• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

بنگلہ دیش: شیخ حسینہ کی عوامی لیگ پر پابندی عائد کرنے کی رٹ پٹیشن عدالت میں داخل

Updated: August 20, 2024, 11:13 AM IST | Dhaka

بنگلہ دیش میں متنازع کوٹہ کے خلاف ہونے والے طلبہ کے مظاہروں میں بلا امتیاز طلبہ کی ہلاکت میں مبینہ طور پر شامل ہونے پرشیخ حسینہ کی عوامی لیگ پر پابندی کیلئے ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن داخل کی گئی ہے، ساتھ ہی اس پٹیشن میں عبوری حکومت کی معیاد میں توسیع، شیخ حسینہ کے ذریعے کی گئی حوالہ کی رقم کی واپسی،شیخ حسینہ کے نام والے تمام اداروں کا نام تبدیل کرنے، اور عوامی لیگ کا رجسٹریشن منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

Former Prime Minister of Bangladesh Sheikh Hasina. Photo: INN
بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ۔ تصویر: آئی این این

اس مہینے کے آغاز میں بنگلہ دیش میں جاری طلبہ کے احتجاج میں شامل طلبہ کی بلا امتیاز قتل کے الزام میں سابقہ وزیر اعظم شیخ حسینہ کی پارٹی عوامی لیگ کی مبینہ شمولیت کی بنا پر ہائی کورٹ میں ایک رٹ پٹیشن داخل کرکے اس پارٹی پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی بی ایس ایس کی خبر کے مطابق عارف الرحمٰن مراد بھویان جو رائٹ آرگنائزیشن کے ایکزیکیٹوڈائرکٹر ہیں نے ساتھ ہی عدالت سے یہ بھی گزارش کی ہے کہ وہ نوبل انعام یافتہ محمد یونس کی سربراہی والی عبوری حکومت کی معیاد میں کم از کم تین سال کی توسیع کرے۔پٹیشن میں عوامی لیگ پر پابندی کےساتھ ہی اس کا رجسٹریشن بھی منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ساتھ ہی ان تمام سرکاری اداروں کا نام تبدیل کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے جس میں شیخ حسینہ کا نام استعمال کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ بنگلہ دیش کا ۱۱؍ لاکھ کروڑ روپیہ بھی واپس لانے کی بات کہی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: جنوبی فرانس کے جنگلات میں آگ لگ گئی، ہزاروں افراد نقل مکانی پر مبجور

 ڈیلی اسٹاراخبار کے مطابق اس پٹیشن میں عوامی لیگ کے ذریعےمعاہدوں کی طرز پر مامور کئے گئے افسران کا بھی ٹرانسفر کرنے کی گزارش ہے، اس معاملے کی سماعت منگل کو ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ متنازع کوٹہ نظام کے خلاف جولائی کے وسط میں حکومت مخالف مظاہروں کے نتیجے میں شیخ حسینہ حکومت گرنے کے بعد ملک میں ہوئے تشدد میں ۲۳۰؍ افراد ہلاک ہوئے تھےجبکہ اس احتجاج میں کل ۶۰۰؍ افرادجاں باحق  ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھئے: سینسر شپ کے خلاف ’ایکس‘ کا برازیل میں اپنی خدمات بند کرنے کا اعلان

واضح رہے کہ عوامی لیگ کی بنیاد ۱۹۴۹؍ میں رکھی گئی تھی،جو بنگلہ دیش کی قدیم ترین پارٹی ہے، اسی پارٹی نے ۱۹۷۱ء کی جنگ میں پاکستان سے آزادی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔عوامی لیگ بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کی بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے ساتھ دو اہم پارٹیوں میں سے ایک ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK