گزشتہ دن نیشنل فلم ایوارڈز کا اعلان ہوا جس میں اے آر رحمان کو ’’پی ایس وَن‘‘ کیلئے بہترین موسیقار کا ایوارڈ دیا گیا۔ یہ ان کا ۷؍ واں قومی ایوارڈ ہے۔ اس طرح وہ ہندوستان میں سب سے زیادہ مرتبہ قومی ایوارڈ حاصل کرنے والی فلمی شخصیت بن گئے ہیں۔
EPAPER
Updated: August 17, 2024, 8:01 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
گزشتہ دن نیشنل فلم ایوارڈز کا اعلان ہوا جس میں اے آر رحمان کو ’’پی ایس وَن‘‘ کیلئے بہترین موسیقار کا ایوارڈ دیا گیا۔ یہ ان کا ۷؍ واں قومی ایوارڈ ہے۔ اس طرح وہ ہندوستان میں سب سے زیادہ مرتبہ قومی ایوارڈ حاصل کرنے والی فلمی شخصیت بن گئے ہیں۔
جمعہ کو۷۰؍ ویں نیشنل فلم ایوارڈز کا اعلان ہوا جس میں اے آر رحمان کو منی رتنم کی تمل بلاک بلاسٹر فلم ’’پونیان سیلوان: ون‘‘ (پی ایس وَن) کیلئے بہترین موسیقار کےایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس طرح اے آر رحمان کو ۷؍ ویں مرتبہ قومی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ یہ ہندوستان میں کسی بھی موسیقار یا کسی بھی فلمی شخصیت کیلئے سب سے زیادہ مرتبہ قومی ایوارڈ جیتنے کا نیا ریکارڈ ہے۔ اس طرح اے آر رحمان نے ایساگنانی الائیاراجا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جن کے پاس پانچ نیشنل ایوارڈز ہیں۔ اس فہرست میں وشال بھردواج چار مرتبہ قومی ایوارڈ جیتنے کے ساتھ تیسرے مقام پر ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:شاہ رخ خان نے اپنی روٹین بتائی، صرف ۵؍ گھنٹہ سوتے ہیں، صبح ۲؍ بجے ورزش کرتے ہیں
اے آر رحمان نے بطور موسیقار اپنے کریئر کا آغاز منی رتنم کی فلم ’’روجا‘‘ سے کیا تھا جس کیلئے انہیں پہلی مرتبہ بہترین موسیقار کے قومی ایوارڈ سے نوازاگیا تھا۔ انہیں دوسرا قومی ایوارڈ ۱۹۹۶ء میں ’’مینارساکاناوو‘‘اور تیسرا ۲۰۰۱ء کی فلم ’’لگان ‘‘ کیلئے دیا گیا۔ منی رتنم کی ۲۰۰۲ء کی فلم ’’ کناتھل متھمتل‘‘کیلئے انہیں چوتھا قومی ایوارڈ دیا گیا تھا۔ ۲۰۱۷ء میں منی رتنم کی ’’ کاترو ولیدائی‘‘ اور سری دیوی کی ’’مام‘‘ کی موسیقی کیلئے اے آر رحمان کو پانچواں اور چھٹا نیشنل ایوارڈ تفویض کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے:نیشنل فلم ایوارڈز کا اعلان، کنڑ فلم ’کنتارا‘ کیلئے ریشبھ شیٹی بہترین اداکار
واضح رہے کہ اے آر رحمان نے ہالی ووڈ فلم ’’سلم ڈاگ ملینیئر ‘‘(۲۰۰۸ء) کیلئے ۲؍ آسکر جیتے تھے۔ اسی فلم کیلئے انہیں گولڈن گلوب اوربافٹا سے بھی نوازا گیا تھا۔ ۲۰۱۰ء میں ’’جے ہو‘‘ کیلئے انہیں گریمی میں ۲؍ ایوارڈ ملے تھے۔ ۲۰۰۹ء میں ٹائم میگزین نے انہیں دنیا کی ۱۰۰؍ بااثر افراد کی فہرست میں شامل کیا تھا۔