Updated: February 16, 2025, 6:00 PM IST
| Washington
بل گیٹس کا کہنا ہے کہ ایلون مسک کو دیگر ممالک کی سیاست میں دخل اندازی نہیں کرنا چاہئے، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسک کو عوام کو یہ نہیں بتانا چاہئے کہ وہ کس کو ووٹ دیں، حالیہ ہفتوں میں مسک نے جرمنی کے انتخابات سمیت یورپ کی سیاست پر تبصرہ کیا تھا۔
بل گیٹس ( بائیں) ایلون مسک ( دائیں)۔ تصویر: آئی این این
بل گیٹس نے سنیچر کو شائع ہونے والے برطانیہ کے اخبار’’ دی ٹائمز‘‘ کو دئے ایک انٹر وویو میں کہا کہ’’ یہ واقعی پاگل پن ہے کہ مسک کو دیگر ملکوں میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی اجازت دی جائے۔‘‘ مسک حالیہ ہفتوں میں برطانیہ اور جرمنی کی سیاست پر اپنے خیالات پر زور دے رہے تھے۔ مسک نےاس ماہ کے شروع میں، برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا، ان کا الزام تھا کہ ۲۰۰۸ء سے ۲۰۱۳ء تک برطانیہ کے چیف پراسیکیوٹر کے طور پرانہوں نے لڑکیوں کی جنسی زیادتی روکنے کیلئے ناکافی اقدام کئے۔اس کے علاوہ سنیچر کو مسک نے جرمنی کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت کی ورچول انتخابی ریلی میں متبادل حکومت کے تعلق سےبات کی تھی۔ جبکہ جرمنی میں فروری میں قومی انتخابات ہونے والے ہیں۔دسمبر میں، مسک نے جرمنی کے ایک ممتاز اخبار ویلٹ ام سونٹاگ کیلئے ایک انتخابی اشتہار میں کہا تھا کہ’’ اے ایف ڈی اس ملک کیلئے امید کی آخری شمع ہے۔‘‘ انہوں نے پارٹی کی ’’کنٹرولڈ امیگریشن پالیسی‘‘ کی بھی تعریف کی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ: قید سے رہا ہوئےفلسطینیوں نے صیہونی نعروں والی اسرائیلی ٹی شرٹ کو آگ لگا دی
بل گیٹس نے ان باتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ’’ میرے خیال میں امریکہ میں کوئی غیر ملکی انتخابی چندہ نہیں دے سکتا، ٹھیک اسی طرح دیگر ممالک بھی اسی پالیسی کو اپناتے ہیں، تاکہ کوئی امیر ترین شخص ان کے انتخابات کو متاثر نہ کر سکے۔ــ‘‘واضح رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ کی فتح کے بعد ایلون مسک طاقت کا دوسرا محور بن کر ابھرے ہیں۔انہوں نے ٹرمپ کی انتخابی مہم میں ۲۷۷؍ ملین ڈالر خرچ کئے تھے۔ اب وہ اس کی قیمت وصول رہے ہیں۔ وہ خود کو ٹرمپ کا معتمد خاص بلاتے ہیں۔ ساتھ عالمی لیڈروں کو ٹرمپ کے ساتھ فون بھی کرتے ہیں۔ جیسے کہ ترکی کے صدر طیب اردگان کو۔ مسک ٹرمپ کے نئے محکمہ برائے حکومتی کارکردگی کی بھی قیادت کر رہے ہیں، جس کا کام سرکاری اخراجات میں کمی اور اضافی اصول و ضوابط کو ختم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ہم ایکس اور ٹک ٹاک کو اپنی جمہوریت تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے: جرمن صدر
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ مسک نے کسی غیر ملکی سیاسی جماعت کو چندہ دیا ہے یا نہیں۔ جبکہ گزشتہ مہینے برطانیہ کی انتہائی دائیں بازو کی سیاسی پارٹی کے لیڈر نے کہا تھا کہ مسک ان کی پارٹی کو چندہ دینے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔بل گیٹس نے کہا کہ مسک کو اس قسم کے سیاسی اعلانات نہیں کرنے چاہئے۔بل گیٹس نے کہا کہ آپ کو کسی ملک کے حالات کی چند چیزوں پر توجہ مرکوزکرنی چاہئے،آپ جس کیلئے فکر مند ہیں، نہ کہ عوام کو بتائیں کہ وہ کسے ووٹ دیں۔اگر کوئی بہت ذہین ہے تو اسے سوچنا چاہئے کہ وہ کس طرح عوام کو استفادہ پہنچا سکتا ہے۔
یقینی طور پر، یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بل گیٹس نے مسک سے اختلاف کیا ہو۔۲۰۲۱ء میں ایک بوڈ کاسٹ میں بتایاتھا کہ وہ خلائی سفر میں دلچسپی نہیں رکھتے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ خلا کا ٹکٹ خریدنے کے بجائے اپنا پیسہ ویکسین پر خرچ کرنا پسند کریں گے۔واضح رہے کہ ایلون مسک ایک راکٹ کمپنی’’ اسپیس ایکس ‘‘کے بانی اور سی ای او ہیں۔