Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگلہ دیش: عوامی لیگ کے ایک لاکھ سے زیادہ اراکین ہندوستان فرار ہوگئے ہیں

Updated: April 02, 2025, 10:31 PM IST | Dhaka

بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کی عوامی لیگ کے ایک لاکھ سے زائد ارکان ہندوستان فرار ہوگئے ہیں۔ یہ دعویٰ منگل کو عبوری حکومت کے مشیر اطلاعات محفوظ عالم نے کیا۔

Sheikh Hasina. Photo: INN.
شیخ حسینہ۔ تصویر: آئی این این۔

بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کی عوامی لیگ کے ایک لاکھ سے زائد ارکان ہندوستان فرار ہوگئے ہیں۔ یہ دعویٰ منگل کو عبوری حکومت کے مشیر اطلاعات محفوظ عالم نے کیا۔ بنگلہ دیشی نیوز پورٹل bdnews24.com کے مطابق عالم نے یہ بیان ڈھاکہ میں عید کی ایک تقریب میں دیا جس میں حسینہ کے دور میں لاپتہ اور ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ اس پروگرام کا انعقاد انسانی حقوق کے ایک گروپ `میئر ڈاک نے ڈھاکہ کے تیجگاؤں میں کیا تھا۔ 
بنگلہ دیش کی سرکاری خبر رساں ایجنسی بی ایس ایس کے مطابق محفوظ عالم نے شیخ حسینہ پر تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے والدین کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے لوگوں کو جبراً غائب کیا اور قتل کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جبری گمشدگیوں کے زیادہ تر واقعات۲۰۱۳ء اور۲۰۱۴ء میں ہوئے جب لوگ اپنے حق رائے دہی کیلئے لڑ رہے تھے۔ ان کارروائیوں کا بنیادی مقصد انتخابی نظام کو تباہ کرنا تھا۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے جبری گمشدگیوں کے معاملات کی تحقیقات کیلئے پہلے ہی ایک کمیشن قائم کر دیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ انتظامیہ نے یو ایس ایڈ کے تمام عہدوں کو ختم کردیا، تمام مقامی اور امریکی ملازمین برطرف ہوں گے

عبوری حکومت کے مشیر اطلاعات محفوظ عالم نے کہا کہ کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر جبری گمشدگیوں میں ملوث متعدد افراد کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی دیگر افراد کے خلاف بھی تفتیش جاری ہے۔ پچھلی حکومت پر لفظی حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی لیگ کی سیاسی مخالفت کرنے والوں کو دہشت گرد اور انتہا پسند کا لیبل لگا کر زبردستی غائب کر دیا گیا۔ محفوظ عالم نے کہا کہ ان کے اہل خانہ کو بھی خوف اور دھمکیوں کا سامنا تھا اور اس طرح کی گمشدگیوں کیلئے مختلف سرکاری اداروں کا استعمال کیا جاتا تھا۔ 
انہوں نے دعویٰ کیا کہ شیخ حسینہ ہندوستان میں رہ کر اب بھی ملک کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں جو انتہائی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے عوامی لیگ پر ایک’’مافیا گروپ‘‘ کے طور پر کام کرنے کا الزام لگایا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اس جماعت کو بنگلہ دیش میں کبھی بھی سیاسی قدم جمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ہندوستان نے انہیں اوران کی دہشت گرد قوتوں کو پناہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ عوامی لیگ کے تقریباًایک لاکھ ارکان ہندوستان میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ہند رجب فاونڈیشن نے نیتن یاہو کے یورپ کے سفر کو روکنے اور ان کی گرفتاری کیلئے قانونی مہم کا آغاز کیا

واضح رہے کہ گزشتہ سال ۵؍ اگست کو حسینہ واجد کی۱۶؍ سالہ عوامی لیگ کی حکومت کو طلبہ کی قیادت میں ایک پرتشدد عوامی بغاوت کے دوران گرا دیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے۷۷؍ سالہ حسینہ کو بنگلہ دیش سے فرار ہو کرہندوستان میں پناہ لینا پڑا، یہاں وہ چھپ کر رہ رہی ہیں۔ ان کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سے ان کے خلاف قتل عام اور بدعنوانی سمیت۱۰۰؍ سے زائد مقدمات عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK