• Sat, 26 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بنگلور: پولیس فلسطین یکجہتی تقریبات کے انعقاد پر منتظمین کو ہراساں کررہی ہے، پولیس کمشنر سے شکایت

Updated: October 26, 2024, 8:10 PM IST | Bangluru

بنگلورو فار جسٹس اینڈ پیس کے ممبران نے سینئر پولیس افسر کو بتایا کہ پولیس نہ صرف ان تقریبات کے منتظمین کو ہراساں کر رہی ہے بلکہ پنڈال مالکان کو بلا کر انہیں بھی فلسطین سے متعلق تقریبات منسوخ کرنے کی دھمکی دے رہی ہے۔

A scene from a pro-Palestine demonstration. Photo: INN
فلسطین حامی مظاہرے کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے مختلف تقریبات منعقد کرنے پر منتظمین کو بنگلور شہر پولیس کی طرف سے مبینہ طور پر ہراساں کئے جانے کی رپورٹس کے درمیان بنگلورو فار جسٹس اینڈ پیس کے ممبران نے جمعرات کو کمشنر آف پولیس سے ملاقات کی اور اس ضمن میں اپنی شکایت درج کروائی۔ انہوں نے کمشنر اور کرناٹک کے وزیر داخلہ کو ایک خط پیش کیا جس پر ۱۹۴ افراد نے دستخط کئے ہیں۔
خط میں گزشتہ ایک سال کے دوران وقوع پذیر ہوئے ایسے ۱۲ واقعات کا تذکرہ کیا گیا ہے جن میں پولیس اہلکاروں نے کارکنوں، طلبہ اور شہریوں کو ہراساں کیا۔ اس طرح کی تازہ ترین مثال گزشتہ روز پیش آئی، جب ایک طلبہ تنظیم کلیکٹیو بنگلور نے فلسطین پر فلم کی نمائش اور بحث کے متعلق ایک پوسٹر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا۔ پوسٹر میں مقام کا ذکر نہ ہونے کے باوجود پولیس نے طلبہ منتظمین کو طلب کیا اور انہیں ہراساں کیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: غزہ کے بچے طبی انخلاء کے انتظار میں مررہے ہیں: یونیسیف

کارکنوں نے سینئر پولیس افسر کو بتایا کہ پولیس نہ صرف ایسی تقریبات کے منتظمین کو ہراساں کر رہی ہے بلکہ پنڈال مالکان کو بلا کر انہیں بھی فلسطین سے متعلق تقریبات منسوخ کرنے کیلئے دھمکی دے رہی ہے۔ تنظیم نے مزید بتایا کہ کہ جب خاص طور پر فلسطین سے متعلق کوئی سرگرمی ہو تو پولیس حکام غیر تحریری قوانین کا حوالہ دے رہے ہیں۔ 
خط میں تنظیم نے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرین اور منتظمین کو ہراساں کرنے، پولیس کی طاقت کے غلط استعمال اور تشدد کے واقعات کی فوری تحقیقات کی جائے اور پرامن احتجاج کرنے یا کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے پر کارکنوں اور شہریوں کے خلاف درج ایف آئی آر واپس لی جائے۔ 

یہ بھی پڑھئے: وکی پیڈیا کو عطیہ نہ دیں یہ بائیں بازو کے نظریات کے زیر اثر ہے: ایلون مسک

خط میں وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کرناٹک حکومت کی جانب سے فلسطینیوں کے حقوق اور بنگلور کے شہریوں کے جمہوری حقوق کی مکمل حمایت کا اعلان کریں۔ 
پولیس کمشنر نے یقین دہانی کروائی کہ وہ اس خط میں درج تفصیلی واقعات کی جانچ کریں گے تاکہ ان کی تصدیق کی جاسکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK