Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل ۲۵ء: بنگلور کیخلاف چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلنے پر تھوڑا جذباتی ہوگیا تھا: محمد سراج

Updated: April 03, 2025, 10:16 PM IST | Bengaluru

گجرات ٹائٹنس کے گیندباز محمد سراج نے کہا کہ اپنی سابقہ ٹیم آر سی بی کیخلاف میچ سے قبل عجیب کیفیت تھی لیکن میدان پر اترتے ہیسب کچھ بھول کر اپنی ٹیم کیلئے سب کچھ داؤ پر لگادیا تھا۔

Muhammad Siraj. Photo: INN
محمد سراج۔ تصویر: آئی این این

جب محمد سراج، جو ۷؍ سال تک رائل چیلنجرس بنگلور(آر سی بی) ٹیم کی تیز گیند بازی کا اہم حصہ تھے، نے اپنی پرانی ٹیم کے خلاف ایم چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلنے اترے تو جیسے وہ بتانا چاہتے تھے کہ آر سی بی نے انہیں ریٹین نہ کرکے بڑی غلطی کی ہے۔ محمد سراج گجرات ٹائٹنس کے لئے گیندبازی کرتے ہوئے پہلے لگاتار ۲؍ اووروں میں دیودت پڈیکل (۴) اور فل سالٹ (۱۴) کو آؤٹ کر کے رن ریٹ کو کم کیا اور پھر آخر میں خطرناک لیام لیونگسٹن (۵۴) کو آؤٹ کر کے بنگلور کو ` زبردست دھچکا دیا۔ اگر لیونگسٹن آؤٹ نہ ہوتے تو آر سی بی کا سکور ۱۸۰؍یا ۱۸۵؍تک پہنچ سکتا تھا لیکن ٹیم ۲۰؍اوور میں ۸؍وکٹ پر ۱۶۹؍رن ہی بنا سکی۔ محمد سراج نے اپنی سابقہ ٹیم کے خلاف ۴ء۸۰؍کے اکانومی ریٹ سے ۴؍ اوور میں صرف ۱۹؍رن دئیے اور ۳؍ اہم وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے، گجرات ٹائٹنس نے جوس بٹلر (۷۳*) اور سائی سدرشن (۴۹) کی اننگز کی بدولت آر سی بی پر۸؍ وکٹوں سے جیت درج کی۔ یہ آر سی بی کی ۳؍ میچوں میں پہلی شکست ہے۔
اس میچ سے قبل محمد سراج جب بھی چنا سوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں آر سی بی کےلئے کھیلتے ہوئے وکٹ لینے پر کرسٹیانو رونالڈو کے انداز میں جشن مناتے تھے تو پورا اسٹیڈیم ان کے جشن میں شریک ہوتا تھا اورزوردار تالیاں بجاکر ان کی حوصلہ افزائی کرتا تھا۔کل کھیلے گئے میچ میں محمد سراج بنگلور کے بجائے گجرات کی نمائندگی کر رہے تھے۔انہوں نے جب وکٹ لے کر اپنے انداز میں جشن منایا تو چنا سوامی اسٹیڈیم میں بیٹھے آر سی بی کے مداحوں میں خاموشی چھاگئی تھی۔ میچ کے بعد محمد سراج نے اس بات کا اعتراف کیا کہ جب وہ اپنی سابقہ ٹیم بنگلور کے خلاف مقابلہ کے بارے میں سوچ رہے تھے تو تھوڑا جذباتی ہو گئے تھے۔جس ٹیم کیلئے اتنے برسوں تک کھیلا اسی کے خلاف کھیلنے پر عجیب سی کیفیت تھی۔لیکن جیسے ہی میدان پر اترا اور گیند میرے ہاتھوں میں آئی تو میرا مقصد صرف اپنی ٹیم گجرات ٹائٹنس کو کامیابی دلانے پر مرکوز تھی۔مجھے خوشی ہے کہ میں ٹیم کی فتح میں اپنا رول ادا کر سکا۔

یہ بھی پڑھئے: آئی پی ایل: کولکاتا نائٹ رائیڈرس اور سن رائزرس کی ٹیمیں فارم کی متلاشی

آر سی بی نے محمد سراج کو ریٹین نہیں کیا 
محمد سراج نے آر سی بی کے لئے گزشتہ سیزن میں ۱۴؍ میچوں میں ۹ء۱۸؍کےاکانومی ریٹ سے کل ۱۵؍ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وہ یش دیال کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹیم کے سب سے کامیاب گیندباز تھے۔ اس کارکردگی کے بعد بھی بنگلور نے آئی پی ایل ۲۰۲۵ءمیگا نیلامی سے پہلے اپنے قابل اوربھروسہ گیند باز کو رہا کردیا تھا۔ نیلامی میں کئی فرنچائزز نے محمد سراج میں دلچسپی ظاہر کی لیکن آر سی بی نے ایک بار بھی بولی نہیں لگائی۔ یہی نہیں جب گجرات ٹائٹنس نے سراج کیلئے۱۲ء۲۵؍ کروڑ روپے کی بولی لگائی اور بنگلورسے رائٹ ٹو میچ (RTM) کے لئے کہا گیا، تب بھی انھوں نے اس گیند باز کو لینے میں دلچسپی نہیں دکھائی۔
 جب محمد سراج اپنے `پرانے’ گھر‘ چناسوامی اسٹیڈیم پہنچے تو انہوں نے میچ سے پہلے وراٹ کوہلی کو گلے لگایا۔ اس کے علاوہ وہ کئی پرانے ساتھیوں سے ملے لیکن جب وہ میدان میں آئے تو کچھ اور ہی موڈ میں نظر آئے۔ انہوں نے پہلی ہی گیند سالٹ کو شارٹ آف لینتھ پر پھینکی اور سالٹ اس میں پھنس گئےاور گیند مڈ وکٹ کے اوپر چلی گئی لیکن فیلڈر کیچ نہ لے سکا۔ انہوں نے پھر سالٹ کو پھنسایا اور گیند بلے کا کنارہ لے کر جوس بٹلر کے پاس گئی لیکن انہوں نے بھی کیچ چھوڑ دیا۔ پہلے اوور میں پیدا ہونے والے دباؤ کی وجہ سے ارشد نے اگلے ہی اوور میں سب سے بڑی مچھلی وراٹ کا شکار کر لیا۔ اس کے بعد محمد سراج نے سالٹ اور پڈیکل کو بولڈ کیا جبکہ ایشانت شرما نے کپتان رجت پاٹیدار کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے ٹیم کو گھٹنوں کے بل لا کھڑا کیا۔ ۴۵؍ رن کے اندر ٹیم کے ۴؍ کھلاڑی آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: آسٹریلوی کرکٹر کوپرکونولی نے سمیع کو ورلڈ کلاس کھلاڑی قرار دیا

بٹلر نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا
گجرا ت ٹائٹنس نے چنا سوامی پر آر سی بی کو ۱۶۹؍ رن تک محدود کر کے آدھی جنگ جیت لی تھی اور باقی آدھی اس کے بلے باز سائی سدرشن اور جوس بٹلر نے جیت لی۔ دونوں نے شبمن گل (۱۴) کے آؤٹ ہونے کے بعد دوسرے وکٹ کیلئے۷۵؍ رنوں کی شراکت کے ساتھ آر سی بی کو میچ سے باہر کر دیا تھا۔ سدرشن صرف ایک رن سے اپنی نصف سنچری سے محروم رہ گئے اور وہی اسکوپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں جس کے ساتھ انہوں نے جوش ہیزل ووڈ کی گیند کو باؤنڈری کے اوپر بھیجا تھا، وہ جیتیش کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ اس کے بعد بٹلر نے ایک اینڈ تھاما اور ٹیم کو فتح دلانے کے بعد ہی واپس لوٹے۔ بٹلر نے ۳۹؍ گیندوں میں ۶؍چھکے اور ۵؍ چوکے لگائے۔

چناسوامی اسٹیڈیم میں آئی پی ایل میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیندباز یزویندر چہل (۵۲)، محمد سراج (۲۹)،ظہیر خان(۲۸)اورآر ونے (۲۷) ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK