ایک تقریب کے دوران ’’منا بھائی ایم بی بی ایس‘‘ اور ’’لگے رہو منا بھائی‘‘ کے ہدایتکار راجکمار ہیرانی نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے ’’منا بھائی‘‘ سیریز کی تیسری قسط پر کام کررہے ہیں۔
EPAPER
Updated: October 18, 2024, 10:05 PM IST | Mumbai
ایک تقریب کے دوران ’’منا بھائی ایم بی بی ایس‘‘ اور ’’لگے رہو منا بھائی‘‘ کے ہدایتکار راجکمار ہیرانی نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے ’’منا بھائی‘‘ سیریز کی تیسری قسط پر کام کررہے ہیں۔
ہندی فلم انڈسٹری میں اپنی کامیابیوں کیلئے مشہور ہدایتکار راجکمار ہیرانی نے جمعہ کو ممبئی میں منعقدہ ایک تقریب میں اپنی پہلی بلاک بسٹر فلم ’’منا بھائی ایم بی بی ایس‘‘ اور اس کے تیسرے حصہ کے امکان کے بارے میں بات چیت کی۔ ہیرانی نے انکشاف کیا کہ وہ منا بھائی سے متعلق متعدد پروجیکٹس پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’میرے پاس منا بھائی کیلئے پانچ آدھے مکمل اسکرپٹ ہیں۔ میں نے اسکرپٹ پر چھ مہینے گزارے، انٹرول تک پہنچ گیا، مگر اس سے آگے نہیں بڑھا۔ ایک ’’منا بھائی ایل ایل بی‘‘، ’’منا بھائی چل بسے‘‘، ’’منا بھائی چلے امریکہ‘‘، اور بھی بہت کچھ۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’منا بھائی کی اگلی فلم کا سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ یہ پچھلی فلموں سے بہتر ہو۔ لیکن اب، میرے پاس ایک انوکھا خیال ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’’ڈُون: پروفیسی‘‘ کا ٹریلر ریلیز، وشال بھردواج نے تبو کی تعریف کی
تیسری ’’منا بھائی‘‘ فلم بنانے کے دباؤ پر بات کرتے ہوئے ہیرانی نے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ سنجو ابھی گھر آئے گا اور مجھے کہے گا کہ اب اگلی فلم بنا بھی دو۔ وہ واقعی ایک اور منا بھائی فلم کرنا چاہتے ہیں۔ مَیں سنجیدگی سے اگلی منا بھائی فلم کے ساتھ آگے بڑھنے پر غور کر رہا ہوں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: لیئم پین کے انتقال پر ’ون ڈائریکشن‘ کا اظہار تعزیت
خیال رہے کہ ’’منا بھائی ایم بی بی ایس‘‘ (۲۰۰۳ء) کی کامیابی کے بعد راجکمار ہیرانی نے ’’لگے رہو منا بھائی‘‘ (۲۰۰۶ء) بنائی تھی جو باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے منا بھائی سیریز کی تیسری قسط کے متعلق چہ میگوئیاں جاری ہیں مگر اب تک فلم کا باقاعدہ اعلان نہیں ہوا ہے۔ فی الحال، راجکمار ہیرانی ایک اسٹریمنگ سیریز پر کام کر رہے ہیں جس میں وکرانت ماسی شامل ہیں، لیکن انہوں نے ابھی اپنے اگلے فلم پروجیکٹ کا اعلان نہیں کیا ہے۔