• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بھیونڈی: ٹیکس وصولی کے تعلق سے کارپوریشن سخت،بڑے بقایاداروں کی پراپرٹی سیٖل

Updated: December 07, 2024, 5:40 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

اسمبلی انتخابات ختم ہوتے ہی شہری انتظامیہ نے اپنی توجہ ٹیکس وصول کرنے پر مرکوز کردی ہے۔انتظامیہ نے ۸۳؍ بڑے بقایا داروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کی جائداد کوسیٖل اور ضبط کرنے کی کارروائی شروع کی ہے۔

The city administration has initiated action against those who have not paid their dues. Photo: INN
شہری انتظامیہ نے بقایا جات ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ تصویر: آئی این این

بھیونڈی:اسمبلی انتخابات ختم ہوتے ہی شہری انتظامیہ نے اپنی توجہ ٹیکس وصول کرنے پر مرکوز کردی ہے۔ انتظامیہ نے ۸۳؍ بڑے بقایا داروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کی جائداد کوسیٖل اور ضبط کرنے کی کارروائی شروع کی ہے۔میونسپل کمشنر نے انتباہ دیا  ہےکہ بقایا جائداد مالکان نے اگر ٹیکس ادا نہیں کئے تو ان کی پانی کی سپلائی منقطع کردی جائے گی، پانی سپلائی منقطع کرنے کے بعد اگر بقایاداروں نے ٹیکس ادا کئے بنا ہی نل کنکشن جوڑ لیاتو ان کے خلاف مالی فریب دہی کا مقدمہ درج کرایا جائے گا۔میونسپل کارپوریشن کی اس جارحانہ مہم سے پراپرٹی ٹیکس کے بقایاداروں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: تمام کھلی جگہیں ڈیولپرس کو دی جائیں گی توایتھلیٹ کہاں ٹریننگ کریں گے؟ ہائی کورٹ

واضح ہوکہ اسمبلی انتخابات کے سبب ضابطہ اخلاق نافذ ہونے اورمیونسپل افسران و ملازمین کے مصروف ہونے کے باعث ٹیکس کی وصولی مہم بند ہوگئی تھی۔مالی بحران کا سامنا کرنے والی بھیونڈی میونسپل کارپوریشن نے انتخابات سے فرصت ملتے ہی ایک مرتبہ پھر ٹیکس وصول کرنے کی مہم زورو شور سے شروع کردی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: مالیگاؤں کے رائے دہندگان صنعتی، تعلیمی اور معاشرتی ترقی کے منتظر

محکمہ ٹیکس کے ڈپٹی میونسپل کمشنر شیلیش ڈوندے ٹیکس وصولی ٹیم کے ساتھ خودبقایا پراپرٹی ٹیکس مالکان سے مل کر انہیں بقایا ٹیکس کی فوری ادائیگی کیلئے کوشش کررہے ہیں۔ کارپوریشن کے عوامی رابطہ افسر سری کانت پردیشی نے بتایا کہ  ۲۶؍ نومبر سے ۴؍ دسمبر تک کُل ۸۳؍ بڑے بقایاداروں کی جائیدادوں کیخلاف ضبطی کی کارروائی کی گئی ہے۔ ان میں سے ۲۸؍ جائیدادوں کے مالکان سے ۴۹ء۵۸؍ لاکھ روپے کی وصولی کی گئی ہے۔ باقی ۵۵؍ جائیدادوں کے مالکان نے پراپرٹی ٹیکس کی بقایا رقم جمع نہیں کرائی۔ ایسے پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کی واٹر سپلائی منقطع کر دی جائے گی اور ان کی جائیدادوں کی نیلامی کے لئے کارروائی کی جائے گی۔ میونسپل کمشنر اجے ویدیہ نے پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ غیر قانونی طور پر نلوں کو جوڑنے کی کوشش کرتے ہیں تو متعلقہ پراپرٹی مالکان کے خلاف مالی فریب دہی  کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK