Updated: August 26, 2024, 10:09 PM IST
| New Delhi
انڈین ایکسپریس نے حق معلومات کے تحت حکومت کے مختلف شعبوں میں ذات کے فرضی سند کی بنیاد پر سرکاری ملازمت حاصل کرنے والوں کی معلومات حاصل کی ہے جس سے یہ بات سامنے آئی کہ گزشتہ ۹؍ سال میں حکومت کے مختلف شعبوں میں کل ۱۰۸۴؍ افراد نے اس طرح ملازمت حاصل کی ہے، جن کے خلاف کارروائی بھی کی گئی ہے۔ یہ معاملہ پوجا کھیڈکر کے اجاگر ہونے کے بعد منظر عام پر آیا ہے۔
حق معلومات کی بنا ءپر حاصل کی گئی معلومات سے یہ بات سامنے آئی کہ مرکزی حکومت کو ۲۰۱۰ء سے ۲۰۱۹ء کے درمیان ذات کی فرضی سند کی بناء پر ۱۰۸۴؍ افراد کے ملازمت حاصل کرنے کی شکایات موصول ہوئیں۔حکومت کے پرسنل اینڈ ٹریننگ شعبہ کے دستاویز کے مطابق نو سالوں کے دوران کی گئی جانچ کے بعد ۹۲؍ عوامی خدمت کے ملازموں کو ملازمت سے برطرف کیا گیا۔
ہندوستانی ریلوے کوذات کی فرضی سند کی ۳۴۹؍ شکایات موصول ہوئیں ،اس کے علاوہ ۵۹؍ وزارتوں اور شعبوں سےذات کے فرضی سند کی شکایات موصول ہوئیں ۔ جن میں پوسٹ شعبہ سے ۲۵۹؍ شکایتیں، وزارت پورٹ ، شپنگ اینڈ واٹر ویز سے ۲۰۲؍ شکایات، غذا اور عوامی تقسیم کاری شعبہ سے ۱۳۸؍ شکایتیں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: تلنگانہ: ۲۷؍ سالہ نوجوان کی سعودی عرب کے صحرا میں بھٹکنے کے بعد موت
پرسنل اینڈ ٹریننگ شعبہ نے بی جے پی کے سابق رکن رتی لال کالیداس ورما کی سربراہی میں پسماندہ طبقہ کی فلاح کی پالیمانی کمیٹی کی سفارش کی بناء پر ۲۰۱۰ء میں ان شکایات کی تحقیق کا آغاز کیا، اور سفارش کی کہ تمام وزارتیں، عوامی سیکٹر،بینک، ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقے معلومات یکجا کریں اور ذات کے فرضی سند کے مسئلے کو بہتر انداز میں حل کرنے کیلئے کچھ اہم اقدامات کریں۔ واضح رہے کہ یہ معاملہ پوجا کھیڈکر کے معاملے کے بعد روشنی میں آیا۔جوانڈین ایڈمنسٹریٹیو کی زیر تربیت افسر تھی جس کی تقرری کو یونین پبلک سروس کمیشن نے منسوخ کر دیا تھا اس کی وجہ یہ تھی کہ اس نے سول سروس کے امتحان میں مقررہ تعداد سے زیادہ مرتبہ شرکت کی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: کیرالا: جمعیت کا وائناڈ لینڈ سلائڈ متاثرین کیلئے ’جمعیۃ ولیج‘ بنانے کا اعلان
انڈین ایکسپریس نےحق معلومات کے تحت پرسنل اینڈ ٹریننگ شعبہ سے جو معلومات حاصل کی اس کے مطابق شعبہ وقتاً فوقتاً تمام ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومت کو ذات سند کی توثیق کرنے کی ہدایت جاری کرتا رہتا ہے، جس کی وجہ یہ ہے کہ یہ اسناد جاری کرنے اور اس کی توثیق کرنے کی ذمہ داری بھی انہیں متعلقہ حکومتوں کی ہے۔حکومت کی ذات پر مبنی نشستوں کو مختص کرنے کی پالیسی کے مطابق ۱۵؍ فیصد کوٹہ پسماندہ ذات کو، پسماندہ قبائل کو ۵ء۷؍ فیصد کوٹہ، دیگر پسماندہ طبقات کو ۲۷؍ فیصد کوٹہ، معاشی پسماندہ طبقہ کو ۱۰؍ فیصد کوٹہ اور ۳؍ فیصد کوٹہ کسی بھی طبقہ کے معذور افراد کیلئے مخصوص کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ شعبہ کے ۱۹۹۳ء کے حکم نامے کے مطابق اگر کسی بھی فرد نے ذات کی جعلی یا فرضی سند کے ذریعے سرکاری ملازمت حاصل کی ہے تو اس کی ملازمتختم کردی جاتی ہے۔