• Thu, 23 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ورلی: پونم چیمبر میں بھیانک آتشزدگی ، کروڑوں کا سامان خاکستر

Updated: December 16, 2024, 11:15 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

عروس البلاد ممبئی کے ورلی میں واقع اٹریا مال کے اطراف کے علاقوں میں اس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب مخالف سمت میں واقع پونم چیمبرس کے دوسرے منزلہ پر بھیانک آگ لگ گئی اور ساتھ ہی علاقے میں دھواں پھیل گیا۔

Firemen are trying to control the fire in Poonam Chambers. Photo: Atul Kamble
فائرمین پونم چیمبرس میں لگی آگ پرقابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔ تصویر: اتل کامبلے

عروس البلاد ممبئی کے ورلی میں واقع اٹریا مال کے اطراف کے علاقوں میں اس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب مخالف سمت میں واقع پونم چیمبرس کے دوسرے منزلہ پر بھیانک آگ لگ گئی اور ساتھ ہی علاقے میں دھواں پھیل گیا۔ پونم چیمبرس کے دوسرے منزلہ پر راجشری انٹرٹینمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ پروڈکشن اسٹوڈیو ہے۔ اتوار کو دیر رات لگنے والی آگ پر فائر بریگیڈ نے ساڑھے ۳؍ گھنٹے کی مسلسل مشقت کے بعد قابو پالیا۔ اس حادثہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے لیکن کروڑوں روپے مالیت کا سامان خاکستر ہوگیا ہے البتہ آگ لگنے کی وجہ واضح نہیں ہوسکی ہے۔ 
 ورلی کے اینی بیسنت روڈ پر واقع ۷؍ منزلہ عمارت کے دوسرے منزلہ پرراجشری پرڈکشن اسٹوڈیو میں تقریباً ۱۲؍ بجے اچانک آگ لگی تھی۔ ۱۳؍ ہزار اسکوئر فٹ پر مشتمل اسٹوڈیو میں آناً فاناً آگ پھیل گئی۔ آگ کے ساتھ دھوئیں کے سبب آس پاس کےعلاقوں میں رہنے والوں میں بے چینی پھیل گئی اور سانس لینے میں بھی تکلیف ہونے لگی تھی۔ اسی درمیان پولیس، بی ایم سی اور فائر بریگیڈ عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا اور آس پاس کی بلڈنگوں میں رہنےوالوں کو احتیاطاً بلڈنگ سے باہر نکلنے کی ہدایت دی۔ رات کا وقت اور دھویں کے سبب آگ پر قابو پانے میں مشکل ہورہی تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے:بی ایم سی کی ملبہ ہٹانے کی اسکیم مشروط ہونے پرشہریوں کیلئے بے فائدہ!

بہر کیف فائر بریگیڈ عملہ نے ۳؍ بجکر ۳۵؍ منٹ پر۸؍ فائر انجن اور ۶؍ جمبو ٹینکر کی مدد سے آگ پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ 
 فائر بریگیڈ کے بقول شیشہ سے بنائے گئے پروڈکشن ہاؤس میں وینٹی لیشن نہ ہونے کے سبب آگ دوسرے منزلہ تک ہی محددو رہی البتہ اس کی وجہ سے زیادہ دھواں پیدا ہونے سے آگ پر قابو پانے میں انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تاہم فائر بریگیڈ نے آگ لگنے کی وجہ واضح نہ ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے کروڑوں کے نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ میں سپر اسٹار سلمان خان کے ساتھ راجشری پروڈکشن ہاؤس نے’ہم آپ کے ہیں کون‘ اور ’ہم ساتھ ساتھ ہیں ‘ جیسی سپر ہٹ فلمیں بنائی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK