Updated: October 14, 2024, 7:10 PM IST
| New Delhi
آج ممبئی سے نیویارک جانے جانے والے طیارے کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی ہے ۔ یہ فلائٹ ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نیویارک کے جے ایف کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ جا رہی تھی۔ علاوہ ازیں انڈیگو کے ۲؍ طیاروں کو بھی روانگی سے قبل بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی تھی۔
ایئرانڈیا کا طیارہ( فائل فوٹو)۔ تصویر: آئی این این
دی انڈین ایکسپریس نے رپورٹ کیا ہے کہ بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہونے کے بعد آج ممبئی سے نیویارک جانے والے ایئرانڈیا کے طیارے کا رخ نئی دہلی کی جانب تبدیل کیا گیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق آج انڈیگو کے ۲؍ طیاروں کو بھی اڑان بھرنے سے قبل بم کی موجودگی کی دھمکی موصول ہوئی تھی۔ اس ضمن میں اندراگاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ڈپٹی کمشنر آف پولیس اشا رنگنانی نے بتایا کہ ’’ایکس کے ذریعے ایئرانڈیا کی فلائٹ اے آئی ۱۱۹؍ میں بم کی موجودگی کی دھمکی دی گئی تھی۔ مسافروں اور جہاز کے عملے کی حفاظت کیلئے تمام حفاظتی انتظامات کی پاسداری کی جا رہی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: گوری لنکیش کے قاتل ضمانت پر رہا، بھگوا عناصر نے شال اور ہار پہنا کر خیر مقدم کیا
ایئرانڈیا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ’’خصوصی سیکوریٹی الرٹ‘‘ کیلئے اس پرواز کا رخ تبدیل کیا گیا ہے۔ ‘‘انڈین ایکسپریس نے شناخت کئے بغیر ایئرانڈیا کے ایک ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’فلائٹ اے آئی ۱۱۹؍ ، جو ممبئی سے نیویارک کےجے ایف کے ( جان ایف کنیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ) کیلئے روانہ ہوئی تھی کو آج خصوصی سیکوریٹی الرٹ اور حکومت کے سیکوریٹی ریگولیٹری کمیٹی کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات کے مطابق نئی دہلی کیلئے موڑ دیا گیا ہے۔تمام مسافر اس طیارے سے اترچکے ہیں اور وہ دہلی کے ایئرپورٹ کے ٹرمینل پر ہیں۔ ہمارے ساتھی جگہ پر موجود ہیں اور وہ اس غیر متوقع رکاوٹ سے ہمارے مسافروں کو ہونے والی پریشانیوں کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: بابا صدیقی کے قتل سے مہاراشٹر میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر سوال
دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ’’بوئنگ ایئرکرافٹ آج صبح ۲؍ بجکر ۲۷؍ منٹ پر ممبئی سے روانہ ہوا تھا اور یہ ۴؍ بجکر ۱۰؍ منٹ پر نئی دہلی پہنچا ہے۔‘‘ علاوہ ازیں انڈیگو کے ۲؍طیاروں ، ۶؍ ای ۱۳۷۵؍ (جو ممبئی سے مسقط کیلئے روانہ ہونے والی تھی) اور ۶؍ ای ۵۶ ( جو ممبئی سے جدہ کیلئے روانہ ہونے والی تھی) کو بھی ان کی روانگی سے قبل بم کی دھمکی موصول ہوئی تھی۔ ان طیاروں کو سیکوریٹی کی جانچ کیلئے الگ تھلگ مقام پر لے جایا گیا ہے۔‘‘
گزشتہ چند ماہ سےمتعدد طیاروں کو جعلی بم کی دھمکی موصول ہو رہی ہے۔دی انڈین ایکسپریس کے مطابق ۶؍ ستمبر کو ممبئی سے ترکی جانے والی فلائٹ کے غسل خانے میں بھی بم کی دھمکی کا نوٹ موصول ہوا تھا۔ اگرچہ یہ جعلی دھمکی تھی لیکن مسافر ۲۴؍ گھنٹے تک پھنسے رہے تھے۔
ممبئی سے ہاوڑہ جانے والی ٹرین کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول
خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے رپورٹ کیا ہے کہ آج ممبئی سے ہاوڑہ جانے والی ٹرین کو بھی بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی تھی ۔سینٹرل ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر نے بتایا ہے کہ ’’یہ کال ٹرین نمبر ۱۲۸۰۹؍ کو صبح ۴؍ بجے موصول ہوا تھا۔ حکام کے کال اٹھانے کے بعد ٹرین کو جلگاؤں، مہاراشٹر ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا تھا اور سیکوریٹی کی نگرانی کی گئی تھی۔ ٹرین میں کسی بھی طرح کی مشکوک اشیاء کی موجودگی نہ ہونے کی تصدیق کے بعد اسے روانہ کیا گیا تھا۔