کا انخلاء

Updated: December 26, 2024, 10:03 PM IST | Inquilab News Network | Jerusalem

گزشتہ کچھ ماہ میں، مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی دراندازی اور باقاعدہ چھاپے مار کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم، اب اسرائیلی فوجی مغربی کنارے سے نکل رہے ہیں مگر یہ علاقہ مکمل طور پر کھنڈر میں تبدیل ہوچکا ہے۔

The state of the West Bank. Photo: X
مغربی کنارے کی حالت۔ تصویر: ایکس

اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شہر تلکرم میں ۲ دن کی جارحانہ کارروائیوں کے بعد اپنے قدم پیچھے ہٹا لئے ہیں۔ فوج نے جمعرات کو مغربی کنارے سے انخلاء کا فیصلہ کیا۔ فوج کے جارحانہ آپریشن کے نتیجہ میں ۹ فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں۔ فوج نے ایک بیان میں کہا کہ تلکرم میں آپریشن کے دوران، فوج نے دھماکا خیز مواد اور ہتھیاروں کے ذخیرے اپنے قبضہ میں لے لئے اور مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ اس آپریشن میں فوج نے "آمنے سامنے لڑائی" میں بندوق برداروں کو مار گرایا۔ مقامی وزارت صحت کے حکام کے مطابق، اسرائیلی حملے کے دوران کم از کم ۹ افراد ہلاک اور دیگر ۱۹ افراد زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی حملوں کا اثر، بیت لحم میں کرسمس کی روایتی دھوم ندارد

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ برسوں سے، اسرائیلی فوج، مغربی کنارے میں باقاعدہ چھاپے مار کارروائیاں انجام دے رہی ہے۔ ۷ اکتوبر ۲۰۲۳ء کو حماس کے اسرائیل پر حملہ اور غزہ میں اسرائیل کے فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائیوں بڑھ گئی ہیں۔ اس دوران، غیر قانونی اسرائیلی آباد کاروں کی جانب سے فلسطینیوں پر تشدد کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق، مقبوضہ علاقہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے اب تک کم از کم ۸۳۴ فلسطینی شہید اور ۶ ہزار ۵۰۰ سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ جولائی میں بین الاقوامی عدالت انصاف نے ایک تاریخی فیصلہ دیتے ہوئے فلسطینی اراضی پر اسرائیل کے کئی دہائیوں سے جاری قبضہ کو "غیر قانونی" قرار دیا تھا اور مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں موجود تمام موجودہ بستیوں کو خالی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ عالمی عدالت کے اس فیصلہ کے بعد فلسطینیوں پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK