ایک حالیہ انٹرویو میں کنگ خان شاہ رخ نے ’’زیرو‘‘ کی ناکامی کے بعد ۵؍ سال تک کام نہ کرنے کی وجہ بتائی۔ ’’زیرو‘‘ کے بعد انہیں خلا باز راکیش شرما کی بایوپک ’’سارے جہاں سے اچھا‘‘ میں کام کرنا تھا مگر انہوں نے فلم سے علاحدگی اختیار کرلی تھی۔
EPAPER
Updated: August 15, 2024, 9:57 PM IST | Mumbai
ایک حالیہ انٹرویو میں کنگ خان شاہ رخ نے ’’زیرو‘‘ کی ناکامی کے بعد ۵؍ سال تک کام نہ کرنے کی وجہ بتائی۔ ’’زیرو‘‘ کے بعد انہیں خلا باز راکیش شرما کی بایوپک ’’سارے جہاں سے اچھا‘‘ میں کام کرنا تھا مگر انہوں نے فلم سے علاحدگی اختیار کرلی تھی۔
۲۰۱۸ء میں شاہ رخ خان کی وی ایف ایکس سے سجی فلم ’’زیرو‘‘ باکس پر کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی جس سے دل برداشتہ ہوکر اداکار نے کچھ عرصے کیلئے فلموں سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔ اس کے ۵؍ سال بعد ۲۰۲۳ء میں جب انہوں نے فلم ’’پٹھان‘‘ کے ساتھ پردۂ سیمیں پر واپسی کی تو انہوں نے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔ ان کی یکے بعد دیگرے ۳؍ بلاک بسٹر فلمیں (پٹھان، جوان، ڈنکی)۔ آج تک کسی بھی اداکار نے اس طرح زبردست طریقے سے واپسی نہیں کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی شاہ رخ خان نے ثابت کردیا تھا کہ بالی ووڈ کے اصلی کنگ وہی ہیں۔ ایک حالیہ انٹرویو میں، سپر اسٹار نے ’’زیرو‘‘ کی ناکامی کے بارے میں کھل کر بات چیت کی اور بتایا کہ اس نے بطور اداکار ان پر کیا اثرات مرتب کئے تھے۔ اس دوران انہوں نے خلاباز راکیش شرما کی زندگی پر بننے والی سوانحی فلم ’’سارے جہاں سے اچھا‘‘ سے نکل جانے کے بارے میں بھی گفتگو کی۔
یہ بھی پڑھئے: مجھے اُن کرداروں سے نفرت ہے جو خواتین کی توہین کرتے ہیں: شاہ رخ خان
شاہ رخ خان نے ورائٹی کو بتایا کہ ’’یہ وقفہ فلموں کی وجہ سے نہیں تھا۔ میں نے ہمیشہ اس بات کو برقرار رکھا ہے کہ جس دن مَیں صبح اٹھوں گا اور مجھے شوٹ کرنے کا دل نہیں کرے گا، اس دن مَیں کام کرنا بند کردوں گا۔ سچ پوچھیں تو یہ فلموں کی ناکامی کے سبب نہیں تھا۔ مجھے جنوری میں ایک فلم کی شوٹنگ کرنی تھی۔ دسمبر کی ایک صبح مَیں بیدار ہوا اور میرے دل و دماغ میں یہی تھا کہ مَیں شوٹنگ نہیں کرنا چاہتا۔ چنانچہ مَیں نے پروڈیوسر کو فون کیا اور کہا کہ مَیں ایک سال تک کام نہیں کرنا چاہتا۔ اس نے کہا، `یہ ممکن نہیں ہے۔ آپ ایک منٹ بھی کام کئے بغیر نہیں رہ سکتے۔ آپ کو فلم پسند نہیں ہے۔ یہ مت کہئے کہ آپ ایک سال تک کام نہیں کریں گے۔ سچ کہوں تو میرا طریقہ بالکل بھی پروفیشنل نہیں تھا۔ پھر ڈیڑھ سال بعد ھروڈیوسر نے مجھے فون کیا اور کہا کہ `مجھے واقعی حیرت ہے آپ کام نہیں کررہے ہیں۔ دراصل مَیں اس وقت صرف اداکاری نہیں کرنا چاہتا تھا۔ میرے لئے اداکاری ایک ایسا احساس ہے جس میں کچھ مفہوم ہو۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: انٹرویو کے دوران عرفان خان کو یاد کرتے ہوئے منو رشی جذباتی ہوگئے
مسلسل تین میگا ہٹ فلموں کے بعد، شاہ رخ خان کی اگلی فلم ’’کنگ‘‘ ہے جس میں وہ ایک گینگسٹر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس فلم میں ابھیشیک بچن، سہانا خان اور ابھے ورما بھی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم کے ہدایتکار سوجوئے گھوش ہیں جبکہ سدھارتھ آنند تخلیقی پروڈیوسر ہیں۔