• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اے آر رحمان کے ساتھ پہلی مرتبہ کام نہ کرنے کا پچھتاوا اب تک ہے: الکا یاگنک

Updated: August 16, 2024, 9:27 PM IST | Mumbai

ایک انٹرویو میں بالی ووڈ کی معروف گلوکارہ الکا یاگنک نے بتایا کہ وہ اور کمار سانو، اے آر رحمان کے ساتھ کام نہ کرنے پر پچھتا رہے تھے۔ اے آر رحمان اس وقت ابھرتے ہوئے موسیقار تھے اور ممبئی میں انہیں کوئی نہیں جانتا تھا۔

Alka Yaganak. Photo: INN
الکا یاگنک۔ تصویر: آئی این این

اے آر رحمان کا شمار دنیا کے بہترین موسیقاروں میں ہوتا ہے۔ تاہم، ایک وقت تھا جب اے آر رحمان ایک ابھرتے ہوئے فنکار تھے اور بالی ووڈ کے نامور افراد ان کے ساتھ کام کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتے تھے بلکہ اکثر معاملات میں یہ کہا جاتا تھا کہ ’’اے آر رحمان کون ہے؟ ہم کسی نامعلوم شخص کے ساتھ کام نہیں کریں گے؟‘‘ حال ہی میں بالی ووڈ کی معروف گلوکارہ الکا یاگنک نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اے آر رحمان کے ساتھ کام نہ کرکے وہ اور کمار سانو اب تک پچھتا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: نیشنل فلم ایوارڈز کا اعلان، بہترین فلم شرمیلا ٹیگور کی ’’گل مہر‘‘

ریڈیو نشہ کو انٹرویو دیتے ہوئے الکا یاگنک نے وہ وقت یاد کیا جب اے آر رحمان نے ان سے پہلی بار رابطہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت انڈسٹری میں اے آر رحمان بالکل نیا نام تھا۔ کوئی بھی خاص طور پر ممبئی میں انہیں کوئی نہیں جانتا تھا۔ جنوبی ہند میں وہ مشہور تھے۔ اس وقت ان کی عمر بہت کم تھی۔ مجھے اس وقت چنئی سے فون آیا کہ اے آر رحمان نام کا ایک نیا موسیقار ہے۔ وہ آپ کا پرستار ہے۔ وہ ایک فلم کیلئے موسیقی ترتیب دے رہا ہے اور وہ چاہتا ہے کہ آپ اور کمار سانو فلم کے تمام گیت گائیں۔ لیکن مسئلہ یہ تھا کہ وہ چاہتا تھا کہ میں اس کام کیلئے فوراً آجاؤں۔ لیکن، میری تاریخیں کافی عرصے تک بک تھیں۔ در حقیقت، مَیں نے ممبئی میں موسیقاروں کے ساتھ اتنا کام کیا تھا اور ایسا تعلق قائم کیا تھا کہ میں انہیں کھونا نہیں چاہتی تھی۔ مزید یہ کہ میں نہیں جانتی تھی کہ اے آر رحمان کون ہے۔ میں ان کی صلاحیتوں سے واقف نہیں تھی۔‘‘ 
گلوکارہ نے مزید کہا کہ ’’پھر میں نے کمار سانو جی کو فون کیا۔ اور چنئی سے آئے کال کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے بھی یہی کہا کہ میری تاریخیں بک ہیں، مَیں انہیں تاریخیں نہیں دے سکتا۔ خدا جانے یہ موسیقار کون ہے۔ میں نے کبھی اے آر رحمان کا نام یا ان کے گانے نہیں سنے ہیں۔ میں چنئی نہیں جاؤں گا۔ اس طرح ہم دونوں نے معذرت کرلی۔ مگر پھر جب مَیں نے گانے سنے تو دل کہہ رہا تھا کہ اپنا سر دیوار پر دے ماروں۔ مَیں نے اس قدر خوبصورت موسیقی اور گانے کبھی نہیں سنے تھے۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: ’استری۲‘ پہلے ہی دن سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی دوسری فلم

اس کے بعد الکا یاگنک نے وہ موقع یاد کیا جب انہوں نے  اے آر رحمان کے ساتھ پہلی مرتبہ کام کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگلی بار جب میں نے اے آر رحمان کے ساتھ کام کیا تو انہوں نے پہلے یہی کہا کہ آپ نے میرے وہ گانے نہیں گائے تھے۔ مجھے کافی شرمندگی ہوئی۔ یوں لگتا تھا کہ زمین کھلے اور مَیں اس میں دفن ہوجاؤں۔ مَیں نے مکمل طور پر اپنا نقصان کرلیا تھا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK