• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

رانی مکھرجی نے آسٹریلیائی پارلیمنٹ میں یش چوپڑا کا پہلا خصوصی ڈاک ٹکٹ لانچ کیا

Updated: August 13, 2024, 8:47 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

رانی مکھرجی نے یش راج فلمز کے ۵۰؍ سال مکمل ہونے پر آسٹریلیائی پارلیمنٹ میں یش چوپڑا کا پہلا خصوصی ڈاک ٹکٹ لانچ کیا۔

Rani Mukerji and Karan Johar Launched Yash Chopra`s First Special Stamp. Photo: INN
رانی مکھرجی اور کرن جوہر نے یش چوپڑا کا پہلا خصوصی ڈاک ٹکٹ لانچ کیا۔ تصویر : آئی این این

یہ ہندوستانی فلم انڈسٹری کیلئے ایک تاریخی لمحہ تھا جب اداکارہ رانی مکھرجی نے آنجہانی فلمساز یش چوپڑا کی یاد میں ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ کی نقاب کشائی کی۔ یہ اہم لمحہ آسٹریلیائی پارلیمنٹ میں ہندوستانی سنیما کے پہلے جشن کے دوران پیش آیا، جو میلبورن کے ہندوستانی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف ایم) کے ۱۵؍ویں سال کے موقع پر منعقد ہوا تھا۔ اس تقریب میں رانی مکھرجی اور کرن جوہر کی پارلیمنٹ میں کلیدی تقریریں بھی شامل تھیں۔ اس خصوصی شام کی خاص بات آنجہانی یش چوپڑا کی یاد میں ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ کی نقاب کشائی تھی، جس میں ہندوستانی سنی میں ان کی انمول شراکت اور ہندی سنیما کو ایک عالمی پاپ کلچر تحریک بنانے میں ان کے اثر و رسوخ کو خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: ڈیڈپول اینڈ وولورین: ۲۰۲۴ء کی ایک بلین ڈالر کمانے والی دوسری فلم

یش چوپڑا میلبورن کے انڈین فلم فیسٹیول کے پہلے سرپرست تھے، اور ان کے اس تقریب سے ہمیشہ گہرے تعلقات رہے ہیں۔ اس پروقار تقریب میں ممتاز معززین، اراکین پارلیمنٹ اور مختلف وزراء کی موجودگی نے ہندوستانی سنیما کے عالمی اثرات اور ثقافتی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اس تاریخی موقع پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، رانی مکھرجی نے کہاکہ’’مجھے اس اہم موقع کا حصہ بننے پر واقعی فخر اورخوشی محسوس ہو رہی ہے کیونکہ آسٹریلیا کی پارلیمنٹ میں لیجنڈ فلمساز یش چوپڑا کے یادگاری ڈاک ٹکٹ کی رونمائی کی گئی۔ یہ نہ صرف یش چوپڑا اور وائی آر ایف کے ۵۰؍ سال کی بھرپور اور بااثر میراث کا جشن ہے بلکہ ہندوستانی فلم انڈسٹری کا بھی ہے جس نے سنیما کی طاقت سے لاتعداد لوگوں کو محظوظ کیا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: اولمپکس: ٹام کروز نے انسٹا گرام پر پیرس انتظامیہ اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا

آئی ایف ایف ایم کے ڈائریکٹر میتو بھومک لانگے نے کہاکہ ’’یہ ہمارے لیے یادگار ہے کہ رانی مکھرجی نے اس خاص شام میں یش جی کا ڈاک ٹکٹ لانچ کیا۔ ان کا تعاون آنے والی نسلوں کو متاثر کرتا رہے گا۔ یہ ہمارے لیے ایک شاندار لمحہ ہے کیونکہ یش جی اس تقریب کے سرپرست تھے۔‘‘ میلبورن کا انڈین فلم فیسٹیول ثقافتی تبادلے کی علامت ہے، جو ہندوستانی سنیما کے بھرپور تنوع اور تخلیقی صلاحیتوں کو ظاہر کرتا ہے۔ اس سال کی تقریب ۱۵؍ سے ۲۵؍ اگست ۲۰۲۴ء تک میلبورن میں ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK