Updated: January 10, 2025, 9:53 PM IST
| California
آسکر ایوارڈکیلئے۲؍ بار نامزد ہونے والے اور۳؍ ایمی ایوارڈز کے فاتح جیمس ووڈس یہ بتاتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے کہ لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے ان کا عالیشان گھر جل کر خاکستر ہوگیا۔ بعد ازاں سوشل میڈیا صارفین نے غزہ نسل کشی کا ان کا پرانا مگرسنگ دلانہ تبصرہ ایکس پر ڈھونڈ نکالا اور اس پر مختلف تبصرے کئے۔
لاس اینجلس کے جنگل میں لگی آگ، دوسری تصویر میں جیمس ووڈس روتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔
امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ میں شوبز سے تعلق رکھنے والے متعدد شخصیات کے مہنگے اور پُرتعیش گھر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے۔ نیوز چینل سی این این کے لائیو شو میں آسکر ایوارڈکیلئے۲؍ بار نامزد ہونے والے اور۳؍ ایمی ایوارڈز کے فاتح جیمس ووڈس یہ بتاتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے کہ ان کا عالیشان گھر جل کر خاکستر ہوگیا۔ جیمس ووڈ کا گھر بھی لاس اینجلس کے جنگلات سے گھرے پُرفضا مقام پیسیفک پیلیسیڈز پر واقع تھا جو دیگر متعدد شوبز ستاروں کا بھی مسکن ہے۔
جیمس ووڈ نے روتے ہوئے انٹرویو میں کہا کہ کیسا المیہ ہے، ایک دن آپ گھر کے سوئمنگ پول میں نہا رہے ہوتے ہیں اور اگلے ہی روز پورا گھر راکھ کا ڈھیر بن جاتا ہے۔ یاد رہے کہ یہ وہی امریکی اداکار ہیں جنہوں نے غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی نسل کشی پر حوصلہ افزائی کی تھی۔ جیمس ووڈ نے اُس وقت اپنی ٹوئٹس میں لکھا تھا کہ ان سب کو مار ڈالو، شاباش نیتن یاہو، آپ نے امریکی کٹھ پتلیوں کی ایک نہ سنی۔ غزہ پر حملے جاری رکھیں۔ سی این این انٹرویو میں جیمس ووڈ کی روتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین نے اداکار کو یاد دلایا کہ کس طرح وہ مجبور اور بے کس غزہ کے فلسطینیوں پر مظالم پر خوش ہوا کرتے تھے۔ سوشل میڈیا صارفین نے پوچھا کہ ظلم کی حمایت کرنے پر پچھتاوا تو ہوتا ہوگا؟ بے گھر ہونے کی تکلیف اور اپنے گھر کو اپنے سامنے جلتا دیکھ کر فلسطینی یاد تو آتے ہوں گے۔
یہ بھی پڑھئے: شاہ رخ خان اور سونو سود ’’فاتح ۲‘‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے
سوشل میڈیا پر صارفین کے تبصرے
ممتاز امریکی امام اور کارکن عمر سلیمان نے ایک ایکس پوسٹ میں کہا کہ دعا ہے کہ خدا لاس اینجلس اور اس سے باہر کے بے گناہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کرے۔ غزہ کے لوگوں کو اقتدار کے ایوانوں میں ظالموں کے ہاتھوں تباہ کیا جا رہا ہے، لیکن وہاں کوئی توجہ نہیں دے رہا جبکہ کچھ لوگ اپنی حویلیوں میں خود کو ناقابل تسخیر محسوس کرتے ہیں۔
دوسرے صارف نے فلسطینیوں کے بارے میں جیمسووڈس کے ماضی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اداکار ہمدردی کا مستحق نہیں ہے۔ میں نہیں جانتا کہ مجھے کسی کو ان کے برے وقت میں اس طرح دیکھ کر خوشی محسوس کرنی چاہئے یا نہیں، لیکن میں یقینی طور پر اس برے شخص کیلئے اداس نہیں ہوں۔
یہ بھی پڑھئے: زینڈایا اور ٹام ہالینڈ نے منگنی سے قبل ایک دوسرے کے نام کا ٹیٹو بنوایا تھا
ایک اور صارف @Adeline_313 نے ووڈس کی ماضی کی ٹویٹ کا ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں اسرائیل کی تلقین کی گئی تھی کہ ’’کوئی جنگ بندی، کوئی سمجھوتہ، کوئی معافی نہیں۔ کِل دیم آل‘‘۔ جیمس ووڈس نے فلسطینیوں کے قتل کا مطالبہ کیا، یہاں تک کہ بچوں کو بھی زندہ جلایا جا رہا ہے۔ اب اس کا گھر جل گیا ہے۔ واقعی، خدا کا انصاف کسی کو نہیں بخشتا، اس زندگی میں اور نہ اگلی زندگی میں۔ ‘‘