Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

بولیویا :مقامی زمین پرقبضہ کی کوشش پرافسانوی ملک ’’کیلاسا‘‘ کے ارکان ملک بدر

Updated: March 26, 2025, 6:31 PM IST | La Paz

بولیویا نے خیالی ملک کیلاسا کے اراکین کو مقامی زمینوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کے الزام میں ملک بدر کر دیا۔ ایک اخباری تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ تین مقامی گروہوں نے مبلغ نتیہ نند کے `ملک کے ساتھ زمینی لیز معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

Self-proclaimed Swami and Kailasa member Girjananda. Photo: X
خود ساختہ سوامی اور کیلاسا کا رکن گرجا نند۔ تصویر: ایکس

بولیویا نے منگل کو کہا کہ اس نے مبلغ  نتیہ نندا کے قائم کردہ خیالی ملک کیلاسا کے۲۰؍ اراکین کو مقامی سماج کی زمینوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کے الزام میں ملک بدر کر دیا ہے۔  بولیویا کے امیگریشن ڈائریکٹر کیتھرین کالڈرون نے ایک پریس کانفرنس میں کہا، کہ ’’اس گروہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو لازمی طور پر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ وہ اب ہمارے قومی علاقے میں موجود نہیں ہیں۔‘‘  کالڈرون نے مزید کہا کہ یہ کارروائی گزشتہ ہفتے کے آخر میں کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ سوامی نتیہ نند، جو ہندوستان میں عصمت دری کے الزامات کا سامنا کر چکا ہے، نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے’’ ریاستہائے متحدہ کیلاسا‘‘نامی ایک ملک قائم کیا ہے، جو مبینہ طور پر ایکویڈور کے ساحل کے قریب ایک جزیرے پر واقع ہے۔کالڈرون نے کہا، کہ ’’یہ گروہہمارے ملک میں آیا اور ہماری مقامی آبادی کی نیک نیتی اور ان کے حقوق کو مجروح کرنے کی کوشش کی، انہیں دھوکہ دے کر ان کی آبائی زمینوں کو استعمال کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی ۔‘‘   

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: جج نے فلسطین حامی کوریائی طالبہ کی جلا وطنی پرعارضی روک لگائی

یہ اخراج اس وقت عمل میں آیا جب بولیویا کے اخبار ایل دیبر کی۱۶؍ مارچ کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ تین مقامی گروہوں—باؤرے، کیوبابا، اور ایسے ایجا—نے ستمبر سے نومبر کے درمیان کیلاسا کے ساتھ تقریباً ۴؍ اعشاریہ ۸؍ لاکھ ہیکٹر سرکاری زمین کے لیز معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ ان معاہدوں کے مطابق، زمین کو ’’ہزار سال‘‘ تک استعمال کرنے کے بدلے میں سالانہ کرایہ ادا کیا جائے گا۔ الزامات کے سامنے آنے کے بعد، ایک اور خبری ادارے لا ریپبلکا نے بولیویا کے وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ کیلاسا کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم نہیں کیا گیا ہے۔ وزارت نے مزید کہا کہ اگرچہ مقامی سماج اپنی زمینوں کا انتظام کر سکتا ہے، لیکن دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات قومی حکومت کی خصوصی ذمہ داری ہے۔ لا ریپبلکا نے دیہاتی ترقی اور زمینوں کے وزیر یامل فلوریس کے حوالے سے کہا، کہ ’’حکومت نے کبھی بھی اس قسم کے خفیہ معاہدوں کی توثیق نہیں کی، اور نہ ہی کبھی کرے گی۔‘‘
فلوریس نے کہا کہ مقامی لیڈروں اور خیالی ملک کے نمائندوں کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کی تحقیقات کی جا رہی ہے، اور ان جرائم کی سزا کیلئے کارروائی کی جا رہی ہے۔ منگل کو، کالڈرون نے کہا کہ ملک بدر کیے گئے افراد میں سے تین کو ایگزالٹیشن بلدیہ میں پایا گیا اور انہیں سانتا کروز کے ویرو ویرو ہوائی اڈے پر بھیج دیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ باقی۱۷؍ افراد سانتا کروز میں پائے گئے اور انہیں ملک بدر کئے جانے کی اطلاع دے دی گئی۔  

یہ بھی پڑھئے: ریاض میں روس اور امریکہ کے درمیان مذاکرات، تنازع کے تصفیہ کی امید

دراصل سوامی نتیہ نند ہندوستان میں عصمت دری اور بچوں کو غیر قانونی طور پر قید کرنے کے الزام کا سامنا کر رہا تھا۔۲۰۱۹ء میں اس کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا گیا تھا۔اور اس کے نئے پاسپورٹ کیلئے درخواست کو بھی مسترد کر دیا تھا۔ اس پر بچوں کو اغوا کرنے اور انہیں اپنے آشرم کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے میں استعمال کرنے کے الزامات ہیں۔ 
دسمبر۲۰۲۳ء میں، پیراگوئے کے ایک اہلکار نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جب انہیں پتہ چلا کہ انہوں نے کیلاسا کے ساتھ تعاون کے ایک یادداشت پر دستخط کیے تھے۔ پیراگوئے کی وزارت زراعت کے چیف آف اسٹاف ارنالڈو چامورو نے صحافیوں کو بتایا کہ انہیں ان لوگوں نے دھوکہ دیا تھا جو خود کو ریاستہائے متحدہ کیلاسا کے اہلکار بتاتے تھے، جس کے بارے میں انہوں نے کہا تھا کہ یہ جنوبی امریکہ کے ایک جزیرے پر واقع ملک ہے۔جنوری ۲۰۲۳ء میں، امریکہ کے شہر نیوآرک کو بھی اس خیالی ملک کے ساتھ ایک معاہدہ پر دستخط کرنے میں دھوکہ دیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK