• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پرانے نغموں کی جاذبیت کو برقرار رکھ کر انہیں اپنی آواز دینے والے صنم پوری

Updated: September 01, 2024, 5:39 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

صنم پوری آج پوری دنیا میں اپنی گلوکاری کے سبب مشہور ہیں۔ وہ بالی ووڈ کے گلوکار نہیں ہیں۔ اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعے انہوں نے موسیقی کے شائقین کو اپنی جانب راغب کیا ہے۔ بالی ووڈ کے پرانے نغموں کا ریمیکس بناکر انہیں اپنی آواز میں پیش کرنے والے صنم پوری کے ہر نغمے کو پسند کیا گیا ہے۔

Sanam Puri. Photo: INN
صنم پوری۔ تصویر : آئی این این

گلوکار صنم پوری اور ان کے نغمے عالمی سطح پر مقبول ہیں۔ صنم پوری بالی ووڈ کے پرانے نغموں کو نئے انداز میں بہترین طریقے سے پیش کرنے کیلئے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے ’’لگ جا گلے‘‘ اور ’’یہ راتیں یہ موسم‘‘ جیسے معروف نغموں کو اپنی آواز میں پیش کیا ہے۔ وہ ان نغموں کے ریمیک کے دوران ان کی جاذبیت کو برقرار رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے نغمہ ذوق و شوق سے سنے جاتے ہیں۔ تاہم، ان کی زندگی میں ایک وقت ایسا آیا تھا جب انہیں گلوکاری کیلئے سخت تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ نیوز۱۸؍ شوشا کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں، صنم پوری نے کہا کہ وہ اپنے نغمے ریلیز کرنے سے پہلے ہمیشہ ’’گھبراہٹ‘‘ محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’پرانے نغموں کو نئے انداز میں اس طرح پیش کرنا کہ سامعین کو پسند آئے، ایک بڑا چیلنج ہے لیکن جب ہم ہر بار اس میں کامیاب ہوتے ہیں تو بڑی خوشی ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بالی ووڈ کے پہلے خان اور امیتابھ بچن کی فلم ’شکتی‘ نے اوسط کاروبار کیا تھا

ہم نغموں کے اصل تخلیق کاروں کا احترام کرتے ہیں اور اپنی طرف سے ردوبدل اس طرح کرتے ہیں کہ نغمہ اپنا ’’نوسٹیلجیا‘‘ نہیں کھوتا۔ تنقید ناگزیر ہے، لیکن ہم ایسی چیز بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہیں جس پر ہم یقین رکھتے ہیں اور جس سے ہمارے مداح لطف اندوز ہوں گے۔ جب گانا ریلیز ہوتا ہے تو گھبراہٹ ہوتی ہے، اور پھر یہ جوش میں بدل جاتی ہے، اور ہمارے مداحوں کی طرف سے مثبت تاثرات ہمیں مطمئن کردیتے ہیں۔ ‘‘
گلوکار نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ پرانے نغموں کے علاوہ اوریجنل گانے بنانے پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔ اس پر روشنی ڈالتے ہوئے صنم نے کہا کہ ’’ہم کلاسیکی موسیقی کو پیش کرناپسند کرتے ہیں، مگر ہم اوریجنل نغمہ بھی تیار کرنا چاہتے ہیں اور ہم اس ضمن میں کام بھی کررہے ہیں۔ ہم یہ جاننے کیلئے بے تاب ہیں کہ ہمارے اوریجنل نغموں پر مداحوں کا کیا ردعمل ہوگا۔ ہم اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اس پہلو کو مزید دریافت کرنے کیلئے بے چین ہیں۔‘‘ صنم نے مزید کہا کہ اگرچہ ان کے ریمیکس بہت زیادہ پسند کئے جاتے ہیں لیکن ان کے اوریجنل نغموں کو بھی اتنا ہی سراہا جاتا ہے۔ گلوکار نے وہ وقت یاد کیا جب ان کا پہلا اوریجنل نغمہ ’’تیری آنکھوں سے‘‘ وائرل ہوا تھا تو وہ حیران رہ گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’’جب سوشل میڈیا پر ہمارا نغمہ سنائی دینے لگا اور ہر طرف اس کے مناظر آنے لگے تو ہم حیران رہ گئے تھے۔ اس وقت ہمیں انٹرنیٹ کی طاقت کا احساس ہوا۔ اس کے بعد، ہمارے کچھ ریمیکس نغمے جیسے ’’گلابی آنکھیں‘‘ اور ’’لگ جا گلے‘‘ بھی وائرل ہوئے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے:سدھانت چترویدی کی فلم ’یدھرا‘ کا ٹریلر جاری

خیال رہے کہ صنم پوری نے بہت کم عمر سے گلوکاری کی شروعات کی تھی مگر انہیں اکثر تنقیدوں کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔ تاہم، انہوں نے مشق ترک نہیں کی۔ آج وہ بالی ووڈ کے گلوکار نہیں ہیں، یا، بالی ووڈ فلموں میں گلوکاری نہیں کرتے مگر اپنے یوٹیوب چینل سے موسیقی کے شائقین کو اپنی جانب کھینچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ صنم پوری وہ گلوکار ہیں جنہوں نے نئی نسل کو بالی ووڈ کے پرانے نغموں سے خوبصورتی سے جوڑا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ پرانے نغموں کے مداح بھی صنم پوری کے ریمیکس کو پسند کرتے ہیں اور ان کی پذیرائی کرتے رہتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK