• Sun, 06 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آج سے ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ۲۰؍ سیریز کا آغاز

Updated: October 06, 2024, 11:31 AM IST | Gwalior

بنگلہ دیش کیخلاف نوجوان کھلاڑیوں کے پاس خود کو بہتر ثابت کرنے کا موقع۔ تیز گیندباز مینک یادو پر سبھی کی نظر۔

T20 team captain Surya Kumariadu. Photo: INN
ٹی ۲۰؍ ٹیم کے کپتان سوریہ کماریادو۔ تصویر: آئی این این

پنی تیز گیند بازی کی وجہ سے دنیائے کرکٹ کی توجہ حاصل کرنے والے مینک یادو کے فارم اور فٹنیس کا امتحان اتوار سےیہاں  شروع ہونے والی  ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ۳؍ میچوں کی ٹی ۲۰؍ سیریز میں ہو گا جب کہ دیگر نوجوان کھلاڑی بھی میدان میں اتریں گے۔  نوجوانوں کو اپنی شناخت قائم کرنے کا یہ سنہرا موقع ہوگا۔  مینک نے اس سال کے شروع میں انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے دوران مسلسل۱۵۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کر کے شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی تھی، لیکن ان کی پسلیوں میں کھنچاؤ کی وجہ سے انہیں درمیان میں ہی ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونا پڑا تھا۔
 عام طور پر قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے کسی بھی کھلاڑی کو ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی فٹنیس ثابت کرنا پڑتی ہے لیکن۲۲؍ سالہ مینک کو ان کی خاص مہارت کی وجہ سے ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں ان کا فارم اور فٹنیس کا امتحان لیا جائے گا۔ دیکھنا یہ ہے کہ کیا وہ بین الاقوامی سطح پر اسی درستگی اور کنٹرول کے ساتھ گیند بازی کر پاتے ہیں جس کے ساتھ انہوں نے آئی پی ایل میں گیند بازی کی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: مدھومیتا بشٹ اولمپک گیمز میں ملک کی نمائندگی کرنے والی پہلی بیڈمنٹن کھلاڑی

 مینک کے علاوہ دہلی کے تیز گیند باز ہرشیت رانا اور آل راؤنڈر نتیش کمار کو بھی بنگلہ دیش کے خلاف اس سیریز میں ہندوستان کیلئے آغاز کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پیش نظر شبھمن گل، رشبھ پنت، یشسوی جیسوال، محمد سراج اور اکشر پٹیل کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ۲۰؍ سیریز سے آرام دیا گیا ہے۔ کپتان سوریہ کمار یادو اور آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا ٹیم میں شامل دو بڑے نام ہیں۔ ان کے علاوہ شیوم دوبے اور ارشدیپ سنگھ جو ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ جتانے والی ٹیم کا حصہ تھے، کو بھی اس سیریز کیلئے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
 سینئر کھلاڑیوں کو آرام دینے کے ساتھ، ابھیشیک شرما جیسے کھلاڑیوں کے پاس اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔ ابھیشیک نے زمبابوے کے خلاف سنچری بنائی تھی۔ سنجو سیمسن بنگلہ دیش کے خلاف ان کے ساتھ اننگز کا آغاز کر سکتے ہیں۔ ریان پراگ کو جولائی سے ہندوستان  کیلئے ۶؍ ٹی ۲۰؍ میچ کھیلنے کا موقع ملا ہے لیکن وہ ان میں آئی پی ایل جیسا فارم نہیں دکھا سکے۔ اس سیریز سے اسپنر ورون چکرورتی کی بھی واپسی ہوگی۔ روی بشنوئی ٹیم میں شامل دوسرے ماہر اسپنر ہیں۔جیتیش شرما، جنہیں ریزرو وکٹ کیپر کے طور پر منتخب کیا گیا تھا، جون میں آئی پی ایل کے بعد سے کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔ انہیں اب تک جن ۹؍ ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میچوں میں کھیلنے کا موقع ملا ہے ان میں وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے میں ناکام رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK