Updated: April 28, 2025, 6:00 PM IST
| Mumbai
سلمان خان نے اپنے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اطلاع دی ہے کہ ’’پہلگام دہشت گردانہ‘‘ حملے کے پیش نظر ان کا برطانیہ کا ’’بالی ووڈ بگ ٹور‘‘ ملتوی کیا گیا ہے جو ۴؍ تا ۵؍ مئی ۲۰۲۵ء کو مانچسٹر، لندن میں منعقد کیا جانے والا تھا۔ پوسٹ کے مطابق جلد ہی اس ٹور کی نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔
سلمان خان کا برطانیہ کاٹور، جسے ’’بالی ووڈ بگ ٹور‘‘ کا نام دیا گیا ہے، کی شروعات ۴؍ تا ۵؍ مئی کو برطانیہ سے ہونے والی تھی۔ تاہم، سلمان خان نے آج صبح یہ اعلان کیا ہے کہ ’’پہلگام دہشت گردانہ حملے‘‘ کے پیش نظر ان کے برطانیہ کے ٹور کو ملتوی کیا گیا ہے۔ سلمان خان نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر یہ خبر دی ہے۔ اپنے انسٹاگرام پوسٹ میں ’’سکندر‘‘ کے اداکار نے ٹور کا آفیشل پوسٹر شیئر کیا ہے جس میں سارہ علی خان، ٹائیگر شراف، ورون دھون، مادھوری دکشت، کریتی سینن، دیشا پٹانی، سنیل گروور، منیش پول اور سلمان خان کو دیکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اپنے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے ’’ملتوی۔‘‘ اس کے بیگ گراؤنڈ میں لکھا ہے ’’برطانیہ کا ’’دی بالی ووڈبگ ون‘‘ ٹورملتوی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: میٹ گالا ۲۰۲۵ء: شاہ رخ خان ریڈ کارپیٹ پر چلیں گے
انہوں نے اپنے کیپشن میں لکھا ہے ’’حال ہی کشمیر میں ہونے والے حملے اور اس افسردگی کے ساتھ ہم نے اس ٹور کو پروموٹ کرنے والے افراد سے درخواست کی ہے کہ وہ ’’بالی ووڈبگ ون شوز‘‘، جو ۴؍ مئی تا ۵؍ مئی ۲۰۲۵ء کو مانچسٹر،لندن میں منعقد کیا جانے والا تھا، کو ملتوی کردیں۔‘‘ انہوں نے اپنے پوسٹ کے کیپشن میں مزید لکھا ہے کہ ’’ہم یہ سمجھتے ہیں کہ مداح ان پرفارمنس کو دیکھنے کا کتنا انتظارکررہے تھے۔ ہمیں محسوس ہوا کہ رنج و غم کے اس المیے میں ہمیں اسے ملتوی کردینا چاہئے۔ ہم اس مایوسی اور پریشانی کیلئے آپ سے معافی کے طلبگار ہیں۔ جلد ہی شو کی نئی تاریخوں کا بھی اعلان کیا جائے گا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: میک موہن آج بھی سانبھا کے نام سے مشہور ہیں
گزشتہ ہفتے ’’پہلگام دہشت گردانہ حملے‘‘ کے بعد کئی شوز منسوخ یا ملتوی کئے گئے ہیں۔ ۲۵؍ اپریل ۲۰۲۵ء کو اپنے سوشل میڈیا پر شریا نے ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’’اس دردناک واردات کے بعد شو کا انعقاد کرنے والے افراد نے مشترکہ طور پر ۲۶؍ اور ۲۷؍ اپریل کو سنیچر اور اتوار کو سورت، گجرات میں منعقد ہونے والے اس شو کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘ ارجیت سنگھ نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد چنئی میں ہونے والے اپنے شو کو منسوخ کردیا تھا۔