Inquilab Logo Happiest Places to Work

شاہ رخ خان ۲۵؍ سال میں بالکل نہیں بدلے ہیں: راجیش کھٹر

Updated: April 12, 2025, 6:05 PM IST | Mumbai

شاہ رخ خان کے دوست راجیش کھٹر نےایک انٹرویو میں شاہ رخ خان کے تعلق سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’شاہ رخ خان گزشتہ ۲۵؍سال میں بالکل نہیں بدلے۔ وہ اسٹار سے سپر اسٹار اور اب میگا اسٹار ہیں۔‘‘ انہوں نے کنگ خان کو ’’حقیت پسند اور زمینی شخص قرار دیا۔‘‘

King Khan SRK. Photo: INN
کنگ خان ایس آر کے۔ تصویر: آئی این این

امیتابھ بچن کے بعد شاہ رخ خان ایسے واحد اداکار ہیں جن کے تعلق سے اچھی باتیں ہی شیئر کی جاسکتی ہیں۔ شاہ رخ خان (۵۹) کے ساتھ جو بھی کام کرتا ہے وہ ان کی ہمدردی اور سخاوت کی تعریف کرتا ہے۔ حال ہی میں کنگ خان کے دوست راجیش کھٹر، جنہوں نے نئی دہلی کے اسی کالج میں پڑھائی کی ہے جس میں شاہ رخ خان نے پڑھائی کی ہے، نے فرائیڈے ٹاکیز کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’’جب ہم دونوں (ایس آر کے اور راجیش کھٹر) تھیٹر سرکٹ کا حصہ تھے اس وقت بھی شاہ رخ خان زمینی اور حقیقت پسند شخص تھے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: تاپسی پنو اور کنیکا ڈھلون نے ’’حسین دلربا‘‘ سیریز کی تیسری فلم کا اشارہ دیا

راجیش کھٹر، جو شاہ رخ خان کو ان کے کریئر کے آغاز اور کالج کی زندگی سے جانتے ہیں، نے ۲۰۰۶ء میں فلم ’’ڈان‘‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کیا تھا۔ انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ہم دونوں ایک ہی کالج سے پڑھے ہوئے ہیں کیونکہ ہم دونوں کا تعلق نئی دہلی سے تھا۔ ہم ایک دوسرے سے واقف تھے اورہم نے ہندو سکھ سیریز میں ایک ساتھ بہت کام کیا ہے جو ان دنوں بنائی جاتی تھی۔‘‘ جب شاہ رخ خان فلم ’’زمانہ دیوانہ‘‘ (۱۹۹۵ء) کی شوٹنگ میں مصروف تھے تو اس وقت راجیش کھٹر اکثر وبیشتر ان سے ملاقات کیا کرتے تھے کیونکہ ان کی اہلیہ نلیما عظیم بھی اس فلم کا حصہ تھیں۔ بعد ازیں دونوں کی ملاقات کم ہونے لگیں لیکن راجیش کھٹر شاہ رخ خان سے جب بھی ملتے تھے وہ بدلتے نہیں تھے۔ راجیش کھٹر نے شاہ رخ خان کے کردار کے تعلق سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’شاہ رخ خان ہیرے کی مانند ہیں اور وہ حقیقی زندگی میں بھی ایک شاندار شخصیت کے حامل ہیں۔ ہم کبھی کبھار ملتے ہیں لیکن جب بھی ملتے ہیں میں ان میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھتا۔ وہ لوگوں سے اسی طرح خندہ پیشانی سے ملتے ہیں جس طرح ۲۵؍ سال پہلے ملا کرتے تھے۔ ایک شخص کے طور پر آپ ان کے اندر کوئی تبدیلی نہیں دیکھیں گے۔ وہ ایک حقیقت پسند اور زمینی شخص ہیں۔ مجھے ان کی یہ خوبی بہت پسند ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: صلاحیتوں اور فنکاروں کیلئے سرحد نہیں ہونی چاہئے: سشمتا سین

قبل ازیں شاہ رخ خان کے اسکول کے دوست پالاش سین نے بھی ان کے بچپن کے تعلق سے بات چیت کی تھی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ ’’اداکار بننے کے ایس آر کے، کے فیصلے نے ان سب کو حیرت زدہ کردیا تھا۔‘‘ للن ٹوپ کے ساتھ ہونے والی اپنی گفتگو میں پالاش نے کہا تھا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ شاہ رخ خان نے اداکاری کے شعبے میں جتنی شہرت حاصل کی ہے وہ کسی دوسرے شعبے میں بھی اتنی ہی شہرت حاصل کرسکتے تھے۔ وہ ان غیر معمولی ذہین مردوں میں سے ہیں جن سے میں اپنی پوری زندگی میں ملا ہوں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK