Updated: December 06, 2024, 7:59 PM IST
| Mumbai
ممبئی کی ایک عدالت نے باندرہ پولیس اسٹیشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ ۲۰۲۳ء کی فلم ’’بڑے میاں چھوٹے میاں‘‘ کے ہدایتکار علی عباس ظفر، شریک پروڈیوسر ہمانشو مہرا اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر پروڈیوسر واشو بھگنانی کو دھوکہ دینے کے الزام میں ایف آئی آر درج کرے۔
واشو بھگنانی اور علی عباس ظفر۔ تصویر: آئی این این
اکشے کمار اور ٹائیگر شراف کی فلم ’’بڑے میاں چھوٹے میاں‘‘ ریلیز کے مہینوں بعد بھی مختلف تنازعات میں گھری ہوئی ہے۔ حال ہی میں ممبئی کی ایک عدالت نے باندرہ پولیس اسٹیشن کو ہدایت دی کہ وہ ملٹی اسٹارر فلم کے ڈائریکٹر علی عباس ظفر، شریک پروڈیوسر ہمانشو مہرا اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر پروڈیوسر واشو بھگنانی کو دھوکہ دینے کے الزام میں ایف آئی آر درج کرے۔ خیال رہے کہ فلم کے پروڈیوسر واشو بھگنانی نے ۳؍ ستمبر ۲۰۲۴ء کو ہدایتکار علی عباس ظفر، شریک پروڈیوسر ہمانشو مہرا اور دیگر کے خلاف شکایت درج کروائی تھی۔ انہوں نے ۲۰۲۴ء کی فلم ’’بڑے میاں چھوٹے میاں‘‘ میں کام کرنے کے دوران ان پر دھوکہ دہی، سازش، جعلسازی اور بہت کچھ کرنے کا الزام لگایا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: شیکھر کپور بالی ووڈ کے ساتھ ہی ہالی ووڈ میں بھی شہرت رکھتے ہیں
بھگنانی نے الزام لگایا کہ انہوں نے بڑے بجٹ کی فلم بنانے کے دوران اس کے دستخطوں کو جعلسازی اور مالی ریکارڈ میں ردوبدل کیا اور ان سے زیادہ رقم حاصل کی۔ انہوں نے ان پر دھوکہ دہی اور اخراجات میں اضافے کا الزام بھی لگایا، جس کی وجہ سے کروڑوں روپے کا غلط استعمال ہوا۔ اس سے قبل کی رپورٹس میں یہاں تک کہا گیا تھا کہ فلمساز نے فلم کی ہدایت کاری کیلئے اپنے واجبات کی عدم ادائیگی پر پروڈیوسرز کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ ستمبر ۲۰۲۴ء میں جب بھگنانی نے ابتدائی طور پر پولیس سے رابطہ کیا تو ان کی شکایت پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ جس کے باعث انہیں عدالت سے رجوع کرنا پڑا۔ مقدمے کی اہمیت اور اس میں زیادہ رقم کے پیش نظر عدالت نے مزید شواہد اور قانونی دستاویزات کا مطالبہ کیا ہے۔ نتیجتاً، آئی پی سی کی متعدد دفعہ کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ بشمول دفعہ 120-B، 406، 420، 465، 468، 471، 500، اور 506، جسے آئی پی سی کی دفعہ ۳۴؍ کے ساتھ پڑھا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اللو ارجن کی پشپا ۲؍ ریلیز کے پہلے دن سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی فلم بن گئی
اس کیس نے ایک بار پھر ’’بڑے میاں چھوٹے میاں‘‘ کے تنازعات پر بحث شروع کردی ہے۔ ظفر کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں اکشے کمار، ٹائیگر شراف، مانوشی چھلر اور علایا ایف نے اہم کردار ادا کئے تھے۔ بڑے بجٹ کی یہ فلم باکس آفس پر اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی تھی۔ کیس میں مزید پیش رفت جلد ہی متوقع ہے، خاص طور پر بھارتی شہری تحفظ سنہتا ۲۰۲۳ء کے ساتھ، جس میں متاثرین کیلئے فوری مجرمانہ انصاف اور شفافیت پر زور دیا گیا ہے۔ پروڈکشن ہاؤس پوجا انٹرٹینمنٹ کے بانی واشو بھگنانی بالی ووڈ میں ایک نمایاں نام رہے ہیں۔ ان کا پروڈکشن ہاؤس ۹۰ء کی دہائی میں ایک اہم نام تھا جس نے کئی کامیاب فلمیں بنائی ہیں۔