• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بالی ووڈ کے پہلے خان اور امیتابھ بچن کی فلم ’شکتی‘ نے اوسط کاروبار کیا تھا

Updated: August 26, 2024, 10:07 PM IST | Mumbai

دلیپ کمار (یوسف خان) کو بالی ووڈ کا اولین خان قرار دیا جاتا ہے۔ ۱۹۸۲ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’’شکتی‘‘ میں انہوں نے امیتابھ بچن کے والد کا کردار ادا کیا تھا۔ تاہم، یہ فلم باکس آفس پر اپنا جلوہ دکھانے میں ناکام رہی تھی۔ آج اس کا شمار بالی ووڈ کی بہترین فلموں میں ہوتا ہے۔

Movie poster. Photo: INN
فلم کا پوسٹر۔ تصویر: آئی این این

امیتابھ بچن کا ۱۹۶۹ء میں شروع ہونے والا فلمی سفر ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ وہ گزشتہ ۵۵؍ سال سے انڈسٹری میں کام کررہے ہیں۔ ۸۲؍ سال کی عمر میں بھی وہ ’’کالکی‘‘ جیسی ہٹ فلمیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے ایسی فلموں میں بھی کام کیا جو ریلیز کے وقت اپنا جادو نہیں دکھا سکیں مگر آج ان کا شمار بالی ووڈ کی بہترین فلموں میں ہوتا ہے۔ ایسی ہے ایک فلم ’’شکتی‘‘ (۱۹۸۲ء) ہے۔ اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں امیتابھ بچن نے بالی ووڈ کے ’’اولین خان‘‘ یعنی دلیپ کمار (اصل نام: یوسف خان) کے ساتھ کام کیا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: سدھانت چترویدی اور مالاویکا موہنن کی’’یودھرا‘‘ ستمبر میں سینما گھروں کی زینت بنے گی

اس فلم کا اعلان ۱۹۷۷ء میں کیا گیا تھا۔ رمیش سپی اس فلم سے قبل ’’شان‘‘ کو مکمل کرنا چاہتے تھے اس لئے اس کی شوٹنگ تاخیر کا شکار ہوگئی تھی۔ تاہم، ایک موقع پر امیتابھ بچن نے فلم میں یہ کہہ کر کام کرنے سے انکار کردیا تھا کہ وہ دلیپ کمار جیسے لیجنڈ کے سائے میں کام نہیں کرسکیں گے۔ اس فلم میں دلیپ کمار نے امیتابھ بچن کے والد کا کردار ادا کیا تھا۔ تاہم، دلیپ کمار ہی نے امیتابھ بچن کو حوصلہ دیا کہ وہ اس کردار کیلئے بالکل درست انتخاب ہیں، اور انہیں یہ فلم کرنی چاہئے۔ اس کے بعد ہی امتیابھ بچن تیار ہوئے تھے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اے کے ہنگل نے شاندار فلمی سفر کا آغاز ۵۰؍سال کی عمر میں کیا تھا

’’شکتی‘‘ میں راکھی ، اسمیتا پاٹل، کلبھوشن کھربندا اور امریش پوری نے بھی کام کیا تھا۔ فلم میں اشوک کمار اور انیل کپور مہمان اداکار کے طور پر نظر آئے تھے۔ راکھی نے دلیپ کمار کی بیوی اور امیتابھ بچن کی ماں کا کردار ادا کیا تھا جبکہ انیل نے امیتابھ کے بیٹے کا ایک چھوٹا کردار ادا کیا تھا۔ رمیش سپی کے مطابق، باکس آفس پر ’’شکتی‘‘ کی اوسط کارکردگی کی وجہ یہ تھی کہ تب تک ناظرین امیتابھ بچن کو ’’ون مین شو‘‘ کے طور پر دیکھنے کے عادی ہو چکے تھے۔ اور وہ دلیپ کمار کے ساتھ انہیں نہیں دیکھنا چاہتے تھے۔ مگر آج اس کا شمار بہترین فلموں میں ہوتا ہے۔ اسے امیتابھ بچن کی بہترین فلموں میں سے ایک قرار دیا گیا ہے البتہ فلم میں دلیپ کمار کی اداکاری کے سامنے امیتابھ بچن متاثر نہیں کرسکے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK