• Sat, 21 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مغربی بنگال: سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرس ڈیوٹی پر لوٹ آئے، احتجاج کو جزوری طور پر روکنے کا اعلان کیا

Updated: September 21, 2024, 4:02 PM IST | Inquilab News Network | Kolkata

ڈیوٹی پر لوٹنے والے ڈاکٹرس نے زور دیا کہ ڈیوٹی کے دوران ان کی حفاظت کی ذمہ داری ریاستی انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔ اگر اس سلسلے میں کوئی کوتاہی ہوئی تو وہ دوبارہ سخت اقدامات اٹھائیں گے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

مغربی بنگال کے جونیئر ڈاکٹرس نے سنیچر کو اپنی ہڑتال جزوی طور پر واپس لے لی تاکہ سرکاری اسپتالوں میں ضروری اور ہنگامی خدمات دوبارہ شروع کی جا سکے۔ تاہم، دیگر محکموں میں ان کا کام تعطل کا شکار رہا۔ 
جمعرات کو ڈاکٹرس نے اعلان کیا تھا کہ وہ سنیچر سے ضروری اور ایمرجنسی خدمات دوبارہ شروع کریں گے۔ ریاستی حکومت کے ساتھ کئی ادوار پر مشتمل بات چیت کے بعد ڈاکٹرز فرنٹ نے یہ فیصلہ کیا۔
ایک ڈاکٹر انکیت مہتو نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہم آج (سنیچر) سے دوبارہ ڈیوٹی جوائن کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ یہ صرف جزوی طور پر کیا جارہا ہے۔
ڈیوٹی پر لوٹنے والے ڈاکٹرس نے زور دیا کہ ڈیوٹی کے دوران ان کی حفاظت کی ذمہ داری ریاستی انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔ اگر اس سلسلے میں کوئی کوتاہی ہوئی تو انہیں دوبارہ سخت اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ 
سنیچر کو کچھ نامعلوم ڈاکٹرس نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ وہ اپنے باقی مطالبات کے قبول ہونے کیلئے کیلئے ۷ دن انتظار کریں گے۔

یہ بھی پڑھئے:دھاراوی: محبوب سبحانی مسجد کے ایک حصہ کو منہدم کرنے کی کوشش،علاقے میں کشیدگی

انہوں نے مزید کہا کہ اگر مغربی بنگال حکومت نے ان کے مطالبات قبول نہیں کئے تو احتجاج دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ ڈاکٹرس نے ایک بیان میں کہا کہ ہم تمام مطالبات کے پورا ہونے تک تحریک جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ ۹ اگست کو کولکاتا کے سرکاری آر جی کر میڈیکل کالج اور اسپتال میں ۳۱ سالہ ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد ڈاکٹرس کی تنظیم، مغربی بنگال جونیئر ڈاکٹرز فرنٹ، گزشتہ ایک ماہ سے کئی سینئر عہدیداروں کے استعفیٰ اور مغربی بنگال کے طبی مراکز میں بہتر حفاظتی انتظامات کا مطالبہ کر رہی ہے۔ 
۱۷ ستمبر کو ریاستی حکومت نے مظاہرین کا ایک اہم مطالبہ تسلیم کیا اور کولکاتا کے پولیس کمشنر ونیت گوئل، ڈپٹی کمشنر آف پولیس (شمال) ابھیشیک گپتا، میڈیکل ایجوکیشن کے ڈائریکٹر دیباشیش ہلدر اور ہیلتھ سروسیز کے ڈائریکٹر کوستو نائیک کو ہٹانے کا اعلان کیا۔ 
تاہم، ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ ان کے پانچ نکاتی مطالبات کے کچھ اہم پہلو ابھی تک حل نہیں ہوئے اور انہوں نے ریاستی حکومت کے ساتھ ایک اور میٹنگ کا مطالبہ کیا۔ بدھ کو ایک دوسری میٹنگ میں، جونیئر ڈاکٹروں نے مزید عہدیداروں کی معطلی، وزارت صحت کے ریاستی سکریٹری کے استعفیٰ اور اسپتالوں میں سیکوریٹی کو بہتر بنانے کے اقدامات کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK