دی کپل شرما شو میں گووندہ اور کرشنا ابھیشک نے اپنا ۷؍ سالہ پرانا جھگڑا ختم کرکے ایک دوسرے کو گلے لگالیا۔ اس دوران بھانجے کرشنا نے کہا کہ وہ بچپن میں ماما گووندہ کے ملبوسات چوری کرکے پہنتے تھے۔
EPAPER
Updated: January 03, 2025, 9:19 PM IST | Mumbai
دی کپل شرما شو میں گووندہ اور کرشنا ابھیشک نے اپنا ۷؍ سالہ پرانا جھگڑا ختم کرکے ایک دوسرے کو گلے لگالیا۔ اس دوران بھانجے کرشنا نے کہا کہ وہ بچپن میں ماما گووندہ کے ملبوسات چوری کرکے پہنتے تھے۔
کرشنا ابھیشیک اور ان کے ماموں گووندہ کے درمیان ۷؍ سال جاری لڑائی اب ختم ہوگئی ہے۔ دونوں نے دی کپل شرما شو میں گووندہ کے آنے کے بعد صلح کرلی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل گووندہ، کپل شرما کے شو میں جب بھی آئے، کرشنا ان ایپی سوڈز میں نظر نہیں آئے۔ مگر اس مرتبہ ماموں اور بھانجے نے ساتھ میں پرفارم بھی کیا۔ ارچنا پورن سنگھ نے اس واقعہ کے جذباتی لمحات کو شیئر کیا ہے۔ ارچنا کی جانب سے جاری کئے گئے ویڈیو میں کرشنا نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، دوبارہ ملاپ کو اپنے ’’سات سال کے ونواس‘‘ (سات سال کی جلاوطنی) کا اختتام قرار دیا۔‘‘ کرشنا نے اس وقت کو یاد کیا جب انہوں نے آخری بار گووندا کے سامنے کامیڈی سرکس میں تقریباً ایک دہائی قبل پرفارم کیا تھا۔
اپنے چی چی ماما (گووندہ) کے ساتھ ’’بھرت ملاپ‘‘ پر گفتگو کرتے ہوئے کرشنا نے کہا کہ ’’ایسا ملاپ ہوا ہے کہ مزہ ہی آ گیا۔ میرے خیال میں یہ بہترین لمحات میں سے ایک تھا۔ مَیں آج انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ مَیں نے ان کی کون کون سی اشیاء چوری کی ہیں۔‘‘ کرشنا نے بچپن کے دنوں میں گووندہ کے کپڑے چوری کرنے کے شوق کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’میرے پاس ان کے کپڑوں کا ایک مجموعہ ہے، جو انہوں نے اپنے گانوں میں پہنا ہے۔ جب مَیں نے ان سے پہننے کیلئے مانگا تو انہوں نے نہیں دیا اس لئے مَیں نے ان کے کپڑے چوری کرلئے۔ ان کے پاس اتنے کپڑے تھے، بھلا انہیں کیسے پتہ چلے گا؟ رات کو میں ان کی الماری کھولتا اور ایک قمیض چوری کرلیتا۔ چوری کرنے کے بعد بڑے اعتماد کے ساتھ اسے ان کے سامنے پہن بھی لیتا تھا جیسے انہیں کبھی اس کا پتہ ہی نہیں چلے گا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ۲۰۲۴ء ہندی فلم انڈسٹری میں ’اوریجنل‘ اور نئی کہانیوں کے فقدان کا سال رہا
کرشنا نے ایک واقعہ بھی بتایا کہ ’’ایک بار انہوں نے مجھے پکڑا اور پوچھا، `یہ قمیض کہاں سے آئی ہے؟ میں نے کہا، یہ آپ نے مجھے دی ہے۔ انہوں نے کہا ایسا ممکن ہی نہیں ہے۔ اس دن میں پکڑا گیا تھا۔‘‘ واضح رہے کہ کرشنا اور گووندہ کے درمیان جھگڑا برسوں پہلے اس وقت شروع ہوا جب کرشنا کی بیوی کشمیرا شاہ نے مبینہ طور پر گووندہ کی بیوی سنیتا کے بارے میں ایک تبصرہ کیا۔ تنازع اس وقت بڑھ گیا جب دونوں فریقوں نے برسوں کے دوران گرما گرم تبصروں کا تبادلہ کیا۔ تاہم، کپل شرما شو میں ان کی حالیہ مفاہمت نے ان کے دیرینہ خلفشار پر پردہ ڈال دیا ہے، شائقین ان کے دوبارہ ملاپ کو خوشی اور پرانی یادوں کے لمحے کے طور پر منا رہے ہیں۔