• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بنگلہ دیش کے اسٹار کرکٹر شکیب الحسن نے اپنے ریٹائرمنٹ کا منصوبہ بتایا

Updated: September 26, 2024, 7:14 PM IST | Dhaka

آج ایک پریس کانفرس میں بنگلہ دیش کے اسٹار کرکٹر شکیب الحسن نے اپنے ریٹائرمنٹ کا منصوبہ بتاتے ہوئے کہا کہ اکتوبر میں گھریلو میدان میں جنوبی افریقہ کے خلاف ان کا آخری ٹیسٹ میچ ہوگا۔ انہوں نے انٹرنیشنل ٹی ۲۰؍ کرکٹ سے بھی دوری اختیار کرنے کا اشارہ دیا۔

Shakib Hasan. Photo: INN
شکیب حسن۔ تصویر: آئی این این

آج صبح جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر اور اسٹار کرکٹر شکیب الحسن نے کہا کہ انہوں نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو مطلع کیا ہے کہ اکتوبر نومبر میں ہوم گراؤنڈ میں جنوبی افریقہ کی آئندہ ٹیسٹ سیریز ان کے کریئر کی آخری ٹیسٹ سیریز ہوگی۔ عوامی لیگ کی حکومت کے خاتمے کے بعد، جس میں وہ رکن اسمبلی تھے، شکیب اب تک بنگلہ دیش نہیں لوٹے ہیں۔ انہیں لگتا ہے کہ اگر وہ اپنی شرائط پر وطن لوٹ سکتے ہیں تو جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کھیلیں گے جو ان کی آخری ٹیسٹ سیریز ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے: این اے ڈی اے نے ونیش پھوگاٹ کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا

شکیب نے کانپور میں پریس کانفرنس میں بنگلہ دیش کے گزشتہ دن سے ہندوستان کے جاری دورے کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ سے پہلے کہا کہ ’’میں سیریز میں کھیلنے کیلئے دستیاب ہوں۔ چونکہ ملک کے حالات بدل گئے ہیں اس لئے سب کچھ مجھ پر منحصر نہیں ہے۔ میں نے بی سی بی کے ساتھ اس پر بات کی ہے اور انہیں اپنے منصوبوں کے بارے میں بتایا ہے، خاص طور پر ٹیسٹ کرکٹ کے متعلق۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں نے جو محسوس کیا وہ یہ ہے کہ یہ سیریز (ہندوستان میں) اور جنوبی افریقہ کے خلاف گھر یلو ٹیسٹ سیریز، آخری سیریز ہوگی۔ میں یہی سوچ رہا تھا اور اسی طرح میں نے (بی سی بی کے صدر) فاروق (احمد) بھائی سے اس بارے میں بات کی۔ اور سلیکٹرز کو اگر ملک واپس جانے کا موقع ملا تو ٹیسٹ کرکٹ میں میرا آخری ٹیسٹ ہو گا اور وہ بہترین انتظامات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ میں کھیل سکوں۔ اور خود کو محفوظ محسوس کرتا رہوں، اور ساتھ ہی یہ کہ جب مجھے ملک چھوڑنا پڑے تو مجھے کوئی پریشانی نہ ہو۔‘‘ 
شکیب نے پریس کانفرس میں مزید کہا کہ ’’بورڈ یہ معاملہ دیکھ رہا ہے اور متعلقہ لوگ بھی اس پر گفتگو کررہے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ مجھے ایسا فیصلہ کرنے دیں گے جس کے مطابق میں آسانی سے ملک کا رخ کر سکوں گا اور پھر ٹیسٹ کرکٹ کو چھوڑسکوں۔‘‘
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کو اگلے ماہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے بنگلہ دیش کا دورہ کرنا ہے، تاہم اس دورے کی تاریخوں اور مقامات کا تعین ہونا باقی ہے۔ تاہم توقع ہے کہ جنوبی افریقہ کا پہلا ٹیسٹ میرپور میں اور دوسرا چٹگام میں کھیلا جائے گا۔ شکیب نے ٹیسٹ کرکٹ کے علاوہ ٹی ۲۰؍ کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’انٹرنیشنل ٹی ۲۰؍ کے متعلق بھی میرے یہی خیالات ہیں۔ اگرچہ یہ تھوڑا سا غیر متعلق ہے، میں کہنا چاہتا ہوں کہ میں نے سلیکٹرز، بورڈ کے صدر اور دیگر لوگوں سے بات کی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ صحیح وقت ہے کہ میں ٹی ۲۰؍ کرکٹ سے آگے بڑھوں۔ اگلی چند سیریز میں کچھ نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جانا چاہئے اور ساتھ ہی اگر میں فرنچائز لیگ کھیلوں اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں اور بی سی بی کو چھ ماہ یا ایک سال میں محسوس ہو کہ میرے پاس ٹی ۲۰؍ میں حصہ ڈالنے کا موقع ہے اور میں بھی یہی محسوس کروں تو ہم فیصلہ کر سکتے ہیں۔ تاہم، ٹی ۲۰؍ میں مَیں اپنے آپ کو نہیں دیکھ رہا ہوں۔ بنیادی طور پر آپ کہہ سکتے ہیں کہ اگلی سیریز میرا آخری میچ ہے۔ 
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ ہندوستان کے خلاف ۶؍ اکتوبر سے شروع ہونے والی انٹرنیشنل ٹی ۲۰؍ سیریز کھیلیں گے؟ انہوں نے بتایا کہ انہیں لگتا ہے کہ وہ اپنا آخری انٹرنیشنل ٹی ۲۰؍ کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ میں نے ورلڈ کپ میں اپنا آخری میچ (افغانستان کے خلاف) کھیلا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ۲۰۲۵ء میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی ون ڈے فارمیٹ میں ان کا آخری مقابلہ ہو گا، تو انہوں نے صرف اتنا کہا کہ مجھے امید ہے۔ مزید ۹؍ ون ڈے میچز۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK