آسٹریلیا کے ۴۷۴؍رنوں کے جواب میں ہندوستان کی آدھی ٹیم ۱۶۴؍رنوں پر پویلین لوٹ گئی،یشسوی جیسوال نے ہاف سنچری بنائی۔میزبان ٹیم کیلئے اسٹیو اسمتھ نے سنچری بنائی۔
EPAPER
Updated: December 28, 2024, 10:29 AM IST | Melbourne
آسٹریلیا کے ۴۷۴؍رنوں کے جواب میں ہندوستان کی آدھی ٹیم ۱۶۴؍رنوں پر پویلین لوٹ گئی،یشسوی جیسوال نے ہاف سنچری بنائی۔میزبان ٹیم کیلئے اسٹیو اسمتھ نے سنچری بنائی۔
ا سٹیو سمتھ کی اس سیریز میں دوسری اور مجموعی طور پر ۳۴؍ویں ٹیسٹ سنچری کی مدد سے آسٹریلیا نے بارڈرگاوسکر ٹرافی کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے دوسرے دن جمعہ کو پہلی اننگز میں ۴۷۴؍رنوں کا بڑا اسکور بنالیا۔ ہندوستانی کپتان روہت شرما کے خراب شاٹ اور آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی شاندار گیند پر کے ایل راہل بولڈ ہوئے اور ہندوستان نے ۵۱؍رن پر ۲؍ وکٹیں گنوا دیں۔ یشسوی جیسوال (۸۲) اور وراٹ کوہلی (۳۶) نے ہندوستان کو ایک ایسی پچ پر ۱۰۲؍ رنوں کی شراکت داری کے ساتھ مقابلہ میں لایا جو پرتھ، ایڈیلیڈ اور برسبین کے مقابلے بلے بازی کے لئے بہتر تھی۔ ایسا لگ رہا تھا کہ یشسوی جیسوال بڑی سنچری اسکور کریں گے اور وراٹ کوہلی بھی بڑی اننگز کھیلیں گے لیکن یشسوی ۴۱؍ویں اوور کی آخری گیند پر رن آؤٹ ہو گئے۔ ۶؍ منٹ اور ۷؍ گیندوں کے اندر وراٹ کوہلی بھی آؤٹ ہو گئے اور یہاں سے کھیل کا رخ آسٹریلیا کی طرف ہوگیا۔
یہ بھی پڑھئے: بے بی جان: پرانی شراب کو نئی بوتل میں پیش کرنے کی کوشش
غلطی کس کی: دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر ہندوستان کاا سکور ۵؍ وکٹوں پر۱۶۴؍رن ہے۔ ہندوستانی ٹیم پہلی اننگز کی بنیاد پر آسٹریلیا سے ۳۱۰؍رن پیچھے ہے۔ ایک چھکے کے ساتھ ۱۱؍ چوکے لگا چکے جیسوال شاندار بلے بازی کر رہے تھے۔ وہ ۴۱؍ویں اوور کی آخری گیند پر رن چرانے کیلئے دوڑے حالانکہ رن لینے کی کوئی گنجائش نہیں تھی۔ آسٹریلوی کپتان کمنز کے تھرو پر وکٹ کیپر ایلکس کیری نے وکٹیں بکھیر کر پویلین کی راہ دکھائی۔ دوسرے سرے پر کھڑے وراٹ بھی کریز سے دو تین قدم باہر تھے لیکن انہوں نے نہ کہنے کے بجائے گیند پر توجہ مرکوز کی جس کی وجہ سے یشسوی آگے بڑھتے رہے۔ اس کے بعد ۴۴ء۳؍ اوور میں نائٹ واچ مین آکاش دیپ بھی کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہو گئے۔ ٹیم انڈیا نے صرف ۲۲؍ گیندوں میں ۳؍ وکٹیں گنوا دیں۔
ہندوستانی بولرز بے بس نظر آئے: ٹیسٹ سنچریوں میں ہندوستان کے لیجنڈری بلے باز سنیل گاوسکر کی برابری کرنے والے اسٹیو اسمتھ کی ۱۴۰؍رنوں کی اننگز کے سامنے ٹیم انڈیا کے گیندبازبے بس نظر آئے۔آسٹریلیا نے دن کا آغاز ۶؍ وکٹوں پر ۳۱۱؍رن سے کیا تھا۔ اسمتھ نے کولمبس (۴۹) اور مچل اسٹارک (۱۵) کے ساتھ مل کر پہلے سیشن میں ساتویں اور آٹھویں وکٹ کے لئےبالترتیب ۱۱۲؍ اور۴۴؍رن جوڑ کر ہندوستانی گیند بازوں کو پریشان کردیا۔ جسپریت بمراہ کی ۴؍ وکٹوں کو چھوڑ کر باقی تمام گیند باز بے بس نظر آئے۔ ٹیم کے دوسرے تیز گیندباز محمد سراج نے ۲۳؍اوور کی گیند بازی کی اور ۱۲۲؍رن دینے کے باوجود وہ ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کر سکے۔شبھمن گل کو باہر کرکے ۲؍ اسپنروں کو کھلانے کا فیصلہ بھی کارگر ثابت نہیں ہوا۔ جڈیجہ نے ۳؍وکٹیں حاصل کیں لیکن واشنگٹن سندر صرف ایک ہی وکٹ لے سکے۔
وراٹ کو اسی طرح آؤٹ کیا گیا: بلے بازی کیلئے سازگار پچ پر لگ رہا تھا کہ ایک بار پھر سے اوپننگ کرنے والے ہندوستانی کپتان روہت شرما یہاں رن بنائیں گے لیکن ان کا برا وقت ختم نہیں ہوا۔ دوسرے اوور میں ہی مڈ آن پر کھڑے اسکاٹ بولانڈ نے پیٹ کمنز کی گیند پرخراب طریقے سے کھیلا ہوا پُل شاٹ پکڑ لیا۔ زبردست فارم میں موجود راہل کریز پر مشکل وقت گزارنے کے بعد آسٹریلوی کپتان کی شاندار گیند پر بولڈ ہوگئے۔ گیند پچ پر گرنے کے بعد باہر چلی گئی اور آف اسٹمپ کے اوپر بیلز سے ٹکرا گئی۔ جیسوال کے رن آؤٹ ہونے کے بعد وراٹ ایک بار پھر آف اسٹمپ کے باہر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بولانڈ نے ٹیسٹ کی ۵؍ اننگز میں ۷۳؍ گیندیں کر کے کوہلی کو ۳؍ بار آؤٹ کیا ہے۔ اس دوران وراٹ ۲۷؍ رن بنانے میں کامیاب رہے ۔ ان کے آؤٹ ہونے پر۱۹؍سالہ سیم کونسٹاس نے زبردست خوشی کا اظہار کیا۔ وہ میدان میں موجود تماشائیوں کو بھی چیخنے کیلئے کہہ رہے تھے۔