• Sat, 25 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

امریکہ: میٹا کے بعد امیزون کا ڈونالڈ ٹرمپ کے افتتاحی فنڈ میں ایک ملین ڈالر کا تعاون

Updated: December 13, 2024, 7:02 PM IST | Inquilab News Network | Washington

ٹرمپ نے جمعرات کو بتایا کہ جیف بیزوس اگلے ہفتہ ذاتی طور پر ان سے ملاقات کریں گے۔

Amazon. Photo: INN
امیزون۔ تصویر: آئی این این

امیزون، نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے افتتاحی فنڈ میں ایک ملین امریکی ڈالر عطیہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل نے امیزون کے اس منصوبے کا انکشاف کیا۔ اس اقدام کے ذریعہ بڑی ٹیک کمپنیاں امریکہ کے اگلے قدر کے اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ نے بھی جمعرات کو ایک انٹرویو کے درمیان بتایا کہ امیزون کے بانی جیف بیزوس اگلے ہفتہ ذاتی طور پر ان سے ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
امیزون کے ایک ترجمان نے جمعرات کو تصدیق کی کہ ٹرمپ کے فنڈ میں ایک ملین ڈالر کے عطیہ کے علاوہ، ای کامرس کمپنی، اس تقریب کو اپنے ویڈیو پلیٹ فارم، پرائم ویڈیو پر نشر کرے گی۔ اس سے قبل، دو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک میٹا نے اعلان کیا کہ اس نے ٹرمپ کے افتتاحی فنڈ میں ایک ملین امریکی ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: بائیڈن نے رخصتی سے قبل ۱۵۰۰؍ کی سزائیں کم کیں، اور ۳۹؍ افراد کو معاف کیا

ماضی میں ٹرمپ اور بیزوس کے درمیان تعلقات خوشگوار نہیں رہے ہیں۔ اپنی پہلی میعاد کے دوران، ٹرمپ نے امیزون پر تنقید کی اور واشنگٹن پوسٹ میں سیاسی کوریج پر تنقید بھی کی، جس کے مالک بیزوس ہیں۔ بیزوس بھی ٹرمپ کے ماضی کے بیانات پر تنقید کر چکے ہیں۔ ۲۰۱۹ء میں، امیزون نے عدالت میں ایک مقدمہ میں دعویٰ کیا تھا کہ ٹرمپ کے متعصبانہ رویہ سے کمپنی کے ۱۰ بلین امریکی ڈالر کا پینٹاگون معاہدہ حاصل کرنے کے امکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ بائیڈن انتظامیہ نے بعد میں امیزون اور مائکروسافٹ دونوں کے ساتھ معاہدہ کیا۔ ٹرمپ کی جیت کے بعد بیزوس، مفاہمت کا سہارا لے رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتہ، انہوں نے نیویارک میں دی نیویارک ٹائمز کے ڈیل بک سمٹ میں کہا تھا کہ وہ ٹرمپ کی دوسری مدت کے بارے میں "پرامید" ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ اور چین کی ایکدوسرے پر نئی تجارتی پابندیاں

دوسری طرف، وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق، میٹا کے ترجمان نے جمعرات کو تصدیق کی کہ کمپنی نے صدر کے افتتاحی فنڈ میں ایک ملین ڈالر عطیہ دیا ہے۔ ٹرمپ اور کمپنی سی ای او مارک زکربرگ کی ماراگوا میں ملاقات کے چند ہفتوں بعد کمپنی نے عطیہ دینے کا فیصلہ کیا۔ ٹرمپ کے مقرر کردہ ڈپٹی چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر نے کہا کہ زکربرگ، دیگر کاروباری لیڈران کی طرح ٹرمپ کے اقتصادی منصوبوں کی حمایت کرنا چاہتے ہیں۔
زکربرگ، ماضی میں ٹرمپ کے ساتھ سخت تعلقات کے بعد کمپنی کے تاثر کو بدلنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ۶ جنوری ۲۰۲۱ء کو یو ایس کیپیٹل پر حملے کے بعد ٹرمپ کا فیس بک اکاؤنٹ ہٹا دیا گیا تھا۔ بعد ازیں، ۲۰۲۳ء کے اوائل میں کمپنی نے ان کا اکاؤنٹ بحال کردیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK