• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بنگلہ دیش تشدد : تفتیش کیلئے اقوام متحدہ فیکٹ فائنڈنگ ٹیم بھیجے گی

Updated: August 16, 2024, 1:00 PM IST | Agency | Dhaka

بنگلہ دیش میں حکومت مخالف تشدد اورمظاہرین کی ہلاکتوں کے معاملے میں اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ اسکی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم اس معاملے کی تفتیش کرے گی۔

Students of Dhaka University are protesting for action against Sheikh Hasina. Photo: INN
ڈھاکہ یونیورسٹی کے طلبہ شیخ حسینہ کیخلاف کارروائی کیلئے احتجاج کررہے ہیں۔ تصویر : آئی این این

: بنگلہ دیش میں حکومت مخالف تشدد اورمظاہرین کی ہلاکتوں کے معاملے میں اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ اسکی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم اس معاملے کی تفتیش کرے گی۔ ڈھاکہ ٹربیون نے بدھ کو اس ضمن میں رپورٹ شائع کی تھی۔ اس نے بتایا کہ انسانی حقوق کے لئے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر وولکر ترک نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس کے ساتھ فون پر بات چیت میں کہا کہ مظاہرین کی ہلاکتوں کی اقوام متحدہ کی قیادت میں تحقیقات جلد شروع کی جائیں گی۔ ڈاکٹر یونس نے بات چیت کے دوران کہا کہ انسانی حقوق ان کے انتظامیہ کیلئے ایک بنیادی مسئلہ ہوں گے اور ہر شہری کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔ 

یہ بھی پڑھئے:مختلف ریاستوں میں روایتی انداز سے یوم آزادی کا جشن منایا گیا

قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش میں سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم کے خلاف جون میں مظاہرے شروع ہوئے تھے جس نے اگست کے آغاز میں شدید شکل اختیار کر لی۔ طلباء، پولیس اور حکومت کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں میں مبینہ طور پر۵۰۰؍ سے زائد افراد مارے گئے۔ ملک گیر تشدد میں ۵۵۰؍ سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد وزیر اعظم شیخ حسینہ نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور ملک چھوڑ کر ہندوستان آگئیں۔ یونس نے گزشتہ جمعرات کو عبوری وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھایا تھا اور سابق وزیر اعظم حسینہ اور ان کے حامیوں کی جانب سے مقرر کئے گئے سرکاری افسران کو ہٹا دیا گیا۔ نیز ججوں کو بھی تبدیل کیاگیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیش : گرفتار سابق وزراء اور سیاستدانوں پر انڈے پھینکے گئے

حسینہ حکومت کے سابق وزیر قتل کیس میں گرفتار
بنگلہ دیش کے سابق ڈپٹی اسپیکر شمس الحق اور سابق وزیر مملکت جنید احمد پلک کو ڈھاکہ کے پلٹن پولیس اسٹیشن میں درج قتل کے معاملے میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔پولیس نے ڈھاکہ یونیورسٹی کی چھاتر لیگ یونٹ کے جنرل سیکریٹری تنویر حسن شوکت کو بھی حراست میں لے لیا۔ڈھاکہ ٹریبیون نے جمعرات کو اطلاع دی کہ ان تمام کو نکنجا رہائشی علاقے سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈھاکہ واٹر سپلائی اتھارٹی کے ایم ڈی مستعفی
بنگلہ دیش میں ڈھاکہ واٹر سپلائی اینڈ سیوریج اتھاریٹی (واسا) کے منیجنگ ڈائریکٹر تقسیم اے خان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔شیخ حسینہ کے دور حکومت میں اہم شخصیت رہنے والے تقسیم نے اپنا استعفیٰ آن لائن جمع کرایا۔ ڈھاکہ ٹربیون کی رپورٹ کے مطابق تکسم نے بدھ کو پوسٹ کردہ  اپنے استعفیٰ نامہ میں کہا کہ وہ صحت کے مسائل کی وجہ سے عہدے پر برقرار نہیں رہ سکتے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK