آر ایس ایس کے خلاف ہوئے احتجاج میں شامل نہیں ہوئے تھے، رکن اسمبلی وکاس ٹھاکرے کا بیٹا بھی شامل
EPAPER
Updated: January 22, 2025, 3:56 PM IST | Ali Imran | Nagpur
آر ایس ایس کے خلاف ہوئے احتجاج میں شامل نہیں ہوئے تھے، رکن اسمبلی وکاس ٹھاکرے کا بیٹا بھی شامل
مہاراشٹر یوتھ کانگریس نے سابق اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوار کی بیٹی شیوانی وڈیٹیوار، رکن اسمبلی وکاس ٹھاکرے کے بیٹے کیتن ٹھاکرے اور سابق رکن اسمبلی اشوک دھوڑ کے بیٹے ابھیشیک دھوڑ سمیت ۶۰؍ لوگوں کو اپنی ذمہ داری پوری نہ کرنے اور اتوار ۱۹؍ جنوری کو آر ایس ایس کے خلاف کئے گئے احتجاج میں غیر حاضر رہنے کی وجہ سے برطرف کردیا ہے۔
ریاستی یوتھ کانگریس کے انچارج اجے چھیکارا اور شریک انچارج کمار روہت نے اس سلسلے میں ایک خط جاری کیا ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ تنظیم کی جانب سے دی گئی ذمہ داری کوپورا نہ کرنےکی وجہ سے انہیں برخاست کیا جا رہا ہے۔ اس فہرست میں ریجنل نائب صدر، جنرل سیکریٹری اور سیکریٹری جیسے عہدوں پر فائز افراد شامل ہیں۔ ناگپور( دیہی) ضلع صدر، مشرقی ناگپور اسمبلی حلقے کے صدر، ساونیر، کامٹھی، کاٹول، ہنگانہ، عمریڈ اسمبلی حلقوں کے صدر بھی شامل ہیں۔ اس اچانک برطرفی سے یوتھ کانگریس میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ جن لوگوں کو ان کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کیا گیا ہے ان میں نائب صدر تنویر احمد، جنرل سکریٹری شیوانی وڈیٹیوار، جنرل سیکریٹری کیتن ٹھاکرے، سیکریٹری اکشے ہیٹے شامل ہیں۔ واضح رہے کہ بھاگوت کے اس بیان پر کہ رام مندر کے قیام کے بعد ہی ملک کو حقیقی آزادی ملی ہے یوتھ کانگریس کے قومی صدر اُودئے بھانو چِب اور ریاستی صدر کنال راؤت کی قیادت میں اتوار کو ایک احتجاجی مارچ نکالا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: راون سے متعلق آپ نے بی جے پی پر شدید تنقید کی
اس احتجاج میں مذکورہ بالا عہدیدار تو شامل ہوئے لیکن شیوانی وڈیٹیوار، کیتن ٹھاکرے، ابھیشیک دھوڑ، ابھے ہیٹے اور بہت سے دیگر عہدیداروں نے شرکت نہیں کی۔ احتجاج کے دوسرے دن ریاستی یوتھ کانگریس نے تقریباً ۶۰؍ عہدیداروں کو یوتھ کانگریس کی ذمہ داری سے فارغ کردیا ہے۔ یاد رہے کہ ان سبھی کا تعلق ناگپور سے ہے اور احتجاج بھی ناگپور ہی میں تھا اسلئے ان کی حاضری لازمی تھی۔