• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

کنیڈا: ٹورنٹو فلمی میلے کی افتتاحی تقریب میں فلسطین حامی مظاہرین کی نعرے بازی

Updated: September 06, 2024, 10:08 PM IST | Ottawa

کنیڈا میں منعقد ہونے والے’’ٹورنٹو فلم فیسٹیول‘‘ کا آغاز جمعرات کو ہوا۔ دس دن چلنے والے اس میلے میں نمائش کیلئے ۲۷۸؍ فلمیں پیش کی جائیں گی۔ اس تقریب کے افتتاح کے موقع پر فلسطین حامی مظاہرین نے فلسطین کے حق میں نعرے لگائے جس کے بعد انہیں تھیٹر سے باہر لے جایا گیا۔

Prime Minister of Canada speaking at the opening ceremony of the Toronto Film Festival. Photo: PTI
کنیڈا کے وزیر اعظم ٹورنٹوفلمی میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

کنیڈا کےمشہور فلمی میلے ٹورنٹو فلم فیسٹیول کا آغاز جمعرات کو بین اسٹیلر کی فلم ’’ نٹ کریکر‘‘ کی نمائش کے ساتھ ہوا۔ لیکن افتتاحی تقریب کے آغاز میں ہی فلسطین حامی مظاہرین نے پرنس ویلس تھیٹر میں رائل بینک آف کنیڈا کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ رائل بینک آف کنیڈا ہی اس فلمی میلے کا اسپانسر  ہے جس نے اسرائیل سے وابسطہ فرموں میں سرمایہ کاری کی ہے، جبکہ غزہ جنگ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھئے: مغربی کنارہ میں اسرائیلی حملوں میں۶؍فلسطینی شہید، ۵؍زخمی

حفاظتی دستوں نے چاروں مظاہرین کو باہر نکال دیا اس دوران اس میلے کے روح رواں کیمرون بیلی نے اپنا تعارف جاری رکھا۔حالانکہ اس واقعہ پرشائقین نے اپنی سخت بد مزگی کا اظہارکیا۔ سات سالوں میں پہلی بار اسٹیلر کی کوئی فلم نمائش کیلئے پیش کی گئی تھی۔۱۰؍ دن جاری رہنےوالا یہ ٹورنٹو عالمی فلمی میلہ اپنے ادب پارے اور مسحورکن آسکر انعام یافتہ فلموں کی نمائش کیلئے مشہور ہے۔ گزشتہ سال اداکاروں اور مصنفین کی ہڑتال کے سبب اعلیٰ صلاحیتیں اپنی تشہیر سے باز رہیں۔لیکن امسال جنیفر لوپیز، انجلینا جولی، ایلٹن جان، بروس اسپرنگسٹن، سلمیٰ ہائیک، کیٹ بلانشیٹ اور نکول کڈمین جیسے بڑے ستارے اپنے نئے منصوبے کی نقاب کشائی کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: کینیا: بورڈنگ اسکول میں آتشزدگی ، ۱۷؍ طلبہ ہلاک، ۱۳؍ شدید زخمی

بیلی نے اپنی تقریر میں ٹورنٹو کے فلمی شائقین کی بھی تعریف کی ساتھ ہی کہا کہ اس میلے کے انعقاد کے سبب یہ شوق دیوانگی کی حد کو پہنچ چکا ہے۔شائقین نے بھی اسٹیلر کا گرم جوشی سے خیر مقدم کیا، جنہوں نے ہدایتکار ڈیوڈ گورڈن گرین کے ساتھ اپنی فلم    ’’ نٹ کریکر ‘‘ کو متعارف کرایا۔
یہ مزاحیہ فلم شکاگو کے ایک ڈیولپر کی کہانی ہے جو اپنی بہن کے انتقال کے بعد اپنے تین بھتیجوں کی پرورش کرتا ہے۔ اس کے علاوہ اس فلمی میلے میں کل ۲۷۸؍ فلموں کی نمائش کی جائے گی۔جس میں ’’ دی وائلڈ روبوٹ‘‘،’’ماریا‘‘، ’’ ودائوٹ بلڈ‘‘ جیسی اہم فلمیں شامل ہیں۔اس کے علاوہ اینڈریا بوسیلی، روبی ولیمز، پال انکا، اور گلوکار، پروڈیوسر اور فیشن ڈیزائنر فیرل ولیمز بھی اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے بارے میں نئی ​​فلموں کی اسکریننگ میں نظر آنے والے ہیں۔ یہ میلہ جمعرات سے ۱۵؍ ستمبر تک چلے گا۔آخری دن عوام کے ووٹ کے ذریعے منتخب کیا جانے والا ’’ پیپلز چوائس ایوارڈ‘‘ دیا جائے گا۔اس ایوارڈ کیلئے اکیڈمی ایوارڈ یافتہ فلم جیسے ’’ نو میڈ لینڈ‘‘اور’’ گرین بک ‘‘ کو دعویدار سمجھا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK