• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھیونڈی: بی جی پی دواخانہ سے حاجی عبدالصمد مومن کا نام غائب کرنے کی سازش!

Updated: August 05, 2024, 12:44 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

بھیونڈی سوشل سوسائٹی نے اس قدیم ترین دواخانہ کے زچہ خانے کو حاجی عبدالصمد کے نام سے منسوب کرنے اور سائن بورڈ پران کانام لکھنے کا مطالبہ کیا۔

Modern building of BGP Pharmacy, which is expected to be inaugurated soon. Photo: INN
بی جی پی دواخانہ کی جدید عمارت، جس کا افتتاح جلدمتوقع ہے۔ تصویر : آئی این این

):یہاں ایک مرتبہ پھر منڈئی پر واقع ۱۴۱؍سالہ قدیم تاریخی بائی گل پیٹیٹ(بی جی پی) دواخانہ سے خان صاحب حاجی عبدالصمد مومن کے نام کو خاموشی سے غائب کرنے کی کوشش کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بھیونڈی سوشل سوسائٹی نے اس پرشدید ردعمل کااظہار کیا ہے۔ سوسائٹی نے میونسپل کمشنر کو میمورنڈم روانہ کرکے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ دواخانے کی نئی عمارت کا نام پہلے کی طرح ہی ہونا چاہئے۔ انہوں نے انتباہ دیا ہے کہ اگر انتظامیہ نے اسے نظرانداز کیا تو وہ شہریوں کے ساتھ سڑک پر اُتر کرزبردست احتجاج کریں گے۔ 
 واضح ہوکہ ۱۴۱؍سال قبل ۳ ۱۸۸ء میں شہر کے مرکزی علاقے منڈئی پر ایک مخیر پارسی شخص دینشامانکُ جی پیٹیٹ نے یہ دواخانہ تعمیر کرواکر اسے اپنی بیٹی بائی گل پیٹیٹ(بی جی پی)کے نام سے منسوب کردیا تھا۔ اس دور میں بھیونڈی کا یہ واحد اسپتال تھا جہاں غریب، مزدور مریضوں کی لمبی قطاریں لگی رہتی تھیں۔ شہریوں کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے ۱۹۵۹ء میں خان صاحب حاجی عبدالصمد حاجی لعل محمد مومن نے اپنے ذاتی ۳۷؍ہزار روپے کی خطیر رقم خرچ کر کے اسپتال پر مزید ایک منزلہ تعمیرکروایا تھا۔ اس منزلہ پرزچہ خانہ قائم کرکے میونسپلٹی نے اس منزلے کو’ حاجی عبدالصمد مومن زچہ خانہ‘ کے نام سے منسوب کردیا تھا۔ ۲۰۱۶ء میں میونسپل انتظامیہ نے تاریخی اور قدیم ترین بی جی پی دواخانہ کو خاموشی کے ساتھ بنا کوئی ٹینڈر نکالے ہی منہدم کردیاتھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: وشال گڑھ تشدد معاملہ : فسادیوں کیخلاف انسداد دہشت گردی قانون کے تحت کارروائی کا مطالبہ

سنگ بنیاد کے دعوت نامے سے حاجی عبدالصمد مومن کا نام غائب
  اس قدیم ترین دواخانے سے حاجی عبدالصمد مومن کا نام غائب کرنے کی پہلی کوشش ۲۰۲۰ء میں دواخانے کو جدیدترین عمارت میں تبدیل کرنے کے سنگ بنیاد کی تقریب کے موقع پر سامنے آئی تھی۔ مذکورہ تقریب کے دعوت نامے سے اس قدیم تاریخی دواخانے میں خطیر رقم خرچ کرکے ایک منزلہ زچہ خانہ تعمیر کروانے والے حاجی عبدالصمد حاجی لعل محمد مومن کا نام غائب کردیاگیا تھا۔ اُس وقت بھی بھیونڈی سوشل سوسائٹی نے اس ناانصافی اور سازش کیخلاف زبردست تحریک شروع کی تھی جس پر اُس وقت کے ہاؤس لیڈر اور ر اور اُس وقت کی خاتون میئر کے شوہر ولاس پاٹل نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تردید کی تھی کہ حاجی عبدالصمد مومن کا نام سازش کے تحت ہٹایا جارہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا تھا کہ اسپتال کی نئی عمارت پربائی گل بائی پیٹیٹ کے ساتھ ہی حاجی عبدالصمد مومن کا نام بھی رہے گا۔ 
نام غائب کرنے کی دوبارہ سازش 
 بی جی پی دواخانہ کی تجدید کاری کے بعد جدید ترین اسپتال کی تعمیر کاکام مکمل ہوچکا ہے۔ عنقریب اس اسپتال کاافتتاح متوقع ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے ذرائع سے موصول اطلاع کے مطابق اسپتال کے سائن بورڈ پر ایک مرتبہ پھر دعوت نامہ کی طرح ہی حاجی عبدالصمد مومن کا نام غائب کرکے صرف بی جی پی دواخانہ کاسائن بورڈ لگانے کی سازش رچی جارہی ہے۔ اطلاع ملتے ہی بھیونڈی سوشل سوسائٹی ایک مرتبہ پھر متحرک ہوگئی ہے۔ اس نے فوری طور پر میمورنڈم دے کر انتظامیہ کی توجہ اس جانب مبذول کروائی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:اسمبلی الیکشن کی تیاریاں شروع، گھرگھر جاکر ووٹروں کا سروے اور ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کا اعلان

میونسپل کارپوریشن نے باقاعدہ قرارداد منظور کی ہے 
 بھیونڈی سوشل سوسائٹی کے صدر حنیف رمضان مومن نے انقلاب کو بتایا کہ کارپوریٹر شاہ الطاف مومن و دیگر کارپوریٹر کی تجویز نمبر۲۰۷؍پر غور کرکے میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے ۱۶؍ستمبر ۲۰۱۹ء کو اس تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ اس تجویز کے مطابق مذکورہ اسپتال کا نام بائی گل بائی پیٹیٹ(بی جی پی) کے ساتھ حاجی عبدالصمد مومن کے نام پر رکھاجائے گا۔ اس کے باوجود چند تخریب پسند عناصر اس تجویز کے برخلاف عبدالصمد مومن کا نام دواخانے سے غائب کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ موصوف نے دہرایا کہ بائی گل بائی پیٹیٹ کے ساتھ حاجی عبدالصمد مومن کا نام لازمی طورپر ہونا چاہئے۔ انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے بھیونڈی سوشل سوسائٹی کے صدر حنیف رمضان مومن نے کہا کہ شہر کی تعمیر وترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرنے والے ہمارے بزرگوں کی یادگار کو مٹانے کی ہر سازش کو ناکام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے اس شہر کواپنے خون سے سینچا ہے۔ ان کی نشانیوں کوہم کسی بھی قیمت پرمٹنے نہیں دیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK