جسٹس پرساد نے وکی پیڈیا ایڈیٹرس کے نام سمن جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ ایڈیٹرس کو سمن، تمام تسلیم شدہ راستوں سے بھیجا جاسکتا ہے جن میں وکی پیڈیا کے ذریعہ فراہم کردہ ای میل ایڈریس بھی شامل ہیں۔
EPAPER
Updated: November 14, 2024, 10:03 PM IST | New Delhi
جسٹس پرساد نے وکی پیڈیا ایڈیٹرس کے نام سمن جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ ایڈیٹرس کو سمن، تمام تسلیم شدہ راستوں سے بھیجا جاسکتا ہے جن میں وکی پیڈیا کے ذریعہ فراہم کردہ ای میل ایڈریس بھی شامل ہیں۔
دہلی ہائی کورٹ نے جمعرات کو وکی پیڈیا کے ان ایڈیٹرس کو سمن جاری کیا جنہوں نے ایشین نیوز انٹرنیشنل (اے این آئی) کے وکی پیڈیا پیج پر نیوز ایجنسی کے متعلق مبینہ طور پر ہتک آمیز اقتباسات شامل کئے۔ بار اینڈ بنچ کے مطابق، جسٹس سبرامنیم پرساد نے عدالت کی ایک ڈویژن بنچ کے پچھلے حکم کو مدنظر رکھتے ہوئے سمن جاری کئے، جس میں وکی پیڈیا کو اجازت دی گئی تھی کہ وہ ایڈیٹرس کی شناخت ظاہر کئے بغیر انہیں سمن بھیج سکتی ہے۔
واضح رہے کہ اے این آئی نے وکی پیڈیا اور اس کے کچھ ایڈیٹرس کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرکے نیوز ایجنسی کے وکی پیڈیا صفحہ سے ہتک آمیز اقتباسات کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان اقتباسات میں کیا گیا تھا کہ نیوز ایجنسی کو موجودہ مرکزی حکومت کے "پروپیگنڈا ہتھیار" کے طور پر کام کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ جولائی میں عدالت نے وکی پیڈیا کو ایڈیٹرس کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا تھا لیکن اس نے معلومات فراہم کرنے سے انکار کردیا تھا۔ اس پر برہم ہوکر عدالت نے توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کیا اور دھمکی دی کہ اگر وکی پیڈیا کے سرپرست وکی میڈیا فاؤنڈیشن نے اے این آئی کے صفحہ پر متنازع اقتباسات شامل کرنے والوں کی معلومات فراہم نہیں کی تو وہ مرکزی حکومت کو ہندوستان میں وکی پیڈیا کو بلاک کرنے کا حکم جاری کرے گی۔ ۲۸ اکتوبر کو، وکی میڈیا فاؤنڈیشن نے عدالت کو بتایا تھا کہ وہ اپنے صارفین کے بارے میں بنیادی معلومات شیئر کرنے کے لئے تیار ہے اور اس نے انہیں رضاکارانہ طور پر نوٹس بھی پہنچا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: دہلی وقف بورڈ معاملہ: عدالت کا ’آپ‘ رکن اسمبلی امانت اللہ خان کی رہائی کا حکم
عدالت میں اے این آئی کی نمائندگی کرتے ہوئے ایڈوکیٹ سدھانت کمار نے جسٹس پرساد کو ڈویژن بنچ کی پیش رفت کے بارے میں بتایا۔ اس کے بعد، جج نے ہائی کورٹ رجسٹری کو حکم دیا کہ وہ اس میں درج رضامندی کی شرائط کے مینڈیٹ کی تعمیل کرے۔ انہوں نے حکم دیا کہ ۲-۴ مدعا علیہان کو سمن جاری کئے جائیں۔ ایڈیٹرس کو سمن، تمام تسلیم شدہ طریقوں سے بھیجا جاسکتا ہے جن میں وکی پیڈیا کے ذریعہ فراہم کردہ ای میل ایڈریس بھی شامل ہیں۔
وکی پیڈیا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ صارفین کا ڈیٹا سیل بند لفافہ میں جمع کرایا جائے گا یعنی ان کی شناخت کو عام نہیں کیا جائے گا۔ حکم کے مطابق وکی پیڈیا کو ۴ دن میں ایڈیٹرس کو سمن بھیجنا ہوں گے۔ اس معاملہ پر اگلی سماعت ۱۶ دسمبر کو ہوگی۔