• Sun, 29 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کیا روہت شرما کی یہ ٹیسٹ سیریز آخری ثابت ہوگی؟

Updated: December 28, 2024, 10:47 AM IST | Melbourne | Abhishek Tripathi

بلے بازی کے ساتھ ساتھ کپتانی میں بھی مسلسل ناکام رہنے والے روہت شرما لگتا ہے ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ کی طرف بڑھ گئے ہیں۔ بارڈر گاوسکر ٹرافی میں اب ان کی ۳؍ اننگز باقی ہیں اور یہ ان کے ٹیسٹ کریئر کی آخری ۳؍ اننگز ہو سکتی ہیں۔

Rohit Sharma returned to the pavilion after scoring 3 runs. Photo: INN
روہت شرما ۳؍رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ تصویر: آئی این این

بلے بازی کے ساتھ ساتھ کپتانی میں بھی مسلسل  ناکام رہنے والے روہت شرما  لگتا ہے ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ کی طرف بڑھ گئے ہیں۔ بارڈر گاوسکر ٹرافی میں اب ان کی ۳؍ اننگز باقی ہیں اور یہ ان کے ٹیسٹ کریئر کی آخری ۳؍ اننگز ہو سکتی ہیں۔اگرچہ کچھ سلیکٹرز اور بی سی سی آئی حکام کہہ رہے ہیں کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کھلاڑی کو ہی لینا ہوگا لیکن روہت کو جاننے والے کہہ رہے ہیں کہ یہ کھلاڑی کبھی ٹیم پر بوجھ نہیں بنے گا۔ ایسے میں سڈنی ٹیسٹ روہت کا آخری ٹیسٹ ہو سکتا ہے۔
  ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے تعلق سے وراٹ کوہلی پر بھی نظر ہوںگی کیونکہ اس فارمیٹ میں پرتھ کی ایک سنچری کے علاوہ گزشتہ چند برسوں میں ان کی کارکردگی زیادہ اچھی نہیں رہی ہے۔ یاد رہے کہ ان دونوں کھلاڑیوں نے اس سال بارباڈوس میں ٹی۔۲۰؍ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: بے بی جان: پرانی شراب کو نئی بوتل میں پیش کرنے کی کوشش

روہت شرما دوسری بار باپ بننے کی وجہ سے پرتھ ٹیسٹ میں نہیں کھیلے تھے۔ پرتھ میں کے ایل راہل کی اچھی کارکردگی کی وجہ سے روہت نے ایڈیلیڈ اور برسبین میں چھٹے نمبر پر بلے بازی کی لیکن کچھ خاص نہیں کر سکے۔ انہوں نے میلبورن میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں دوبارہ  اننگزکا آغاز کیا لیکن نتیجہ وہی رہا اور وہ۳؍  رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔  اس سیریز میں روہت کی طرف جانے والی ہر گیند پر ایسا لگ رہا ہے کہ اب وکٹ گری یا پھر تب گری۔ اس سال بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد اب تک روہت کی پہلی اننگز کا اوسط ۶؍ سے کم ہے۔ برسبین ٹیسٹ سے قبل شبھمن گل کاپہلی اننگز میں ۳۸؍ کا  اوسط تھا  جو موجودہ ہندوستانی ٹیم میں سب سے زیادہ ہے لیکن انہیں میلبورن ٹیسٹ سے باہر کردیا گیا۔
 ۶۸؍واں ٹیسٹ میچ کھیل رہے ۳۷؍ سال اور ۲۴۱؍دن کے روہت شرما نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز  سے اب تک ۱۵؍ اننگز میں ۶،۵،۲۳،۸،۲،۵۲،صفر،۸،۱۸،۱۱،۳،۶،۱۰؍ کھیلے نہیں اور ۳؍رن بنائے  ہیں۔ ٹیسٹ میں ۱۲؍سنچریاں اور ۱۸؍نصف سنچریاں بنانے والے روہت شرمانے ۷؍مارچ ۲۰۲۴ءکو دھرم شالہ میں انگلینڈ کے خلاف اپنی آخری سنچری بنائی تھی۔
اشون کے بعد کون؟
روی چندرن اشون نے تیسرے ٹیسٹ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اجیت آگرکر میلبورن میں ہیں۔ انہیں اور کوچ گوتم گمبھیر کو وراٹ اور روہت شرما سے بات کرنے کی ضرورت ہے۔ ممکن ہے ان دونوں سے بات ہوئی بھی ہو۔ گزشتہ ۸؍ ٹیسٹ کی ۱۴؍ اننگز میں روہت نے ۱۱ء۰۷؍کے اوسط سے صرف ۱۵۵؍ رن بنائے ہیں۔ اول تو وہ فارم میں نہیں ہیں، دوم ان کی کپتانی میں بھی خامی نظر آ رہی ہے۔ اپنی کپتانی میں اس سال ٹی۔۲۰؍ ورلڈ کپ جیتنے والے روہت کا موجودہ سیریز میں موڈ خراب دکھائی دے رہا ہے۔ اگر ہندوستان ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی نہیں کر پاتا ہے تو سڈنی ان کے کریئر کا آخری ٹیسٹ ہو سکتا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا وراٹ اور روہت ٹی ۔۲۰؍ کی طرح ٹیسٹ سے بھی ایک ساتھ ریٹائرمنٹ لیں گے یا صرف ایک بلے باز ایسا کرےگا۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ روہت چمپئن ٹرافی تک ون ڈے فارمیٹ میں کھیلتے رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK