Updated: January 31, 2025, 6:08 PM IST
| Bhopal
بھوپال کی ایک کمپنی پر ای ڈی کے چھاپے کے بعد کمپنی کی ڈائریکٹر کے زہر پینے کی اطلاع ملی ہے۔ ۳۱؍ سالہ کمپنی ڈائریکٹر پائل مودی نے ای ڈی کے چھاپے کے اگلے دن زہر کھا کر خودکشی کی کوشش کی۔ ان کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جبکہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
جے شری گایتری فوڈ پروڈکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ۔ تصویر: آئی این این۔
ایک کمپنی پر ای ڈی کے چھاپے کے بعد کمپنی کی ڈائریکٹر کے زہر پینے کی اطلاع ملی ہے۔ یہ واقعہ بدھ کو اس وقت سامنے آیا جب ای ڈی نے کمپنی سے منسلک مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ اس کے بعد ای ڈی نے کمپنی کے اثاثوں کو ضبط کر لیا۔ ۳۱؍ سالہ کمپنی ڈائریکٹر نے ای ڈی کے چھاپے کے اگلے دن زہر کھا کر خودکشی کی کوشش کی، جس سے انڈسٹری میں ہلچل مچ گئی۔ پولیس فی الحال واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ بھوپال میں جے شری گایتری فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ کی ڈائریکٹر پائل مودی نے زہر کھا لیا اور اس وقت بھوپال کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کے شوہر کشن مودی کمپنی کے مالک ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ’’۲۰۲۰ء دہلی‘‘ کی ریلیز، دہلی ہائی کورٹ نے شرجیل امام کی عرضی پرمرکز اور سینسر بورڈ سے جواب طلب کیا
یہ واقعہ بدھ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی طرف سے جے شری گایتری فوڈ پروڈکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے مختلف مقامات پر چھاپوں کے بعد پیش آیا۔ یہ چھاپے مدھیہ پردیش کے بھوپال، سیہور اور مورینا اضلاع میں مارے گئے۔ خیال کیاجا رہا ہے کہ مودی نے ای ڈی کے چھاپوں کے بعد گرفتاری کے ڈر سے زہر کھا لیا تھا۔ بدھ کے چھاپوں میں، ای ڈی نے کل۶۶؍ کروڑ روپے کے بے حساب اثاثوں کا پردہ فاش کیا جو مختلف کمپنیوں اور کنبہ کے افراد کے ناموں سے رجسٹرڈ ہیں۔ ایجنسی نے پائل مودی کے خاندان سے منسلک ۲۵؍لاکھ روپے نقد اور لگژری گاڑیاں بھی دریافت کیں جن میں ایک بی ایم ڈبلیواور ایک فارچیونر بھی شامل ہے۔ ان گاڑیوں کو ضبط کر لیا گیا ہے۔ مزید برآں، ای ڈی نے خاندان سے تعلق رکھنے والے فکسڈ ڈپازٹس میں رکھے۶ء۲۶؍ کروڑ روپے کو منجمد کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’میں اپنی جان دے سکتا ہوں مگر بی جے پی سے ہاتھ نہیں ملا سکتا ‘‘
ای ڈی نے الزام لگایا کہ جے شری گایتری فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ نے ملاوٹ شدہ دودھ کی مصنوعات برآمد کرنے کیلئے مختلف جعلی سرٹیفکیٹس کا استعمال کیا۔ ای ڈی کے دعوے کے مطابق یہ سرٹیفکیٹ اصل میں دوسری کمپنیوں کو جاری کئے گئے تھے یا غیر قانونی ذرائع سے حاصل کئے گئے تھے۔ مزید برآں ای ڈی نے غیر منقولہ جائیداد اور دیگر اثاثوں سے متعلق دستاویزات ضبط کرلئے ہیں جن کی رقم۶۶؍ کروڑ روپے ہے جو مختلف کمپنیوں اور کشن مودی کے خاندان کے افراد کے نام پر رکھی گئی ہے۔