• Thu, 19 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

مشہور افراد کا روٹین، امتحان کی تیاریوں میں مفید

Updated: December 17, 2024, 2:49 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

بیشتر طلبہ کو امتحانات کے دنوں میں ٹائم ٹیبل کے مطابق پڑھائی کرنے میں مشکل ہوتی ہے، ایسے میں وہ دنیا کی کامیاب شخصیات کے شیڈول کو پیش نظر رکھ کر ان کے معمولات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ بہتر ہے کہ ذاتی ٹائم ٹیبل بنائیں، اس پر عمل کریں اور پھر اس کا نتیجہ دیکھیں۔

Learn to face the exam instead of dreading it. Photo: INN
امتحان سے گھبرانے کے بجائے اس کا سامنا کرنا سیکھئے۔ تصویر: آئی این این

امتحانات کے دن قریب آرہے ہیں۔ اسکولوں میں جاری غیرنصابی سرگرمیوں کے ختم ہوتے ہی امتحانات بالکل سر پر آچکے ہوں گے۔ ایسے میں طلبہ گھبراہٹ کا شکار ہوجاتے ہیں۔ کم وقت میں زیادہ پڑھائی کرنا تقریباً ناممکن نظر آنے لگتا ہے لیکن اگر پڑھائی کے اسمارٹ طریقے آزمائے جائیں تو یہ بھی ممکن ہوتا ہے۔ اکثر طلبہ کو شکایت ہوتی ہے کہ وہ امتحانات کے دوران اپنا شیڈول، روٹین یا ٹائم ٹیبل نہیں بناپاتے، اور جو بنا لیتے ہیں وہ اس پر عمل نہیں کرپاتے۔ لیکن یہ بات ہمیشہ یاد رکھئے کہ درست ٹائم ٹیبل آپ کو کامیابی سے ہمکنار کرسکتا ہے۔ ان صفحات پر آپ کو دنیا کی چند مشہور شخصیات کے شیڈول کے بارے میں بتایا گیا ہے جن پر وہ برسوں سے عمل کررہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی زندگی میں ایک توازن ہے اور وہ اپنا ہر کام وقت پر احسن طریقے سے مکمل کرتے ہیں۔ 

طلبہ کیلئے ضروری ہے کہ وہ ان کے شیڈول کو دیکھتے ہوئے اپنا ٹائم ٹیبل بنائیں۔ یہاں بتائی گئیں مشہور شخصیات کے روٹین سے طلبہ یہ باتیں سیکھ سکتے ہیں:

یہ بھی پڑھئے:کامیاب افراد کی زندگی کا ایک دن، طلبہ کیلئے معاون

(۱) صبح کے اوقات میں کم از کم ۳۰؍ منٹ ورزش ضروری ہے۔
(۲) ناشتہ بالکل نہ چھوڑیں۔ کم کھائیں لیکن ناشتہ ضرور کریں۔
(۳) اپنے پورے دن کو ڈیزائن کیجئے کہ آج آپ پورا دن کیا کریں گے، اس کے مطابق عمل کیجئے۔
(۴) روزانہ درجنوں کام کرنے کے بجائے، کسی ایک کام پر توجہ مرکوز کریں۔ ایک وقت میں ایک کام انجام دیجئے۔
(۵) الارم گھڑی کے بغیر جاگنا آپ کیلئے مشکل ہوسکتا ہے لیکن چھٹیوں میں الارم کے بغیر اٹھنے کی عادت ڈالئے۔ یہ ایک صحت مند عادت ہے جسے اپنانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ 
(۶) اگر دن بہت زیادہ مصروف گزرنے والا ہے تو ایلون مسک کی ’’بلاک ۵؍ منٹ‘‘ تکنیک آزمایئے۔
(۷) جاگنے کے فوراً بعد نہانا آپ کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے۔ تحقیق سے ثابت ہے کہ یہ عادت منظم کرتی ہے اور تنقیدی سوچ کا حامل بناتی ہے۔ 

کامیاب لوگوں میں کیا چیز مشترک ہے؟
(۱) اپنے ٹائم ٹیبل پر سختی سے عمل کرتے ہیں 
 کامیاب افرا کے روزمرہ کے معمولات زیادہ مختلف نہیں ہوتے۔ وہ اپنی کامیابی کے راستے میں خلفشار پیدا نہیں ہونے دیتے۔ وہ اپنے معمولات پر قائم رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔
(۲) صبح جلدی بیدار ہوتے ہیں
 تمام کامیاب کاروباری افراد صبح سویرے اٹھنا پسند کرتے ہیں، عام طور پر صبح ۷؍ بجے سے پہلے۔اس طرح ان کے پاس نہانے، ناشتہ کرنے، مراقبہ کرنے، ورزش کرنے اور اپنے روزمرہ کے کام سے نمٹنے کا وقت ملتا ہے۔ 
(۳) ورزش، جاگنگ، چہل قدمی
 اکثر افراد کام شروع کرنے سے پہلے ورزش کرتے ہیں، لیکن ایوان ولیمز کہتے ہیں کہ آپ اپنی پیداواری صلاحیت کے اوقات کے مطابق اپنے ورزش کی منصوبہ بندی کیجئے۔ اگر آپ صبح کے وقت اپنی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرسکتے ہیں تو پھر دن کے دوسرے حصے میں ورزش پر توجہ دیجئے۔ 

یہ بھی پڑھئے: امتحان کی تاریخ کو فنش لائن سمجھا جائے تب ہی مطلوبہ کامیابی یقینی ہوگی

(۴) ناشتہ کبھی نہیں بھولنا چاہئے 
 ایلون مسک کے علاوہ جو دیگر سرگرمیوں کے حق میں ناشتہ چھوڑ دیتے ہیں، اور ڈورسی جو صبح فاسٹ کرتے ہیں، باقی تمام کامیاب افراد کوشش کرتے ہیں کہ وہ ناشتہ ضرور کریں۔ 
(۵) ۷؍ سے ۸؍ گھنٹے کی نیند ضروری 
 ذہنی اور جسمانی طور پر فعال رہنے کیلئے ضروری ہے کہ ۷؍ سے ۸؍ گھنٹے کی نیند پوری کی جائے۔ 
(۶) ذہنی انتشار کا سبب بننے والی چیزوں سے دوری
 آپ نے غور کیا ہوگا کہ کامیاب افراد سوشل میڈیا اور اسمارٹ فون پر وقت ضائع نہیں کرتے۔ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ کتابوں کا مطالعہ کریں یا کچھ نیا کرنے کے بارے میں سوچیں۔ ذہنی انتشار والی چیزوں سے دور رہتے ہیں۔
(۷) اپنے پیداواری اوقات سے واقفیت
 ہر طالب علم کیلئے ضروری ہے کہ وہ اس بات کو جانے کہ دن کے کون سے حصے میں سب سے زیادہ انرجیٹک محسوس کرتا ہے اور اس کی صلاحیتیں عروج پر ہوتی ہیں۔ اس کے مطابق ہی اپنا ٹائم ٹیبل بنائے۔ یقیناً اسے کامیابی ملے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK