• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’ارتھ‘ کیلئے شبانہ اعظمی نے معاوضہ نہیں لیا تھا: مہیش بھٹ کا انکشاف

Updated: August 11, 2024, 7:37 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

مہیش بھٹ نے ایک حالیہ انٹرویو میں ’’ارتھ‘‘ کے متعلق کہا کہ اس فلم کیلئے شبانہ اعظمی نے معاوضہ نہیں لیا تھا اور جب اسمیتا پاٹل کومعاوضے کی پیشکش کی گئی تو وہ سخت حیران تھیں کیونکہ اس وقت مَیں کامیاب ہدایتکار نہیں تھا اور کوئی پروڈیوسر میرے ساتھ فلم نہیں بنانا چاہتا تھا۔

Mahesh Bhatt. Photo: INN
مہیش بھٹ۔ تصویر : آئی این این

۱۹۸۲ء میں جب مہیش بھٹ ’’ارتھ‘‘ بنارہے تھے اس وقت وہ ایک کامیاب ہدایتکار نہیں تھے۔ اس فلم میں اسمیتا پاٹل، شبانہ اعظمی اور کلبھوشن کھربندہ مرکزی کرداروں میں تھے۔ یہ فلم غیر ازدواجی تعلقات کے موضوع پر مبنی تھی اور اس سے صرف ایک سال قبل یش چوپڑہ نے امیتابھ بچن، ریکھا اور جیا بچن کے ساتھ اسی طرح کی تھیم پر فلم بنائی تھی۔ ایک حالیہ انٹرویو میں جب مہیش بھٹ سے ’’ارتھ‘‘کی کاسٹنگ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ کس طرح شبانہ اور اسمیتا اس فلم کا حصہ بننے کیلئے بے چین تھیں۔

یہ بھی پڑھئے: سنیل شیٹی ہیروبھی رہے اور منفی و مزاحیہ کردار بھی ادا کئے

مہیش بھٹ نے شبانہ کو فلم کی کہانی سنائی تو اس فلم میں کام کرنے کیلئے شبانہ نے فیس نہیں لی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اسمیتا اس وقت حیران رہ گئی تھیں جب مَیں نے انہیں معاوضے کی پیشکش کی۔ مہیش بھٹ نے کہا کہ ’’جب میں نے اسمیتا کو فلم کی کہانی سنائی تو انہوں نے فوراً ہاں کہہ دی۔ پروڈیوسر نے مجھے پیسے دیے تھے، اور جب میں نے اسمیتا کو معاوضے کی پیشکش کی تو انہوں نے پوچھا، کیا تم مجھے اس کیلئے پیسے دو گے؟ اس وقت اداکار سیٹ پر اپنا کھانا حتیٰ کہ ملبوسات تک لے کر آتے تھے۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے:اگر فلم ۳۰۰؍ کروڑ نہ کمائے تو سلمان خان اداس ہوجاتے ہیں: نکھل اڈوانی کا انکشاف

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں ’’سلسلہ‘‘ دیکھنے کے بعد ’’ارتھ‘‘ کا خیال آیا تو ڈائریکٹر نے کہا کہ ’’ایسا نہیں ہے۔ یش چوپڑہ کی فلم میں بےوفائی کے خیال سے مَیں متفق نہیں تھا اس لئے ’’ارتھ‘‘ میں مَیں نے وہ بنایا جو شائقین دیکھنا چاہتے تھے۔ لوگوں نے مجھے کہا کہ تم یش چوپڑہ کی نقل کرنے کی کوشش کررہے ہو، اگر انہیں معلوم ہوگا کہ تم نے ان کی فلم کی اسٹوری لائن پر اس قسم کی کہانی لکھی ہے تو وہ ضرور تمہاری پٹائی کریں گے۔ انڈسٹری کی ایک بڑی شخصیت نے کہا کہ کہانی اس طرح مکمل کرو کہ شبانہ کو کوئی دوسرا شخص مل جائے لیکن مَیں نے کہا کہ مَیں ایسا نہیں کرنا چاہتا۔ میں لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ’’عورت تنہا بھی مکمل ہوسکتی ہے۔‘‘ اور مجھے یقین تھا کہ فلم اسی حقیقت کی وجہ سے پسند کی جائے گی۔‘‘ واضح رہے کہ ’’ارتھ‘‘ کو اب بھی ہندی سنیما میں بنائی گئی ماورائے ازدواجی معاملات پر سب سے زیادہ پختہ فلموں میں سے ایک کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK