Updated: April 25, 2024, 7:24 PM IST
| Sydeny
آسٹریلیا کے مغربی ساحل پر ۱۶۰؍ وہیل مچھلیوں کے ساحل پر آجانے کے بعد متعدد وہیل مچھلیوں کو ریکسیو کر لیا گیا ہے جبکہ ۲۶؍ وہیل مچھلیوں کی موت ہو گئی ہے۔ ڈپارٹمنٹ آف بائیوڈائیورسٹی کے کارکنان نے رضاکاروں کی مدد سے مچھلیوں کو دوبارہ سمندر میں بھیجنے کی کوشش کی۔
ساحل سمندر پر وہیل مچھلیوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر: ایکس
مغربی آسٹریلیا کے ساحل پر ۱۶۰؍ وہیل مچھلیوں کے ساحل پر آجانے کے بعد ۲۶؍وہیل مچھلیوں کی موت ہو گئی جبکہ ان میں سے متعدد کو ریسکیو کر لیا گیا۔مغربی آسٹریلیا میں ڈنسبوروکے قریب خلیج جیوگراف میں ٹوبی انلیٹ میں جمعرات کی صبح متعدد مچھلیاں ساحل پر آکر پھنس گئیں اور تقریباً ۵۰۰؍ مربع میٹر کے علاقے میں پھیل گئی تھیں۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وائلڈ لائف کی حفاظت کرنے والی ٹیمیں مقامی انتظامیہ اور کچھ رضاکاروں کی مدد سے وہیل مچھلیوں کو دوبارہ سمندر میں بھیجنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ڈپارٹمنٹ آف بائیو ڈائیورسٹی ، کنسرویشن اینڈ اٹریکشن کی ترجمان پیا کورٹس نے بتایا کہ مہلوک وہیل مچھلیوں کو ساحل سے ہٹانے سے قبل ان کے جسم سے امدادی نمونے لئے گئے تھے۔
بعد ازیں تقریباً ۱۰۰؍ مچھلیوں کو ساحل پر سے ہٹایا گیا لیکن کورٹس کا کہنا ہےکہ یہ مچھلیاں دوبارہ سمندر میں چلی گئی تھیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہماری کشتیاں سمندر میں ہیں اور جہازبھی سمندر کے اوپر پرواز کر رہے ہیں جس کے ذریعے یہ دیکھنے کیلئے کہ مچھلیاں کہاں ہیں، ہم ہر دو گھنٹوں میں سرچ آپریشن کر رہے ہیں۔ اب تک وہ مچھلیاں ساحل پر واپس نہیں آئیں۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ: یونیورسٹی آف ٹیکساس میں فلسطینی حامی مظاہرے، ۳۴؍ افراد حراست میں
آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ میں وہیل مچھلیوں کا اس طرح ساحل پر پھنس جانا کوئی غیر معمولی بات نہیں لیکن سائنسداں دہائیوں میں ایسے حادثات کے بعد اب بھی مکمل طور پر سمجھ نہیں سکیں ہیں کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے۔ بڑی جسامت کی وہیل مچھلیوں کی قامت ۶؍ میٹر سے بھی زائد ہوتی ہے۔ یہ کافی ملنسار ہوتی ہیں اور اپنی ساتھی مچھلیوں کو خطرے میں دیکھ کر ان کی حفاظت کرنے کیلئے ان کا پیچھا کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: وی وی پیٹ معاملہ: سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ دوبارہ محفوظ رکھا
وہیل مچھلیوں کے اس طرح ساحل پر آجانے کی وجہ انسانوں کے ذریعے سمندرمیںپیدا کردہ صوتی آلودگی بھی ہو سکتی ہے جو سمندری حیوانات کی قوت سماعت کو متاثر کرتی ہے۔
خیال رہے کہ ۲۰۲۲ء میں نیوزی لینڈ کے دور دراز چتھم جزائر پر بھی وہیل مچھلیاں ساحل پر آکر جمع ہو گئی تھیںجس کی وجہ سے ۵۰۰؍ وہیل مچھلیاں مر گئی تھیں۔گزشتہ سال مغربی آسٹریلیا میں البانی کے چینس ساحل پر وہیل مچھلیوں کے جمع ہونے کے بعد ۹۰؍ وہیل مچھلیاں مر گئی تھیں۔