Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج گھریلو میدان پر رائل چیلنجرز فتح کیلئے پُرعزم

Updated: April 02, 2025, 10:23 AM IST | Kolkata

رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم آئی پی ایل کے اس سیزن میں فتح کی ہیٹ ٹرک کرنا چاہے گی۔ گجرات ٹائٹنس کے کھلاڑی بھی مقابلے کیلئے تیار۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) آئی پی ایل کے اس سیزن کا پہلا گھریلو میچ بدھ کو کھیلے گی۔ آر سی بی کا مقابلہ گجرات ٹائٹنس سے ہوگا۔ اس میچ میں بنگلور کی ٹیم کا مقصد اپنے گیند بازوں کے  شاندار فارم کے بل بوتے پر فتح کی  ہیٹ ٹرک مکمل کرنا ہوگا۔ آر سی بی  نے ایڈن گارڈنس میں کولکاتا  کو اور چیپاک میں چنئی سپر کنگز کو شکست دے کر آئی پی ایل کے۱۸؍ویں سیزن کی شاندار شروعات کی ہے۔
چناسوامی اسٹیڈیم کی پچ بلے بازوں کیلئے   بہت اچھی ہے  اور یہاں ۳؍ بار۲۶۰؍رن  سے زیادہ کا اسکور بنایاگیا  ہے۔ چھوٹی باؤنڈریز اور تیز آؤٹ فیلڈ نے ہمیشہ گیند بازوں کو پریشان کیا ہے لیکن رائل چیلنجرز بنگلور کو یقین ہو گا کہ ان کے ۲؍ گیند باز جوش ہیزل ووڈ اور بھونیشور کمار یہاں بلے بازوں کو روک سکتے ہیں۔ ہیزل ووڈ نے اس آئی پی ایل میں ۶؍ سے بھی کم اکنامی ریٹ  سے  رن  دیئے ہیں جبکہ چنئی کے خلاف میچ میں بھونیشور نے صرف ۶ء۶؍ فی اوور کی اوسط سے رن دئیے ہیں۔
 گجرات ٹائٹنس کے پاس کچھ بہت ہی قابل بلے باز ہیں۔ کپتان شبھمن گل اور بی سائی سدرشن نے اچھی اوپننگ جوڑی بنائی ہے۔ آر سی بی کی کوشش ہوگی کہ انہیں اچھی شروعات نہ ہونے دے۔ بھونیشور، نئی گیند کو سوئنگ کرنے کی اپنی مہارت کے ساتھ اور ہیزل ووڈ، درست گیند کرنے کی اپنی مہارت کے ساتھ، مل کر ان کیلئے  مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز یش دیال بھی ٹیم کیلئے  کارآمد ثابت ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ہاردک پانڈیا کی واپسی سے ممبئی انڈینس مضبوط

ٹیم کے اسپن ڈپارٹمنٹ میں کرونال پانڈیا کسی نہ کسی فارم میں ہیں لیکن سویاش شرما اچھی کارکردگی پیش کرنے سے قاصر  رہے ہیں  جبکہ گجرات کے پاس راشد خان اور آر سائی کشور جیسے خطرناک اسپنرس ہیں۔ ایسے میں  وراٹ  کوہلی، فل سالٹ، کپتان رجت پاٹیدار اور دیو دت پڈیکل کا اصل امتحان اسپنرس کے خلاف ہوگا۔ گجرات میں کگیسو ربادا اور محمد سراج جیسے تیز گیند باز ہیں۔ آر سی بی کیلئے کھیلنے والے سراج کو گجرات نے نیلامی میں خریدا۔ کوہلی اور سالٹ نے گزشتہ ۲؍ میچوں میں ۹۵؍ اور۴۵؍ رن کی شراکت کی ہے۔ چنا سوامی اسٹیڈیم میں دونوں خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔ ربادا اب تک۱۴؍ اننگز میں کوہلی کو ۴؍ مرتبہ آؤٹ کر چکے ہیں۔ آر سی بی کے شائقین، `ای سالا کپ نمدے  کا نعرہ لگاتے ہوئے امید کریں گے کہ ان کی ٹیم گزشتہ ۱۸؍برسوں کے انتظار کو ختم کرنے کیلئے جیت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK